جمعرات : 21 اپریل 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شمالی افغانستان میں شیعہ مسجد میں دھماکہ، متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

شمالی افغانستان کے شہر مزار شریف میں ہونے والے دھماکے میں کئی افراد ہلاک اور کم از کم بیس زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ مزار شریف میں یہ دھماکہ شہر کی ایک شیعہ مسجد میں ہوا ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان ضیاء زندانی کے مطابق ابھی تک اس دھماکے میں تقریباً پانچ افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ یہ دھماکہ مغربی کابل میں شیعہ اکثریتی ہزارہ علاقے میں ایک ہائی اسکول میں ہونے والے دھماکوں کے دو دن بعد ہوا، جس میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]روسی فوج ڈونباس سے کراماٹورسک کی طرف پیش قدمی کر رہی ہے، برطانوی فوج[/pullquote]

روسی افواج یوکرین میں ڈونباس کے علاقوں سے کراماٹورسک کی طرف پیش قدمی کر رہی ہیں۔ یہ علاقے راکٹ حملوں کی زد میں ہیں۔ برطانوی فوج نے آج جمعرات کے روز اپنے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ دعویٰ کیا ہے کہ مشرقی یوکرین میں روسی فضائی سرگرمیاں اعلی سطح پر جاری ہیں اور اِن علاقوں میں قبضے کے لیے روس فضائی حملے کر رہا ہے۔ برطانوی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ روس یوکرین کی دفاعی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں ہے۔

[pullquote]زخمی فوجیوں اور شہریوں کو ازوفسٹال چھوڑنے کی اجازت دی جائے، یوکرینی نائب وزیر اعظم[/pullquote]

روس انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ماریوپول میں محاصرہ شدہ ازوفسٹال اسٹیل پلانٹ سے شہریوں اور زخمی فوجیوں کو فوری طور پر نکالنے کی اجازت دے۔ یوکرین کی نائب وزیر اعظم ارینا ویریشچُک نے جمعرات کو اپنی ایک آن لائن پوسٹ میں روس سے یہ مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماسکو حکومت ایسے متاثرہ افراد کے انخلا کو ممکن بنائے۔ یوکرینی نائب وزیر اعظم کے مطابق ازوفسٹال میں ایک ہزار شہری اور پانچ سو یوکرینی فوجی موجود ہیں اور ان کا انخلا آج ہونا ضروری ہے۔

[pullquote]صدر بائیڈن یوکرین کے لیے مزید فوجی امداد کا اعلان آج کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن یوکرین کو روسی حملوں کے خلاف لڑنے میں مدد کے لیے اضافی فوجی امداد بھیجنے کے اپنے منصوبوں کا اعلان آج کر رہے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق صدر بائیڈن آج وائٹ ہاؤس میں اپنے خطاب کے دوران یوکرین کے لیے تقریباً 2.6 بلین امریکی ڈالر کی فوجی امداد کے منصوبوں کی تفصیلات بتائیں گے۔ بائیڈن انتظامیہ اس فوجی امداد کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس امداد کے ذریعے مشرقی یوکرین کے علاقے ڈونباس میں بڑھتی ہوئی لڑائی میں یوکرینی افواج کو بھاری اسلحہ اور گولہ بارود فراہم کیا جائے گا۔

[pullquote]روس کے لیے جرمن برآمدات میں نصف سے زیادہ کمی[/pullquote]

یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اب تک روس کے لیے جرمن برآمدات میں نصف سے زیادہ کمی واقع ہو گئی ہے۔ جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کی طرف سے آج جمعرات کو جاری کیے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق رواں برس مارچ میں روس کے لیے جرمن برآمدات میں گزشتہ برس مارچ کے مقابلے میں 57.5 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ روس پر لگائی گئی معاشی پابندیاں ہیں۔ اس کمی کے بعد روس یورپی یونین سے باہر جرمن برآمدات کے لیے سب سے زیادہ اہم ممالک کی فہرست میں 12ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ فروری میں یہ پانچویں نمبر پر تھا۔

[pullquote]حماس اور اسرائیل میں گزشتہ برس کی جنگ کے بعد کی سب سے شدید جھڑپیں[/pullquote]

حماس اور اسرائیل کے مابین اس وقت شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز غزہ کی جانب سے جنوبی اسرائیلی شہر سدیروت پر راکٹ حملہ کیا گیا۔ جس کے جواب میں اسرائیل نے جمعرات کو علی الصبح وسطی غزہ پر حملہ کیا اور تقریباً ایک درجن راکٹ داغے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی طیاروں نے غزہ میں ایک عسکری چوکی اور ایک سرنگ میں قائم کمپلیکس کو نشانہ بنایا، جہاں راکٹ انجنوں کی تیاری کے لیے خام کیمیائی مواد موجود تھا۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ یہ صورت حال ایسے وقت ہے جب یہودی ’پاس اوور‘ کا تہوار منارہے ہیں اور مسلمان مقدس ماہ رمضان کے روزے رکھ رہے ہیں۔

[pullquote]برطانوی وزیر اعظم بھارت پہنچ گئے[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن آج جعمرات کے روز بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست مغربی گجرات پہنچ گئے۔ برطانوی وزیراعظم وہاں اہم کاروباری رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ جانسن کل بروز جمعہ نئی دہلی روانہ ہوں گے، جہاں وہ اپنے ہم منصب نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کی اس ملاقات کے دوران یوکرین میں روس کی جنگی جارحیت کے خلاف مغربی ممالک کی کارروائی کی بھارت کی جانب سے حمایت نا کرنے کے معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔ برطانوی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق اس دورے کے دوران ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کی لاگت کے دو طرفہ سرمایہ کاری کے معاہدے طے کیے جائیں گے، جس کے ذریعے برطانیہ میں تقریباﹰ گیارہ ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

[pullquote]نکاراگوا کے مغربی ساحلی علاقے میں زلزلہ[/pullquote]

وسطی امریکی ملک نکاراگوا کے مغربی ساحلی علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیو لوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ سات نوٹ کی گئی۔ یہ زلزلہ رات ایک بج کر بیالیس منٹ پر آیا جب کہ اس کا مرکز زیر زمین پچیس اعشاریہ تین کلو میٹر کی گہرائی میں تھا اور یہ ساحلی پٹی سے تقریباً اڑتیس میل دور تھا۔ تاہم اس ساحلی علاقے میں اس زلزلے کے نتیجے میں کسی سونامی کے آنے کی ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

[pullquote]صارفین کی کمی کے باعث نیٹ فلکس کے حصص میں 35 فیصد سے زائد کی کمی[/pullquote]

نیٹ فلکس کے حصص پینتیس فیصد سے زائد گر گئے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ایک دہائی میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس اسٹریمنگ کمپنی کے سبسکرائیبرز میں کمی آئی ہے۔ مجموعی طور پر، پچھلی سہ ماہی کے دوران نیٹ فلکس نے دو لاکھ سبسکرائبرز کھو دیے ہیں ۔ اسٹاک مارکیٹ کے اندازوں کے مطابق یہ اسٹریمنگ کمپنی موجودہ سہ ماہی میں مزید 2 ملین صارفین کو کھو دے گی۔ نیٹ فلکس نے اس صورتحال کے لیے روس کی مارکیٹ سے انخلا، افراط زر اور کاروباری مقابلے کوذمہ دار ٹھرایا ہے۔ اس نقصان کے نتیجے میں نیٹ فلکس پاس ورڈ شیئرنگ پر کریک ڈاؤن کرنے اور کم لاگت، اشتہارات سے تعاون یافتہ سبسکرپشن درجے کو متعارف کرانے پر غور کر رہا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے سربراہ کی پوٹن اور زیلنسکی سے ملاقات کی درخواست[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے روس اور یوکرین کے صدور سے اپنے اپنے دارالحکومتوں میں ملاقاتیں کرنے کی درخواست کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اشٹیفان ڈوجاری کے مطابق یوکرین میں جنگ کے بگڑتے ہوئے حا لات کے پیش نظر گوٹیرش نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے یوکرینی ہم منصب صدر وولودیمیر زیلنسکی کو بھیجے گئے خطوط میں یہ بات کہی کہ وہ دونوں رہنماؤں سے ملنا چاہتے ہیں۔ 24 فروری کو یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اقوام متحدہ بڑی حد تک متاثر ہوا ہے کیونکہ جنگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان امریکا، فرانس، برطانیہ، چین اور روس کو تقسیم کر دیا ہے۔

[pullquote]موساد کے تین مشتبہ جاسوس گرفتار کر لیے، ایران کا دعویٰ[/pullquote]

ایران نے اسرائیلی انٹیلی جنس سروس موساد کے تین مشتبہ جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی فارس کے مطابق ان جاسوسوں کو ایران کے جنوبی مشرقی علاقے زاہدان سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ایرانی سٹی سیکریٹ سروس کے حکام نے اس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ ان جاسوسوں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی کو خفیہ دستاویزات بھیجے ہیں۔ تاہم ان جاسوسوں کی قومیت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

[pullquote]چینی صدر کا وبائی امراض کے خلاف جنگ میں ’مزید سخت کوششوں‘ پر زور[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے بین الاقوامی برادری کو ساتھ مل کر کورونا جیسے وبائی مرض سے نبرد آزما ہونے کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے جمعرات کو جنوبی چین میں بواؤ ایشین اکنامک فورم سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں مل کے لوگوں کی زندگیاں اور صحت کو محفوظ کرنا ہوگا۔ اپنی تقریر میں شی نے براہ راست چین کی صورت حال کا ذکر نہیں کیا، جسے اس وقت وباء کے آغاز کے بعد سے بدترین کورونا وائرس کی لہر کا سامنا ہے۔ ملک کے اقتصادی اور مالیاتی مرکز شنگھائی اور دیگر بڑے شہروں میں اس وقت کرفیو نافذ ہے۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے