اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔
شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کے فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پرعمران خان کی سیکیورٹی امورکی نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی جس کے بعد وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو لکھے گئے ہنگامی خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں۔
ہنگامی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان ملک بھر میں جہاں بھی جائیں ان کی سیکیورٹی کویقینی بنایا جائے۔عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگرضروری سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔