بدھ : 24 فروری 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]دہلی فسادات کے اصل ملزم اب بھی کیفر کردار تک نہیں پہنچے، رپورٹ[/pullquote]

دہلی فسادات کے ایک برس گزر جانے پر سول سوسائٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اصل ملزم اب بھی کیفر کردار تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔ سابق رکن پارلیمان برندا کرات نے دہلی فسادات کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ فسادات بھارت کی تاریخ پر بدنما داغ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فسادات حکمراں بی جے پی کے لیڈروں کی اشتعال انگیز تقریروں سے بھڑکے تھے لیکن ان لوگوں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ نئی دہلی گزشتہ برس 23 فروری سے پانچ روز تک فسادات کی لپیٹ میں رہا تھا جن میں کم از کم 54 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔

[pullquote]چین: فوجی اہلکاروں کی تضحیک پر 6 افراد گرفتار[/pullquote]

بیجنگ: چین نے فوجی اہلکاروں کی تضحیک پر 6 افراد کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین نے بھارت کے ساتھ سرحد پر جھڑپ میں مرنے والے 4 فوجیوں کی تضحیک پر 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی میڈیا کا کہناہے کہ ان افراد کو ’شہید‘ قرار دیے جانے والے فوجیوں کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔

[pullquote]ایکواڈور کی تین جیلوں میں فسادات، 75 قیدی ہلاک[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کی تین جیلوں میں ہونے والے فسادات کے نتیجے میں کم از کم 75 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ تین مختلف جیلوں میں مخالف گروہوں کے درمیان فسادات ہوئے جس کے باعث درجنوں افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔مقامی میڈیا کے مطابق قیدیوں کو فائرنگ کر کے اور چاقوؤں کی مدد سے ہلاک کیا گیا، فسادات میں 75 قیدیوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں ایک ویگن میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی حصے میں ایک ویگن میں آگ لگنے کے سبب ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ صوبہ ارزوگان کی پولیس کے مطابق یہ خاندان ایک شادی سے واپس آ رہا تھا کہ دریائے ہیلمند ميں سے گزرتے ہوئے ان کی گاڑی پانی میں پھنس گئی۔ پانی کے تیز بہاؤ کے سبب یہ لوگ باہر نہ نکل سکے اور انجن میں پانی جانے کی وجہ سے اس میں دھماکا ہوا اور ویگن میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے اس میں سوار تمام افراد مارے گئے۔

[pullquote]جرمن عدالت نے داعش سے تعلق کے الزام میں سابق امام مسجد کو سزا سنا دی[/pullquote]

ایک جرمن عدالت نے ایک مسجد کے سابق امام کو دہشت گرد گروپ داعش سے تعلق کے الزام میں ساڑھے دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔ احمد عبدالعزیز عبداللہ پر، جسے ابو اعلیٰ کے نام سے بھی جانا جاتا تھا، ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم سے تعلق، دہشت گردی کے لیے مالی معاونت اور تشدد کے ایک واقعے میں کردار ادا کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ عدالت نے ابو اعلیٰ کو جرمنی کے شمالی اور مغربی حصوں میں نوجوانوں میں شدت پسندی پیدا کرنے اور انہیں داعش کے کنٹرول والے علاقوں میں بھیجنے کا بھی ذمہ دار پایا۔ 37 سالہ اس عراقی شہری کے خلاف مقدمہ 2017ء میں شروع ہوا تھا۔

[pullquote]جرمنی، فرانس اور برطانوی وزرائے خارجہ کا ایران کو انتباہ[/pullquote]

ایران جوہری توانائی سے متعلق بین الاقوامی ایجنسی کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائے اور ایسے تمام اقدامات سے باز رہے جو اس کے جوہری پروگرام سے متعلق شفافیت میں کمی لا سکتے ہیں۔ یہ بات جرمنی، فرانس اور برطانوی وزرائے خارجہ نے کہی ہے۔ خیال رہے کہ ایران نے اقوام متحدہ کے جوہری توانائی کے نگراں ادارے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کی اپنے جوہری مراکز تک رسائی محدود کر دی ہے۔ 2018ء میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایرانی جوہری معاہدے سے الگ ہونے کے بعد سے یہ معاہدہ غیر یقینی صورتحال سے دو چار ہے۔

[pullquote]بائیڈن اور الکاظمی کی امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملوں کے بارے میں بات چیت[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن اور عراقی وزیر اعظم مصطفیٰ الکاظمی نے بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملے سے متعلق بات چیت کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ان حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔ بیان کے مطابق صدر بائیڈن نے عراق کی خود مختاری اور آزادی کے لیے امریکی مدد کے عزم کا اعادہ کیا اور وزیر اعظم الکاظمی کی لیڈرشپ کو سراہا۔ پیر کے روز بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے علاقے میں موجود امریکی سفارت خانے پر کم از کم تین راکٹ داغے گئے تھے تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

[pullquote]ايکواڈور کی جیلوں میں تشدد کے واقعات میں کم از کم 60 ہلاکتیں[/pullquote]

ایکواڈور کی تین جیلوں میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے نتیجے میں کم از کم ساٹھ قیدی ہلاک ہو گئے ہيں۔ ایکواڈور کی پولیس کے مطابق تین مختلف جیلوں میں فسادات پھوٹ پڑے جس کے نتیجے میں کم از کم 62 افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ پرتشدد واقعات جنوب مغربی بندر گاہی شہر گویاکوئل، کیونسا اور لاٹا کونگا کی جیلوں میں پیش آئے۔ ایکواڈور کے صدر نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ان واقعات کے پیچھے جرائم پیشہ تنظیموں کا ہاتھ ہے۔

[pullquote]جرمنی کورونا وبا کے تناظر لگائی گئی سخت سرحدی پابندیوں پر نظر ثانی کرے، فان ڈیئر لائن[/pullquote]

یورپی کمیشن کی سربراہ اُرزلا فان ڈیئر لائن نے جرمن حکومت سے کہا ہے کہ وہ کورونا وباء کے تناظر میں لگائی سخت سرحدی پابندیوں پر نظر ثانی کرے۔ فان ڈیئر لائن کے مطابق مکمل طور پر سرحدی بندش مسئلہ ہے، جس کی وجہ سے کسی ہمسایہ ملک کا سماجی انفراسٹرکچر مکمل طور پر تعطل کا شکار ہو سکتا ہے۔ رواں ہفتے یورپی سربراہی اجلاس ہو رہا ہے جس میں سرحدی بندشوں کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔

[pullquote]جرمنی میں 16 ٹن کوکین پکڑی گئی[/pullquote]

جرمن کسٹمز حکام نے 16 ٹن سے زائد کوکین پکڑ لی ہے۔ ہیمبرگ کی بندرگاہ پر پکڑی جانے والی یہ کوکین پیراگوئے سے آنے والے تجارتی کنٹینرز میں چھپائی گئی تھی۔ اسے یورپ کی تاریخ میں پکڑی جانے والی منشیات کی سب سے بڑی مقدار قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس کوکین کی کھلی مارکیٹ میں قیمت کئی بلین یورو بنتی ہے۔ منگل کے روز ایک 28 سالہ شخص کو اسی سلسلے میں حراست میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]امریکا میں مسافر طیاروں کے انجنز کے معائنے کا حکم[/pullquote]

امریکا میں شہری ہوا بازی کے نگراں وفاقی ادارے نے بوئنگ 777 طیاروں میں استعمال ہونے والے انجنز کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کا حکم دیا ہے۔ ایف اے اے کی طرف سے ملک کی تمام فضائی کمپنیوں سے کہا گیا ہے کہ جن طیاروں پر پریٹ اینڈ وٹنی انجز لگے ہیں، پرواز سے قبل ان کا اچھی طرح سے معائنہ کیا جائے۔ بیان کے مطابق گزشتہ سنیچر کو بوئنگ 200-777 کے طیارے کے ڈینور انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے پرواز کے فوراً بعد ہی اس کے انجن میں خرابی کا جو واقعہ پیش آیا، اسی کے تناظر میں ان اقدامات کا حکم دیا گیا ہے۔

[pullquote]کار حادثے میں زخمی ہونے والے گولف اسٹٓار ٹائیگر ووُڈز اب بہتر ہو رہے ہیں[/pullquote]

گولف کے عالمی شہرت یافتہ امریکی کھلاڑی ٹائیگر وُوڈز مختلف آپریشنز کے بعد اب رو بہ صحت ہیں۔ ان کے ٹوئیٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ان کی دائیں ٹانگ کے نچلے حصے میں متعدد فریکچر ہوئے اور اب ڈاکٹرز نے ان کی ٹانگ میں راڈ لگا دیا ہے۔ پیغام میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹائیگر ووڈز اب ہوش میں ہیں اور بہتر ہو رہے ہیں۔ ٹائیگر ووڈز کی گاڑی گزشتہ روز لاس اینجلس کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی تھی۔ وہ گاڑی میں اکیلے تھے اور حادثہ صرف انہی کی گاڑی کے ساتھ پیش آیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے