تمھیں کیو ں یادرکھیں.

ہم تمہیں کیوں یاد رکھیں ۔۔۔۔۔؟؟؟

دھرتی پر میرے ملک پاکستان کے نقشہ کو ابھرے سال بھر مکمل ہوا تھا کہ میرے ملک کے پہلے وزیر اعظم جناب لیاقت علی خان کو قتل کر دیا گیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

1965ء ملک پاکستان کے بے شمار باشندگان جنگ کی نذر ہوئے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کو غدار قرار دیا گیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

1971ء ایک مرتبہ پھر بندگان خدا باسئ پاکستان خوفناک جنگ کی نذر ہوئے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

سقوط ڈھاکہ ، مملکت خداداد پاکستان کے دو ٹکڑے کر دئے گئے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکایا گیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل ضیاءالحق سمیت دیگر افسران جہاز حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

آپریشن کے نام پر اپنے ہی ملک میں فساد برپا کر دیا گیا اور لاکھوں جانوں کو اپنوں ہی نے ابدی نیند سلادیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

وزیراعظم پاکستان بینظیر بھٹو لیاقت باغ راولپنڈی میں قتل ہوئیں ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

باجوڑ ایجنسی میں قائم ایک مدرسہ پر شب کی تاریکی میں بمباری کر کے 300 معصوم بچوں کو موت کے حوالے کیا گیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

12 مئی کراچی کی شاہراہوں پر نہتے عوام کو سینکڑوں کی تعداد میں دوسرے جہاں بھیجا گیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

لال مسجد کے طلبہ و طالبات کو قلب پاکستان میں نشانہ بنا کر پرسکون کیا گیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

ٹارگٹ کلنگ کے نام پر ہزاروں افراد کی زندگیوں کے چراغ گل ہوئے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

کوئٹہ کے عین وسط ہزارہ برادری کے بہت سے لوگوں کی میتیں ان کے اقرباء سخت ترین سردی میں روڈ پر لئے بیٹھے رہے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

نواب اکبر خان بگٹی کا دھماکہ کے نتیجہ میں ہونے والی موت کا تصوراتی منظر ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے درندگی کو تسکین پہنچانے والے ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

حکیم سعید کا بے دردی سے کیا گیا قتل ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

بلدیہ ٹاؤن کی فیکٹری میں پیٹ پالتے مزدوروں کا زندہ جلایا جانا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

اینٹیں پختہ کرنے کا کام انجام دینے والی بھٹی نے عیسائی میاں بیوی کو خوراک کیا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

لاہور کی کسی سڑک کو اپنا خون دے کر پختہ کرنے والے حافظ نعیم کو ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟

خروٹ آباد میں لاچار مہاجرین کو رشوت نہ دینے کے الزام میں گولیوں سے چھلنی کر دینا ، ہم نے یاد رکھا لیکن ۔۔۔۔؟؟؟؟

کچھ نہیں ، جی ہاں یقین کریں کچھ فرق نہیں پڑتا چاہے ہم یاد رکھیں یا نہ رکھیں ۔ مظلوم آخر مظلوم ، عوام آخر عوام ، محکوم آخر محکوم اور غلام آخر کار غلام ہی ہوا کرتا ہے ۔

اے میرے وطن کے معصوم پرندوں کی روحوں تم ہی بتلاؤ کہ کیا تمہارا آرمی پبلک اسکول میں پڑھنے کا بدل اتنا کافی نہیں کہ تمہاری خاطر دو نغمے ریلیز کئے گئے ؟؟؟ کیا تمہاری تسکین کو بہت نہیں کہ تمہاری یاد میں چند شمعیں روشن کی گئیں ؟؟؟ کیا تم اس پر خوش نہیں کہ میڈیا پر ایک روز تمہارے نام بلند کر کے شور مچایا گیا ؟؟؟ کیا تم راضی نہیں کہ ہم نے اپنی ڈی پی تمہاری خاطر کالی کی ؟؟؟

بالیقین تمہارے لئے آرمی پبلک اسکول میں پڑھنے کا اتنا بدل بہت ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہم نے بہت کچھ یاد رکھا اور بس یاد ہی رکھا پھر ہماری تمام یادیں بلآخر یادیں ہوگئیں اب ہمارے اذہان میں اتنی وسعت کہاں ۔۔۔۔۔؟؟؟

تم ہی کہو کہ اب ” ہم تمہیں کیوں یاد رکھیں

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے