منگل : 09 مارچ 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]میانمار میں فوجی بغاوت کے مخالف مظاہرین کو پکڑنے کے لیے گھر گھر تلاشی[/pullquote]

میانمار میں فوج نے میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ ملک بھر میں درجنوں صحافی پہلے ہی زیر حراست ہیں۔ آج منگل کے روز ینگون شہر کے ایک علاقے میں مقامی باشندوں نے اس وقت جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، جب سکیورٹی فورسز نے فوجی بغاوت کے مخالف مظاہرین کے گھروں میں گھس کر ایک ایک کمرے کی تلاشی لینا شروع کر دی۔ یہ کارروائی خاص طور پر ان گھروں میں کی گئی جہاں زیر حراست سیاسی رہنما آنگ سان سوچی کی پارٹی کے جھنڈے لہرا رہے تھے۔ کل پیر کے دن حکومت نے ملک میں جاری مظاہروں اور پرتشدد واقعات کی کوریج کرنے والے پانچ میڈیا ہاؤسز کے لائسنس بھی منسوخ کر دیے تھے۔

[pullquote]ماسکو افغان امن مذاکرات سے متعلق کانفرنس کی میزبانی پر تیار[/pullquote]

روسی وزارت خارجہ نے 18 مارچ کو ماسکو میں افغانستان کے موضوع پر ایک کانفرنس کے انعقاد کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی تاس نے اس بارے میں شرکاء سے متعلق کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ افغانستان کے لیے امریکا نے بھی قیام امن سے متعلق نئی تجاویز تیار کی ہیں، جن کے مطابق نئے ملکی آئین پر اتفاق رائے اور نئے عام انتخابات کے انعقاد تک موجودہ کابل حکومت کی جگہ ایک عبوری ملکی انتظامیہ تشکیل دی جانا چاہیے۔

[pullquote]ویکسینیشن کے باوجود برطانیہ میں کووڈ کیسز میں اضافے کا خدشہ[/pullquote]

برطانیہ کے چیف میڈیکل آفیسر کرس وٹِی نے آج منگل کے روز کہا کہ برطانیہ میں کووڈ انیس کے خلاف ویکسین لگائے جانے کے باوجود نئے کورونا کیسز میں ایک بار پھر اضافہ ہو گا۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ تمام تر حفاظتی اقدامات کے باوجود کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد صفر تک لانا ناممکن ہے۔ تاہم برٹش چیف میڈیکل آفیسر نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی میں احتیاط کے ساتھ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم رفتار کیا جا سکتا ہے۔ کرس وِٹی کے مطابق یہ وائرس ایسے افراد پر حملہ کر سکتا ہے جن کی ابھی تک ویکسینیشن نہیں ہوئی یا ایسے لوگوں پر بھی جن کو ویکسین لگائی گئی مگر وہ بےاثر رہی۔

[pullquote]’ماسک افیئر‘ میں ملوث دو جرمن سایستدانوں کا سیاسی کیریئر ختم[/pullquote]

جرمنی کے دو سیاستدانوں نے کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی ماسک خریدنے سے متعلق معاملات میں اپنے ملوث ہونے کے بارے میں الزامات سامنے آنے کے بعد اپنی سیاسی جماعت اور پارلیمانی رکنیت دونوں سے استعفے دے دیے ہیں۔ جرمنی کی کرسچین ڈیموکریٹک یونین سی ڈی یو سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمان نکولاس لوئبل اور کرسچین سوشل یونین نامی پارٹی کے ایک پارلیمانی رکن گیورگ نُسلائن نے کورونا حفاظتی ماسک کی خریداری کے سلسلے میں رشوت ستانی کے ابتدائی شبہات سامنے آنے کے بعد اپنی اپنی سیاسی جماعتوں اور وفاقی پارلیمان بنڈس ٹاگ کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق ان دونوں منتخب سیاسی نمائندوں نے کورونا ماسک کی سرکاری خریداری کے دوران کمیشن لی تھی۔ وفاقی دفتر استغاثہ کی طرف سے اس معاملے کی چھان بین جاری ہے۔

[pullquote]وینزویلا کے لاکھوں تارکین وطن کو امریکا میں رہنے کی اجازت[/pullquote]

امریکی حکومت نے وینزویلا کے لاکھوں تارکین وطن کو عارضی تحفظ کا قانونی درجہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہوم لینڈ سکیورٹی کے وزیر آلیخاندرو مایورکاس نے کہا ہے کہ جنوبی امریکی ملک وینزویلا اپنے شہریوں کی حفاظت کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ واشنگٹن حکومت کے اندازوں کے مطابق امریکا میں رہائش کی قانونی اجازت کی درخواستیں دینے والے ایسے تارکین وطن کی ممکنہ تعداد تین لاکھ بیس ہزار کے قریب ہو سکتی ہے۔ اس عارضی تحفظ کے ساتھ وینزویلا کے ان باشندوں کو امریکا میں ورک پرمٹ بھی جاری کیے جا سکتے ہیں۔ ایسے رہائشی اجازت نامے ابتدائی طور پر 18 ماہ کے لیے ہوں گے۔

[pullquote]استوائی گنی میں دھماکوں سے ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 100 ہو گئی[/pullquote]

مغربی افریقی ریاست استوائی گنی کے شہر باٹا کی ایک فوجی چھاؤنی میں اتوار کو ہونے والے متعدد حادثاتی دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اب 100 کے قریب ہو گئی ہے۔ وزارت صحت نے ملکی نائب صدر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان دھماکوں میں کم از کم اٹھانوے افراد ہلاک اور 615 سے زائد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے تقریباﹰ تین سو ابھی تک ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کل پیر کے روز ملکی صدر اوبیانگ نے کہا تھا کہ یہ حادثاتی دھماکے ’غفلت اور لاپرواہی‘ کی وجہ سے ہوئے۔ باٹا کی ایک فوجی چھاؤنی کے علاقے میں مقامی کسانوں نے چند کھیتوں میں آگ لگا دی تھی، جس کی لپیٹ میں بعد ازاں دھماکا خیز فوجی سامان کے چند ذخیرے بھی آ گئے تھے۔

[pullquote]برازیل کے سابق صدر لولا ڈی سلوا کی سیاسی واپسی ممکن[/pullquote]

برازیل کے سابق صدر لولا ڈی سلوا کے خلاف بدعنوانی کے الزامات میں سنائے گئے فیصلوں کو فی الحال معطل کر دیا گیا ہے۔ ملکی سپریم کورٹ کے ایک جج نے ان کے خلاف کرپشن کے مقدمات کی سماعت کُوریتیبا کے شہر کی ایک ذیلی عدالت کے حوالے کرتے ہوئے گزشتہ فیصلے منسوخ کر دیے ہیں۔ اس کے علاوہ دارالحکومت برازیلیا میں وفاقی عدالتوں سے لولا ڈے سلوا کے خلاف کرپشن مقدمات از سر نو کھولنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے پر ابھی پوری سپریم کورٹ کی طرف سے نظر ثانی باقی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد سابق صدر لولا ڈی سلوا دوبارہ کسی بھی سیاسی عہدے کے لیے امیدوار ہو سکتے ہیں۔ امکان ہے کہ وہ 2022ء میں موجودہ صدر جیئر بولسونارو کے انتخابی حریف بن سکتے ہیں۔

[pullquote]سینیگال کے اپوزیشن رہنما کو رہا کر دیا گیا[/pullquote]

سینیگال میں حزب اختلاف کے رہنما عثمان سونکو کو ان کی گرفتاری کے پانچ دن بعد رہا کر دیا گیا۔ اس 46 سالہ سیاستدان پر کل پیر کے روز ریپ کی فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔ انہیں جیل سے رہا تو کر دیا گیا ہے مگر وہ اپنی نقل و حرکت کے حوالے سے عدالتی نگرانی میں رہیں گے۔ سونکو کی گرفتاری سے اس مغربی افریقی ملک میں فسادات شروع ہو گئے تھے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ان فسادات میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوئے۔ حزب اختلاف کے یہ سیاست دان خاص طور پر نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں اور سینیگال کے موجودہ صدر مَیکی سال کے اہم حریف سمجھے جاتے ہیں۔

[pullquote]افغان امن عمل کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب دوحہ میں[/pullquote]

افغانستان میں قیام امن سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب آج بروز منگل قطر پہنچ رہی ہیں، جہاں وہ کابل حکومت اور طالبان کے نمائندوں سے اسی ہفتے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد افعان امن ڈیل کو ایک بار پھر آگے بڑھانے کی کوشش کرنا ہے۔ افغان امن عمل کے لیے خصوصی مندوب ڈیبرا لائنز ایک ایسے وقت قطر پہنچ رہی ہیں، جب امریکا بھی قطر کی میزبانی میں ہونے والے امن مذاکرات کو فعال بنانے کے لیے فریقین کے مابین بات چیت میں تیزی کا خواہش مند ہے۔ ڈیبرا لائنز کی اس دورے کے دوران قطر میں موجود امریکا کے خصوصی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد سے ملاقات بھی متوقع ہے۔

[pullquote]برطانوی آرٹسٹ کی شاہکار تصویر کی نیلامی کا فیصلہ[/pullquote]

معروف برطانوی اسٹریٹ آرٹسٹ بَینسکی کی وبائی مرض کورونا سے متعلق ایک شاہکار تصویر ’گیم چینجر‘ نیلام کر دی جائے گی۔ بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے نیلام گھر کرسٹی کے مطابق یہ نیلامی 23 مارچ کو کی جائے گی اور امکان ہے کہ اس شاہکار کی قیمت 2.9 اور 4.1 ملین یورو کے درمیان تک رہے گی۔ بَینسکی نے اپنی یہ بلیک اینڈ وائٹ پینٹنگ کورونا کی وبا کی پہلی لہر کے دوران جنوبی انگلینڈ کے ایک ہسپتال کے عملے کو تحفے میں دے دی تھی۔ اس تصویر کی نیلامی سے ہونے والی آمدنی برطانیہ کی ہیلتھ سروس کے عملے کی فلاح و بہبود کے لیے خرچ کی جائے گی۔

[pullquote]برطانیہ میں میگھن اور ہیری کے انٹرویو کو 12.3 ملین افراد نے دیکھا[/pullquote]

برطانوی نشریاتی ادارے ITV کے رائل ایڈیٹر کرس شپ کے مطابق ایک امریکی ٹیلی وژن چینل پر اوپرا ونفری کی طرف سے میگھن مارکل اور پرنس ہیری کے انٹرویو کو پیر کی شب برطانیہ میں 12 ملین سے زیادہ ناظرین نے دیکھا۔ ITV نے دو گھنٹوں پر محیط اس انٹرویو کو امریکا میں نشر ہونے کے بعد برطانیہ میں نشر کیا۔ برطانیہ میں یہ پورا انٹرویو دیکھنے والوں کی تعداد تقریباﹰ 11 ملین رہی۔

[pullquote]جرمن قومی فٹبال کوچ کا یورپی چیمپئن شپ کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان[/pullquote]

جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لؤ اس سال موسم گرما میں فٹ بال کی یورپی چیمپئن شپ کے بعد مستعفی ہو جائیں گے۔ یہ اعلان آج منگل کو جرمن فٹ بال فیڈریشن DFB کی طرف سے کیا گیا۔ اعلان کے مطابق یوآخم لؤ کا معاہدہ 2022ء تک ہے مگر انہوں نے خود ہی اسے قبل از وقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فٹ بال کے اگلے ورلڈ کپ مقابلے 2022ء میں ہوں گے۔ یوآخم لؤ 2006ء سے جرمن ٹیم کے کوچ ہیں اور جرمنی نے 2014ء کا فٹ بال ورلڈ کپ انہی کی کوچنگ میں جیتا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے