[pullquote]سعودی عرب نے امریکی الزامات ’مکمل طور پر رد‘ کردیے[/pullquote]
سعودی عرب نے خاشقجی قتل کیس میں امریکی انٹیلیجینس کے الزامات مکمل طور پر مسترد کر دیے ہیں۔ امریکی خفیہ اداروں کی رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا حکم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دیا تھا۔ جمعے کو سعودی وزارت خارجہ کے ایک بیان میں کہا گيا کہ ریاض حکومت نے اس معاملے میں، ’’تمام ضروری عدالتی اقدامات کیے ہیں۔‘‘ بیان کے مطابق، ’’سعودی عدالتوں نے ملزمان کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے انہیں سزائیں سنائیں اور خود جمال خاشقجی کے اہل خانہ نے ان سزاؤں کا خیر مقدم کیا تھا۔‘‘
[pullquote]کورونا، امریکی ایوان نمائندگان نے تاریخی پیکیج کی منظوری دے دی[/pullquote]
امریکی ایوان نمائندگان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے صدر جو بائیڈن کا 1.9 ٹریلیئن ڈالر کا امدادی پیکیج منظور کر لیا ہے۔ اس کے حق میں 219 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے۔ ریلیف پیکیج کا مقصد وبا کے باعث معاشی مشکلات شکار اور بیروزگار ہوجانے والے لوگوں کی مالی اعانت کرنا ہے۔ اس پیکج میں ملک بھر میں کم از کم اجرت پندرہ ڈالر فی گھنٹہ مقرر کرنے کی تجویز ہے، جس پر شدید سیاسی اختلاف ہے۔ یہ بل اب امریکی سینیٹ میں پیش کیا جائے گا، جہاں ڈیموکریٹس کی اکثریت نہ ہونے کے باعث اس کی منظوری میں مشکلات آ سکتی ہیں۔
[pullquote]جرمن شہریوں کی اکثریت ’کورونا پاسپورٹ‘ کی حامی، سروے[/pullquote]
جرمنی میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد کووڈ ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے ’کورونا پاسپورٹ‘ کے اجرا کی حمایت کرتی ہے۔ کورونا پاسپورٹ سے ایسے افراد کو سفر کرنے، جِم، تھیٹر یا پھر کھیلوں کی تقریبات میں جانے کی اجازت حاصل ہو سکے گی۔ ایک آن لائن سروے میں شامل دو ہزار سے زائد افراد میں سے سولہ فیصد نے اسرائیل کی طرح ایسے دستاویز کو فوری طور پر جاری کرنے کی حمایت کی جبکہ چوالیس فیصد افراد ویکسینیشن مہم مکمل ہونے تک انتظار کے حق میں ہیں۔ اسرائیل میں پچھلے اتوار کو ہی کووڈ ویکسین لگوانے والے افراد کے لیے ’گرین پاسپورٹ‘ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
[pullquote]میانمار میں مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن، ایک خاتون ہلاک[/pullquote]
میانمار کی پولیس نے فوجی بغاوت کی مخالفت میں ملک گیر احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق مظاہرین کے خلاف پولیس کارروائی میں ایک خاتون ہلاک اور درجنوں افراد زخمی ہوگئے۔ میانمار کے لیے اقوام متحدہ کے وفد نے عالمی ادارے سے فوجی بغاوت کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدامات لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ میانمار میں فوج جانب سے یکم فروری کو اقتدار پر قبضے کے بعد منتخب حکمران آنگ سان سوچی سمیت سیاسی قیادت کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔ اس کے بعد گزشتہ تین ہفتوں سے ملک کے مختلف شہروں میں فوج کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
[pullquote]نائیجیریا میں اسکول کی 317 بچیوں کو اغوا کر لیا گیا، پولیس[/pullquote]
شمالی مغربی نائیجیریا میں ایک اسکول کی تین سو سے زائد لڑکیوں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق جمعے کو ریاست زمفارا کے ایک سیکنڈری اسکول سے تین سو سترہ بچیوں کو اغوا کیا گیا۔ نائیجیریا کی فوج اور پولیس کی جانب سے مغوی بچیوں کی تلاش جاری ہے۔ حکام کے مطابق ان یرغمال بچیوں کو زندہ اور سلامت واپس لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ نائیجیریا میں گزشتہ دس دنوں کے دوران اسکول سے بڑی تعداد میں بچیوں کو اغوا کرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے سولہ فروری کو ایک اسکول سے اغوا کیے گئے بیالیس افراد کو آج ہی بازیاب کرایا گیا ہے۔ ان میں ستائیس بچے بھی شامل تھے۔
[pullquote]عراق میں حکومت مخالف مظاہرے، چار ہلاک[/pullquote]
عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں حکومت مخالف مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ سکیورٹی فورسز نے جمعے کے روز ہونے والے حکومت مخالف احتجاج پر قابو پانے کے لیے فائرنگ کی۔ ہسپتال کے ذرائع نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ بیشتر افراد گولیاں لگنے سے ہلاک ہوئے۔ اِن پُرتشدد مظاہروں کے دوران اب تک تقریبا 120مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے 57 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ مظاہرے حکومت کی خراب طرز حکمرانی کے خلاف ہو رہے ہیں۔
[pullquote]آک لینڈ میں سات روز کے لیے کورونا لاک ڈاؤن[/pullquote]
نیوزی لینڈ کے شہر آک لینڈ میں آئندہ سات روز تک کورونا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم جیسندا آرڈرن نے ملک کے سب سے بڑے شہر میں لاک ڈاؤن کا یہ اعلان مقامی سطح پر نئی قسم کے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے نتیجے میں کیا ہے۔ اس کے بعد اب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ آک لینڈ سے ویلنگٹن منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دونوں ٹیمیں آئندہ جمعے کو اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر یہ میچ کھیلیں گی۔ پانچ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو آسٹریلیا پر دو صفر کی برتری حاصل ہے۔
[pullquote]شام میں امریکی حملے غیر قانونی ہیں، ایران[/pullquote]
ایران نے مشرقی شام میں امریکی فضائی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں غیر قانونی قرار دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حملے بین الاقوامی قوانین اور شام کی علاقائی خودمختاری کے خلاف ہیں۔ امریکا کی جانب سے حال ہی میں مشرقی شام میں ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا گروہوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے گئے ہیں۔ اس کارروائی میں بائیس شدت پسند ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائی عراق میں امریکی فوج اور اس کے اتحادیوں کے خلاف حملوں کا جواب ہے۔ جو بائیڈن کی جانب سے امریکی صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد وہاں امریکا کی پہلی بڑی فوجی کارروائی ہے۔
[pullquote]ہیٹی میں سینکڑوں قیدی جیل سے فرار ہوگئے[/pullquote]
کیریبئن میں واقع ملک ہیٹی میں دو سو سے زائد قیدی جیل توڑ کر فرار ہوگئے۔ یہ جیل دارالحکومت پورٹ او پرنس سے شمال مشرق میں واقع ہے۔ فرار ہونے والے قیدیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک پچیس لوگ ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں کئی قیدیوں سمیت جیل کے ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔ فرار ہونے والوں میں ملک کا انتہائی مطلوب ایک گینگ لیڈر بھی شامل تھا۔ اطلاعات ہیں کہ وہ پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔
[pullquote]خاشقجی کے قتل کی منظوری سعودی ولی عہد نے دی، امریکا[/pullquote]
امریکی خفیہ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صحافی جمال خاشقجی کی گرفتاری اور قتل کے لیے ذاتی طور پر منظوری دی تھی۔ اس بات کا انکشاف امریکی انٹیلیجنس کی کوآرڈینیٹر ایورل ہینس کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں کیا گیا۔ اس کے نتیجے میں امریکا نے سعودی عرب کے 76 شہریوں پر پابندیاں بھی عائد کردی ہیں کیونکہ خدشہ ہے کہ یہ افراد ’بیرون ملک مقیم شہریوں کے لیے خطرہ‘ ثابت ہو سکتے ہیں۔ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سن 2018 میں استنبول میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے اندر قتل کیا گیا تھا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو[/pullquote]