وزیراعظم نے ثنااللہ زہری کو نیا وزیراعلیٰ بلوچستان نامزد کردیا

وزیراعظم نواز شریف نے مری معاہدے کے تحت مسلم (ن) بلوچستان کے صدر نواب ثنااللہ زہری کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کردیا۔

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت بلوچستان حکومت کے مستقبل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ وزیراعلی ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیراطلاعات پرویز رشید، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، میر حاصل بزنجو سمیت دیگرنے شرکت کی۔ اس موقع بلوچستان حکومت کے حوالے سے مری میں ہونے والے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ معاہدے کی تکمیل کے بعد نیشنل پارٹی نے وزارت اعلیٰ کا عہدہ چھوڑنے پر بھی رضا مندی ظاہر کردی۔

اجلاس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں سے بلوچستان میں صوبائی حکومت کے قیام سے متعلق مشاورت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر نواب ثنااللہ زہری کو وزارت اعلی کے لئے نامزد کردیا اور غالب امکان ہے کہ آئندہ 3 سے 4 روز میں ان کا بطور وزیراعلیٰ نوٹی فکیشن جاری کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2013 میں ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے صوبے میں اکثریت حاصل کرنے کے باوجود حکومت بنانے کے لئے نیشنل پارٹی کو موقع دیا اور اس حوالے سے مری میں وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ن، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے محمود خان اچکزئی اورنیشنل پارٹی کے میرحاصل بزنجو اورڈاکٹرعبدالمالک کے درمیان معاہدہ کرایا جس کی مدت 4 دسمبر کو مکمل ہوگئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے