چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا ایجنٹ ہے، عمران خان

لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی صرف عوام کے مفاد کیلئے بنائی اور سازش ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا ایجنٹ ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 رمضان المبارک کو ہم حقیقی آزادی کے لیے دُعا کریں گے اور میں آج آپ کی تیاری کروانے آیا ہوں۔ صرف پی ٹی آئی کارکن نہیں بلکہ سب پاکستانی ملک کے لیے دُعا کریں۔ 27 رمضان المبارک کو مولانا طارق جمیل دُعا کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے اور کارکنوں نے لوگوں کو بتانا ہے کہ ملک میں سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔ یہ چوری کے پیسے کو بچانے کے لیے ملک کو غلام بنا دیں گے کیونکہ امپورٹڈ حکومت کے لوگوں کا پیسہ، جائیداد اور محلات سب باہر ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ خارجہ پالیسی صرف اپنی عوام کے مفاد میں بنائی اور سازش ہوئی۔ یہ کسی اور ملک کے مفادات کے لیے ملک کو استعمال کریں گے۔ مینار پاکستان جلسے کی کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں جب کال دوں گا تو 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار افراد مارے گئے اور اب امپورٹڈ حکومت سے امریکہ ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا۔ امریکہ بوٹ پالش اور چیری بلاسم کے ذریعے ہمیں کنٹرول کرے گا۔ میڈیا پر پیسہ چلایا گیا کہ امریکی سفارتخانے کے لوگ ہمارے اراکین سے مل رہے تھے اور میڈیا پر مہم چلائی گئی کہ حکومت ناکام ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ جو مراسلہ ہمارے پاس آیا تھا اپوزیشن نے کہا یہ جھوٹ ہے۔ پہلے سازش ہوتی ہے پھر مداخلت ہوتی۔ یہ اپنے ملک کے لیے کبھی کھڑے نہیں ہوں گے اور ان پر کرپشن کے کیسز ان کے اپنے دور کے بنے ہوئے ہیں اور اب یہ پھر این آر او لینے کا سوچ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک ساتھ ہو کر لوٹ مار کریں گے، یہ اپنے اور اپنے وزرا کے کیسز ختم کریں گے جبکہ ہماری عدالتیں صرف چھوٹے چھوٹے چوروں کو پکڑیں گی۔ پرویز مشرف نے امریکہ کے دباؤ میں انہیں این آر او دیا تھا۔ پرویز مشرف دور میں بیرونی قرض 2 یا 3 ارب ڈالر بڑھا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے دور میں 50 ہزار ارب ڈالر بیرونی قرضے میں اضافہ ہوا۔ شہباز شریف پر ایف آئی اے میں کرپشن کے کیسز ہیں اور الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے دیتے آئے ہیں اور اب چیف الیکشن کمشنر راجہ سلطان ن لیگ کا ایجنٹ ہے وہ استعفیٰ دیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف لندن میں بیٹھ کر سازش کا حصہ بنے۔ نواز شریف، آصف زرداری اور شہباز شریف کو سازش کا پتہ تھا جبکہ لوٹا بننے والوں نے اپنے حلقوں کے عوام سے غداری کی۔ قوم کا مطالبہ ہے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے ان کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے بہترین حکمت عملی کے ذریعے کورونا کا مقابلہ کیا۔ عید پر جب گلے ملیں تو کان میں کہیں کہ حقیقی آزادی کے لیے نکلنا ہے اور ملک کے ہر شہر جاؤں گا اپنے لوگوں کو تیار کروں گا۔ ان کو پتہ ہے پی ٹی آئی کو کوئی نہیں ہرا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 80 فیصد پروگرام ہمارے خلاف ہوتے تھے۔ جو ہمیں تاریخی خسارہ ملا وہ 11 سال میں پہلی بار ہماری حکومت میں کم تھا۔ 5 بڑی فصلوں کی ہمارے دور میں ریکارڈ پیداوار ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے