اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اللہ کے سامنے جھکنے والوں کو غلام بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مولانا خان محمد شیرانی نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اللہ کے سامنے جھکنے والوں کو غلام بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ اقتدار کے بجائے اقدار اور قومی آزادی و خودمختاری کا تحفظ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلیوں کو قوم کے مستقبل پر غلامی کی تاریکیاں طاری کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اہلِ دانش آگے بڑھیں اور قومی حمیت و اثاثۂ مِلّی کے تحفظ کا فریضہ انجام دیں۔
جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ کے سربراہ مولانا خان محمد شیرانی نے اسلامو فوبیا کے خلاف عمران خان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی آزادی و خودمختاری کے تحفظ کے لیے بھی عمران خان کی کوششوں کی تعریف کی۔
مولانا خان محمد شیرانی نے کہا کہ عمران خان کا تصور ریاستِ مدینہ اور اس کے قیام کے لیے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور عمران خان امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا قابل عمل حل تجویز کرنے والے پہلے مسلم رہنما ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی و خودداری کا علم بلند کرنے والوں کے خلاف سامراج نے ہمیشہ سازش رچائی جبکہ ملک و ملت کی سربلندی کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر اپنا حصہ ڈالیں گے۔