چینی کمیونسٹ پارٹی کے سو سال ، چین کی ترقی اور خوشحالی سے عبارت

[pullquote]چینی کمیونسٹ پارٹی کی سویں سالگرہ پر خصوصی تحریر[/pullquote]

آج پورے چین میں روایتی جوش و خروش اور جذبے کے ساتھ چینی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کی 100 ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ پارٹی نے اپنا تاریخی سفر جولائی 1921 کو چین کے مشرقی ساحلی صوبے زیجیانگ میں ایک کشتی سے صرف 50 ممبروں کے ساتھ شروع کیا۔

اس وقت سی پی سی ۹۵ ملین سے زیادہ ممبروں کے ساتھ دنیا کی بہت بڑی سیاسی جماعت چکی ہے۔ دوسری جماعتوں کی طرح ، سی پی سی کو بھی اپنے پورے سفر میں اتار چڑھاؤ کا سامنا رہا اور بہت سارے غیرمعمولی چیلنجوں سے گزرنا پڑا ، جن میں بین الاقوامی سطح پر تنہائی ، بہت بڑی آبادی ، اور سپر پاورز کی طرف سے مسلط کی گئی کئی ناجائز جنگیں شامل ہیں۔

اپنے قیام کے تقریبا تین دہائیوں کے بعد ، چینی کمیونسٹ پارٹی نے یکم اکتوبر 1949 کو عوامی جمہوریہ چین (پی آر سی) یعنی نئے چین کا قیام عمل میں لایا۔ تاہم سوشلسٹ ملک کے قیام کے بعد ، مشکلات پر قابو پانے، ملک کو مضبوط کرنے اور عوام کو خوشحال بنانے کا کٹھن سفر درپیش تھا۔

چینی کمیونسٹ پارٹی نے تمام مشکلات کے باوجود چین کے عوام کی خدمت کرنے کے اپنے بنیادی مقصد کو کبھی نہیں بھولا۔ سی پی سی کو اپنے خوابوں اور چینیوں کی توقعات کے مطابق چین کے ہرہر انچ کو تعمیر کرنا تھا۔ تاریخ پر نظر ڈالنے سے پتہ چلتاہے کہ سی پی سی نے چین اور اس کے عوام کی تقدیر کو کتنی تیزی اور مؤثر طریقے سے بہتر بنایا ہے۔

۱۹۳۰کی دہائی میں ، چین کی جی ڈی پی 21.3 ارب ڈالر اورغیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 3.5 ارب ڈالررہ گیا تھا ۔ ملک میں زرعی آمدنی میں بڑے پیمانے پر کمی دیکھنے میں آئی تھی ۔ دیہات میں رہنے والے کسانوں کی آمدنی تو بعض علاقوں میں کم ہوکر 57 فیصد رہ گئی تھی۔

۱۹۳۷میں ، جاپان نے چین پر حملہ کیا اور مشرقی ساحل کے بیشر حصوں پر قبضہ کرلیا، اور نانجنگ قتل عام جیسے مظالم کا ارتکاب کیا۔ 1942 میں ایک اینٹی گوریلا جنگ میں ، جاپانیوں نے ایک مہینے میں دولاکھ سے زیادہ عام شہریوں کو ہلاک کیا۔

اس جنگ میں 20 سے 25 ملین چینی ہلاک ہو گئے اور پچھلی دہائی میں چین کی تعمیر کردہ املاک تباہ کی گئیں۔ جنگ کے بعد ، چین کی ٹیکسٹائل کی صنعت میں 482،192 سوئی کی مشینیں رہ گئیں۔ اس کی اہم برآمدات صرف گلو ، چائے ، ریشم ، گنے ، تمباکو ، کاٹن ، مکئی ، اور مونگ پھلی تک محدود ہوگئیں۔

۱۹۴۷تک ، جنگ کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بجٹ خسارے کے نتیجے میں تقریبا 33.2 کھرب کرنسی جاری کی گئی تھی۔ عوامی جمہوریہ چین کے ۱۹۴۹ میں قیام کے وقت ٹیکسوں کی آمدنی محض 0.25 ارب تھی جبکہ جنگی اخراجات 2500 ارب تھے۔ چین قیام کے وقت جی ڈی پی کے لحاظ سے دنیا میں چالیسوین نمبر پر تھا جبکہ اسے دنیا میں سب سے بڑی ابادی کو کھلانے ، کپڑے فراہم کرنے اور دوسری ضروریات پوری کرنے کا بڑا چیلنج درپیش تھا۔

سی پی سی کو 12 سے 40 سال کی عمر کے نوجوانوں اور بڑوں میں 80 فیصد ناخواندگی کی شرح بھی وراثت میں ملی اور تعلیمی سہولیات کا فقدان بھی ۔ تاہم ، پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے پاس اتنی ہمت ، حوصلے اور خواب تھے کہ وہ ملک کو دنیا کا سب سے خوشحال ملک بنائیں۔

محض ہمت اور حوصلے کو بروئے کار لاتے ہوئے ، سی پی سی گذشتہ صدی سے چین کو اپنے خوابوں کے قریب لے جانے کی طرف رواں دواں ہے۔ 2020 میں 15.66 ٹریلین ڈالر جی ڈی پی کے ساتھ ، چین جی ڈی پی کے لحاظ سے 2010 کے بعد سے دنیا کی دوسری بڑی معیشت اور قوت خرید کے لحاظ سے 2014 سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت چلا آرہا ہے ، اور2028 تک جی ڈی پی کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی معیشت بننے کے امکانات رکھتاہے۔

دنیا کی سب سے تیز رفتار ترقی پذیر بڑی معیشت کی حیثیت سے چین کی شرح نموگزشتہ تیس سالوں سے 10 فیصد سے زیادہ رہی ہے ۔ اس وقت دنیا کے چوٹی کے دس بڑے مسابقتی مالیاتی مراکز میں سے چھ چین میں ہیں ۔جن میں شنگھائی ، ہانگ کانگ ، بیجنگ اور شینزین شامل ہیں ، جو کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ ہیں۔ دنیا کے چوٹی کے دس بڑے اسٹاک ایکسچینجز میں سے تین یعنی شنگھائی ، ہانگ کانگ اور شینزین دونوں مارکیٹ کیپٹلائزیشن اور تجارتی حجم کے لحاظ سے چین میں ہیں۔

چین کے پاس 23 کھرب ڈالرمالیت کے قدرتی وسائل ہیں جن میں سے 90 فیصد کوئلہ اور نایاب دھاتیں ہیں۔

چین میں دو سو سے زیادہ نجی طور پر چلنے والی ٹکنالوجی اسٹارٹپس (ٹیک یونیکورنز) بھی موجود ہیں ، جن میں سے ہر ایک کی قیمت ایک ارب ڈالر سے زیادہ ہے ، جو دنیا کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ چین کے پاس دنیا کے سب سے بڑے زرمبادلہ کے ذخائر $ 3.1 ٹریلین ڈالر ہیں ، لیکن اگر چین کے سرکاری ملکیت والے تجارتی بینکوں کے غیر ملکی اثاثوں کو شامل کرلیا جائے تو چین کے ذخائر کی مالیت چار کھرب ڈالر تک پہنچ جاتی ہے۔

چین دنیا کی سب سے بڑی مینوفیکچرنگ اکانومی اور سامان برآمد کرنے والا ملک ہے۔ یہ دنیا کی سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی صارف منڈی اور سامان کی دوسرا بڑا درآمد کنندہ ملک بھی ہے۔ چین دنیا کا سب سے بڑا تجارتی ملک ہے اور بین الاقوامی تجارت میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔

چین پیٹنٹ ، یوٹیلیٹی ماڈل ، ٹریڈ مارک ، صنعتی ڈیزائن ، اور تخلیقی سامان کی برآمد میں عالمی سطح پر پہلے نمبر پر ہے ۔اپریل 2021 کے آخر تک ، چین کے 5 جی صارفین کی تعداد 300 ملین کو عبور کر چکی ہے۔

چین کا چاند ایکسپلوریشن پروگرام اس کی متنوع اور چونکا دینے والی ترقی کا مظہر ہے۔ چین نے 17 دسمبر 2020 کو چاند کے نمونوں کے ساتھ زمین پر لوٹنے والے چانگ ئہ فائیو کے ساتھ تین مرحلوں پر مشتمل قمری تحقیقات کے مشن کو کامیابی کے ساتھ انجام دیا ہے۔

اس طرح چین امریکہ اور سابق سوویت یونین کے بعد چاند سے نمونے لانے والا تیسرا ملک بنا ہے۔

توقع کی جارہی ہے کہ کل 11 مشنوں کے ساتھ ، چین اپنے خلائی اسٹیشن کی تعمیر کا کام مکمل کرے گا ، جو کسی بھی ملک کا اس نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ ملک پہلے ہی مریخ کی سرزمین پر قدم رکھ چکا ہے۔ چین کا روبوٹ بھی مریخ پر کامیابی کے ساتھ اترا ہے۔ اس کا روبوٹ سرخ سیارے پر تحقیق کر رہا ہے۔

سی پی سی نے 1978 میں کھلے پن اور اصلاحاتی پالیسی کے نام سے اپنی بڑی معاشی اصلاحات متعارف کراتے ہوئے چین کو بڑے پیمانے پر ترقی کی طرف گامزن کیا ۔ اس وقت سے ملک نے 700 ملین سے زائد افراد کو غربت سے نکال دیا ہے ، جو کل عالمی غربت کا 70 فیصد سے زیادہ ہے اس طرح اس نے اقوام متحدہ کی طرف سے 2030 تک طے شدہ ڈیڈ لائن سے ایک دہائی قبل غربت کے خاتمے کے ہدف کو حاصل کرلیاہے ۔ اس پالیسی کی بدولت چین اب ایک متوسط آمدنی والا ملک بن گیا ہے۔

بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت ، صدر ژی جنپنگ نے بین الاقوامی تعلقات میں تعاون اوربنی نوع انسان کے ہم نصیب مستقبل کے نئے تصور کو پیش کیا ہے۔ چین بی آر آئی اور دیگر پلیٹ فارمز کے زریعے علاقائی اور عالمی ترقی میں حصہ ڈال رہا ہے۔ اس اقدام نے بڑے ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لئے مروجہ بین الاقوامی آرڈر کو تبدیل کردیا ہے۔

بی آر آئی نے جیت جیت کے تعاون کے اصول کو متعارف کراتے ہوئے عالمگیریت اور کثیر جہتی کے زریعے نئے امکانات روشن کیے ہیں جو ملک و خطے سے قطع نظر پوری انسانیت کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ بی آر آئی چین کے ذاتی مفاد کیلئے نہیں ہے بلکہ بنی نوع انسان کے لئے مشترکہ تقدیر کے حامل معاشرے کی تعمیر کے لئے ایک موثر ٹول ہے۔

کووڈ۔ 19 وبائی بیماری کے تاریک دنوں کے دوران ، چین انسانیت کا بے مثال دوست بن کر ابھراہے۔ چین نے سب سے پہلے ویکسین کو عالمی سطح پر عوامی پروڈکٹ قرار دینے کا اعلان کیا۔
چین ترقی پذیر ممالک تک ویکسینوں کی دستیابی اور فراہمی کیلئے بھر پور تعاون کر رہا ہے۔ چین نے اب تک 80 سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو ویکسین کی امداد فراہم کی ہے اور 50 سے زائد ممالک کو ویکسین برآمد کی ہیں۔

چین وائرس سے لڑنے کے لئے پہلے ہی 150 سے زائد ممالک اور 13 بین الاقوامی تنظیموں کو طبی سامان فراہم کرچکا ہے اور ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مشترکہ پیداوار کے ذریعے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ بھی کام کر رہا ہے۔ دیگر ترقی پذیر ممالک کی معاشی و معاشرتی بحالی میں مدد کے لئے اگلے تین سالوں میں کووڈ۔۱۹ سے لڑنے کیلئے چین مزید 3 ارب ڈالر کی بین الاقوامی امداد فراہم کرے گا۔

چین اپنے ملک میں مہلک وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا ہے اور کووڈ 19 کی لعنت سے پہلے ہی تباہ حال دنیا کے واحد نجات دہندہ کے طور پر سامنے آیا ہے۔ ملک میں اس وقت ویکسین کی 1000 ملین سے زیادہ خوراکیں دی جاچکی ہیں۔ ایسے وقت میں جب دوسرے بڑے ممالک بنی نوع انسان سے منہ موڑ چکے ہیں چین نے دوسرے ممالک کو بچانے کے لئے اپنی مدد میں اضافہ کیا ہے۔

اب ، یہ بات آسانی سے سمجھ میں آتی ہے کہ جب چینی کمینونسٹ پارٹی نے پی آر سی کی بنیاد رکھی تھی ، تو حالت ایسی نہیں تھی جیسا کہ اب چین میں لگتا ہے۔ ناکامیوں اور چیلنجوں کے سمندروں کو عبور کرتے ہوئے ، سی پی سی نے چین کو موجودہ مقام پر کھڑا کیا ہے۔ پارٹی اب عوامی جمہوریہ چین کو 2049 میں یعنی اس کے قیام کی سویں سالگرہ پر جدید سوشلسٹ ملک میں تبدیل کرنے کے راستے پر گامزن ہے۔ سی پی سی کا چین کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا سفر جاری ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے