کچھ مو جدین، تخلیق کار اور ایکسپلورر ایسی تخلیقات اور خدمات سرانجام دیتے ہیں جن کا اثر عالمگیر بلکہ زمان و مکان سے ماورا ہوتاہے ۔ ان ہی کی وجہ سے دنیا میں ترقی کا سفر جاری ہے ۔ ان ہی کی بدولت چیلنجز پر قابو پایا گیاہے ، بیماریوں کا علاج دریافت کیا گیاہے۔ چینی روایت ہے کہ ہر چیلنج موقع بھی فراہم کرتاہے ۔
عوامی جمہوریہ چین کی تاریخ کٹھن اور جدوجہد سے بھر پور رہی ہے ۔ چینی قوم نے مشکلات کے دریا عبور کیے ہیں ۔ اس سلسلے میں جہاں چینی قیادت نے مدبرانہ کردار ادا کیاہے وہاں چینی سائنسدانوں اور تخلیق کاروں نے ملک و قوم اور بنی نوع انسان کی خدمت میں بھر پور حصہ ڈالاہے۔عوامی جمہوریہ چین کی بڑی آبادی کے ساتھ ہمیشہ خوراک کی ضروریات کا خیال آتاہے۔
ایک زمانہ تھا جب چین کی آبادی کی خوراک کی ضروریات پوری نہیں ہوتی تھیں۔ اس وقت یہ بہت بڑا چیلنج تھا کہ کس طرح اتنی بڑی آبادی کی غذائی ضروریات پوری کی جائیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے جہاں چین نے آبادی میں اضافے کو روکنے کیلئے خاندانی منصوبہ بندی آبادی کی وہاں غذائی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے زراعت کے میدان میں مختلف اجناس کی پیداوار بڑھانے کیلئے تحقیق کو فروغ دیا۔ جس کے نتیجے میں آج چین میں انواع و اقسام کی اجناس ،سبزیاں اور پھل وافر مقدار میں دستیاب ہیں اور ایک ارب چالیس کروڑ سے زائد آبادی کی خوراک کی ضروریات کو بخوبی پورا کیا جارہاہے ۔
تاہم چین کو اس مقام تک پہنچانے میں بڑے لوگوں نے کردار ادا کیاہے اور ان میں ایک بڑا نام بابائے ہائبرڈ چاول یوآن لونگ پھنگ ہیں۔
یوآن لونگ پھنگ ،۱۹۳۰ میں بیجنگ میں پیدا ہوئے ۔ ۱۹۷۳ میں انہوں نے زیادہ اور اعلی پیداوار کے حامل دنیا کے پہلے ہائبرڈ چاول کی کاشت اور اس کی بہتری میں کامیابی حاصل کی جسے بعد میں ناصرف چین بلکہ دیگر ممالک میں بڑے پیمانے پر کاشت کیا جانے لگا اور اس کی پیداوار میں نما یاں اضافہ ہوا. یوآن نے پانچ دہائیوں تک ہائبرڈ چاول پر تحقیق کی اور اس کی بہتری پر کام جاری رکھا جو کہ اب تیسری جینریشن تک پہنچ چکا ہے۔
یوآن نے ہائبرڈ چاول پر تحقیق کے فیصلے کے حوالے سے بتایا کہ "میں نے 1949 سے پہلے گلیوں میں لوگوں کو بھوک سے مرنے کے دل دہلا دینے والے مناظر دیکھے تھے ،”ان دنوں کی یاد جب کھانے کے لئے کافی مقدار میں خوراک کی عدم دستیابی چین میں ایک سنگین مسئلہ تھامیرے لئے ہائبرڈ چاول کی تحقیق کی بنیادی وجہ بنی۔ یوآن نے ایک اور موقع پر کہا تھا کہ اس کے دو خواب ہیں – "قد آدم چاول کے پودوں کی ٹھنڈی چاوں سے لطف اندوز ہونا اور پوری دنیا میں ہائبرڈ چاول اگا نا تاکہ خوراک کی عالمی قلت کو دور کرنے میں مدد ملے”۔
اعداد و شمار کے مطابق چین میں ہائبرڈ چاول کی کاشت کا رقبہ 16 ملین ہیکٹر سے تجاوز کر چکا ہے، یہ چاول کی مجموعی کاشت کے رقبے کا 57 فیصد ہے جو سالانہ 80 ملین افراد کی خوراک بنتا ہے ۔
ان کی حالیہ کامیابیوں میں نمکین الکالی زمین کو چاول کی مختلف اقسام کے ذریعے قابل کاشت بنانا ہے۔ رواں سال جنوری میں ، ان کی ٹیم نے کہا کہ انہوں نے اگلے آٹھ سے 10 سالوں میں چین میں ہائبرڈ چاول کے ذریعے 6.7 ملین ہیکٹر نمکین الکالی زمین کو قابل کاشت بنانا ہے۔
بھوک کو کم کرنے کے لئے یوآن کی زندگی بھر کی لگن نے انہیں چین میں قومی ہیرو اور ہر دلعزیز بنا دیا ہے۔
ان کی خدمات کے اعتراف میں ۱۹۹۹ میں ، چین کی قومی فلکیات کی رصد گاہوں کی دریافت کردہ ایک سیارچہ کا نام یوان کے نام پر رکھا گیا اور ۲۰۱۹ میں ، انہیں چین کے اعلی ترین سرکاری اعزاز ، جمہوریہ کے میڈل سے نوازا گیا ۔
لاتعداد افراد کو بھوک سے نجات کا ذریعہ بننے والے بابائے ہائبرڈ چاول مایہ ناز چینی سائنسدان یوآن لونگ پھنگ، ۲۲ مئی کو 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
یوآن لونگ پھنگ کے انتقال کی خبر چینی سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی اور انٹر نیٹ صارفین نے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا ، ” دن میں تین مرتبہ ، کھانے کی میز پر چاولوں کی مہک ہمیشہ آپ کی یاد دلائے گی”۔
ان کے انتقال کی خبر سن کران کو الوداع کہنے اور اپنی عقیدت کااظہار کرنے کے لیے چھانگ شا کےشہری بڑی تعداد میں اس ہسپتال کے باہر جمع ہوگئے جہاں یوآن لونگ پھنگ کا انتقال ہوا تھا۔
یوآن لونگ پھنگ کے انتقال کی خبر سوشل میڈیا پر نشر ہوئی تو برطانیہ،امریکہ،پاکستان سمیت مختلف ممالک اور علاقوں سے انٹرنیٹ صارفین نےدکھ کا اظہار کیا ۔ پاکستان سے حارث خان نے اپنے تعزیتی پیغام میں صوبہ ہو نان میں یوآن لونگ پھنگ کے ساتھ اپنی ملاقات کی تصویر لگاتے ہوئے اپنے جذبات بیان کیے۔ اس کے علاوہ،اقوام متحدہ،اقوام متحدہ کی خوراک اور زراعت کی تنظیم کے سربراہ نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ کے ذریعے یوآن لونگ پھنگ کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے خوراک کے تحفظ ،غربت کے خاتمے اور عوامی زندگی کی بہتری میں آنجہانی یوآن لونگ پھنگ کی خدمات کو بے حد سراہا۔
چین کے ٹویٹر نما پلیٹ فارم سینا ویبو پر اب تک یہ خبر اربوں مرتبہ دیکھی جاچکی ہے ، جس میں ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نیٹیزین ایک عظیم انسان کے انتقال پر غم کا اظہار کررہے ہیں۔
یوآن لونگ پھنگ جہان فانی سے رخصت ہوگئے ہیں لیکن ہائبرڈ چاول کی شکل میں ایک ایسا تحفہ بنی نوع انسان کو دے گئے ہیں کہ رہتی دنیاتک ان کا نام رہے گا ۔بلاشبہ یوآن لونگ پھنگ ایک عظیم ہیرو اورانسانیت کے بڑے محسن ہیں۔