اسلام آباد: امریکی حکومت نے کرونا وائرس کی تشخیص اور حفظانِ صحت کی ہنگامی ضروریات سے نمٹنے کے لیے دس لاکھ اینٹیجن فوری تشخیصی کِٹس آج پاکستان کے حوالے کیں۔ اِن ٹیسٹ کٹس کے ذریعے پاکستان کورونا وائرس کی مؤثراور فوری تشخیص کی ضرویات کو پورا کرسکے گا۔یہ جدید فوری تشخیصی ٹیسٹ جسم کے اندر موجود انفیکشن کا منٹوں کے اندر پتہ لگاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس سےبیماری کے پھیلائو کی بروقت نگرانی ممکن ہوتی ہے اورصحت حُکام کے لیے وباء سے سخت ترین متاثرہ علاقوں کی نشاندہی بھی ممکن ہو پائے گی۔
فوری اور درست تشخیص تک رسائی سے حکومت پاکستان کے نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اور وفاقی وزارت صحت کوکورونا کے پھیلاؤ کومؤثرطریقے سے روکنے میں مدد ملے گی۔ یہ تشخیصی ٹیسٹ کٹس بالخصوص دورافتادہ علاقوں اورآمد و رفت والی سرحدی چوکیوں پر کورونا وائرس کےپھیلاؤ کوروکنے میں مددگارثابت ہونگی۔اس موقع پر یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنین نے کہا کہ یہ فوری ٹیسٹ کرنے کی کٹس پاکستان کو کورونا وائرس کی فوری اور مؤثر طریقے سے تشخیص کرنے اور وائرس کو روکنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے میں مدد دیں گی۔
کورونا تشخیصی ٹیسٹ کٹس کی یہ کھیپ وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان اور وزارت صحت کے دیگر اہلکاروں نے ایک باضابطہ تقریب میں وصول کیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے اس موقع پر یو ایس ایڈ کا اِس شاندار عطیے کی فراہمی اور دیرینہ شراکت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے یہ کاوش دونوں ملکوں کے درمیان دیرپا دوستی کی اعلیٰ مثال ہے۔