بدھ : 10 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار کی فوج کے خلاف پابندی عائد کرنے پر یورپی یونین کا غوروخوض[/pullquote]

امریکا اور اقوام متحدہ نے میانمار کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کے پارٹی دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے اس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرین پر ہونے والے تشدد کی سخت الفاظ میں بھی مذمت کی گئی ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے کے ایک بیان کے مطاق ہر شخص کو اظہار رائے اور پر امن اجتماع کا حق حاصل ہے۔ اس بیان میں فوج کو اقتدار سے دستبردار ہونے، جمہوری طور پر منتخب حکومت کو بحال کرنے، نظر بند افراد کو رہا کرنے، ٹیلی مواصلات کی تمام پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ دریں اثناء یورپی یونین کی خارجی امور کے سربراہ نے کہا ہے کہ یونین میانمار کی فوج کے خلاف پابندی عائد کرنے جیسے تمام پہلوؤں پر غور کر رہی ہے۔

[pullquote]چین میں بچوں کی پیدائش کی شرح میں 15 فیصد کمی[/pullquote]

عوامی جمہوریہ چین کی وزارت عوامی تحفظ کی ایک رپورٹ کے مطابق سن 2020 میں پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد اس سے پچھلے برس کے مقابلے میں پندرہ فیصد کم رہی۔ اس کی وجہ کورونا وائرس کی وبا اور اس سے پیدا ہونے والی صورت حال بتائی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لوگ اقتصادی عدم استحکام کے خدشے سے خاندانی منصوبہ بندی سے پہلے کافی غور و خوض کر رہے ہیں۔ چین میں شادیوں کی شرح میں بھی کمی آئی ہے جب کہ طلاق کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ شادیاں بالعموم زیادہ عمر میں ہو رہی ہیں جبکہ بیشتر جوڑے کافی تاخیر سے خاندان میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔

[pullquote]روس میں ناوالنی کے ایک ساتھی کی تلاش میں گرفتاری کا وارنٹ جاری[/pullquote]

روسی استغاثہ نے حزب اختلاف کے سیاستدان الیکسی ناوالنی کے ایک ساتھی کے بین الاقوامی گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق لیونڈ وُلکوف کی گرفتاری کا حکم جاری کیا گیا ہے، جو اس وقت بیرون ملک ہیں۔ وُلکوف نے اپنے ہم وطنوں سے ویلنٹائنز ڈے کے موقع پر اپنے موبائل فون کی ٹارچ لائٹس کو آن کر کے ان کی تصاویر کو سوشل میڈیا پر پھیلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ پچھلے ہفتے ہزاروں افراد ناوالنی کی قید کے خلاف مظاہرہ کرنے سڑکوں پر نکلے تھے۔

[pullquote]شمالی افریقہ کی معاشی ترقی کے لیے مزید کوششوں کی ضرورت ہے: جرمن وزیر[/pullquote]

جرمنی کے وزیر ترقیاتی امور گیرڈ میولر جنوبی بحیرہ روم میں معاشی ترقی کے لیے یورپی یونین کے نئے ایجنڈے کی حمایت کر دی ہے۔ سی ایس یو کے سیاستدان نے کہا کہ اب اس حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانا ہو گا۔ کورونا وبائی مرض اب متعدد وبائی امراض کا سبب بن گیا ہے اور اس کے گہرے معاشرتی اور اقتصادی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ جرمن وزیر کا اشارہ یورپی یونین کے اُس منصوبے کی طرف تھا جس کے تحت اگلے سات سالوں میں جنوبی پڑوسی ممالک تیونس، لیبیا ، مراکش اور مصر میں سات ارب یورو کے لگ بھگ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔

[pullquote]فلسطین میں 15 سال میں پہلے انتخابات[/pullquote]

فلسطینی گروپوں حماس اور فتح نے 2006 ء سے اب تک فلسطینی علاقوں میں پہلے انتخابات کے نظام الاوقات اور طریقہ کار پر اتفاق کیا ہے۔ اس کا اعلان دونوں فریقین نے قاہرہ منعقدہ دو روزہ مذاکرات کے بعد کیا۔ اس معاہدے کے ساتھ ہی دونوں گروپوں نے انتخابات کے نتائج کا ’’احترام اور انہیں قبول‘‘ کرنے کےعزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ مجوزہ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات رواں برس بالترتیب 22 مئی اور 31 جولائی کو طے پائے ہیں، جن کے تحت یروشلم ، مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں ووٹنگ ہو گی ۔ معاہدے میں تمام سیاسی قیدیوں کی لازمی رہائی کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

[pullquote]برطانیہ میں نئے کورونا انفیکشن پر سائنسدانوں کی تشویش[/pullquote]

برطانوی سائنس دانوں نے کورونا وائرس کی نئی قسم B.1.1.7 کی ایک تبدیل شدہ شکل کو ’’تشویشناک‘‘ قرار دے دیا ہے۔ تبدیل شدہ یہ وائرس اضافی ’میوٹیشن‘ کی نشاندہی کر رہا ہے، جو جنوبی افریقہ اور برازیل میں پایا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ تغیر شدہ انفیکشن یا وائرس ویکسینیشن کے باوجود انسانوں کے وائرس کے خلاف کمزور مدافعتی رد عمل کا ذمہ دار ہے۔ E484K نامی وائرس کی یہ شکل اب تک برطانیہ میں نہیں دیکھی گئی تھی۔ کورونا کی یہ تبدیل شدہ قسم دوسری اقسام کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

[pullquote]ترکی سن 2023 میں ملک میں چاند پر قدم رکھے گا[/pullquote]

صدر رجب طیب ایردوآن نے اعلان کیا ہے کہ ترکی ملک میں جمہوریت کے ایک سو برس مکمل ہونے پر چاند پر قدم رکھے گا۔ ایردوآن نے منگل کے روز دس سالہ قومی خلائی پروگرام کا اعلان کیا، جس میں ترک خلاء بازوں کو چاند پر بھیجنے اور ایک خلائی اسٹیشن کا قیام شامل ہے۔ ایردوآن نے کہا کہ سن 2023 کے اواخر تک پوری دنیا بین الاقوامی تعاون سے ترکی میں مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ راکٹ کی چاند پر آمد کا نظارہ کرے گی۔ انہوں نےمزید کہا کہ یہ سفر کوئی سیاحتی نوعیت کا نہیں بلکہ اس سفر کے ذریعے وہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک نئی سائنسی راہ ہموار کریں گے۔

[pullquote]ٹرمپ کے خلاف مواخذے کا عمل آئینی ہونے کے سبب جاری رہے گا[/pullquote]

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی دوسری کارروائی سینیٹ کے فیصلے کے بعد جاری رہے گی۔ ووٹ میں 100 امریکی سینیٹرز میں سے 56 نے اس عمل کے آئینی ہونے کے حق میں ووٹ دیا۔ ٹرمپ کے وکلا کا استدلال ہے کہ یہ عمل غیر آئینی ہے کیونکہ ٹرمپ اب عہدے پر فائز نہیں ہیں اس لیے ان کے ساتھ ایک عام شہری جیسا سلوک کیا جانا چاہیے۔ ڈیموکریٹس نے البتہ اصرار کیا ہے کہ سابق ​​صدور کو بھی اپنے عہدے میں ہونے والے اقدامات کے لیے جوابدہ ہونا چاہیے۔ ٹرمپ پر الزام عائد ہے کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو دارالحکومت واشنگٹن کے کیپیٹل ہل میں جنوری میں ہنگامہ آرائی پر اکسایا تھا۔

[pullquote]امسالہ آسکر انعامات کی تقسیم میں دو جرمن فنکاروں کی کامیابی کی امید[/pullquote]

جرمنی کے دو فنکار اس سال آسکر ایوارڈ کی ایک اور رکاوٹ دور کرتے ہوئے کامیابی سے قریب تر ہو گئے ہیں۔ فلمساز ماکس لنگ نے ٹرک فلم ’’دی سنیل اینڈ وہیل‘‘ کے ساتھ ’’ اینیمیٹیڈ شارٹ فلم‘‘ کے زمرے میں ہونے والی شارٹ لسٹ میں جگہ بنا لی ہے۔ جبکہ فلم میوزک کے زمرے میں جرمن موسیقار ہاؤشکا نے لو ڈرامہ ’’امونائٹ‘‘ کی موسیقی سے یہ کامیابی حاصل کی۔ ’بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں تاہم جرمن ہدایتکارہ جولیا فون ہائینز کی یہ فلم پیشگی چناؤ کے مرحلے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ اس سال کے آسکر ایوارڈز کی حتمی نامزدگیوں کا اعلان 15 مارچ کو کیا جائے گا۔

[pullquote]میرکل کورونا لاک ڈاؤن کو یکم مارچ تک بڑھانا چاہتی ہیں[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کورونا لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع چاہتی ہیں۔ اس بارے میں انگیلا میرکل نے حکمران جماعت کے پارلیمانی گروپ کے ساتھ ایک آن لائن اجلاس میں بات چیت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق چانسلر انگیلا میرکل نے یکم مارچ تک کورونا پابندیوں میں کسی قسم کی نرمی کا عندیہ نہیں دیا۔ انفیکشن کی تعداد کو اس وقت تک کم کرنا پڑے گا جب تک کہ برطانوی وائرس کی تبدیل شدہ اقسام کے پھیلاؤ پر پوری طرح قابو نہیں پا لیا جاتا۔ خدشہ ہے کہ جرمنی میں بھی کوورنا وائرس کی تبدیل شدہ نئی قسم پھیل سکتی ہے۔

[pullquote]انسانی حقوق کے کارکنوں کا مصر میں اقوام متحدہ کی مداخلت کا مطالبہ[/pullquote]

دنیا بھر سے 100 سے زیادہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے مصری صدر عبد الفتاح السیسی کی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف ایک انتباہی خط جاری کیا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ (ایچ آر ڈبلیو) کے ایک بیان کے مطابق انسانی حقوق کے کارکنان پوری دنیا کی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے میں مصر میں انسانی حقوق کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال پر نگرانی اور رپورٹنگ کا طریقہ کارمرتب کریں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا اجلاس فروری کے اواخر میں ہونا ہے۔

[pullquote]میانمار کی پولیس کا مظاہرین پر تشدد[/pullquote]

میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہیں۔ منگل کے روز پولیس نے پہلی بار ربڑ کی گولیوں اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔ ٹویٹر پر بے شمار زخمیوں کی تصاویر میں مظاہرین کا خون بہتا دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک نیوز پورٹل کی ایک رپورٹ کے مطابق پولیس افسران نے بھی بے تحاشہ فائرنگ کی ہے جبکہ درجنوں مظاہرین کو مبینہ طور پر گرفتار بھی کر لیا گیا۔ سکیورٹی فورسز نے حکومت کی سربراہ آنگ سان سوچی کے پارٹی ہیڈ کوارٹر کی تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس بارے میں اطلاعات پارٹی نے اپنے فیس بک پیج پر شائع کیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے