اتوار 08 مئی 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یوکرینی علاقے لوہانسک میں ایک اسکول پر بمباری، 60 ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

يوکرين کے مشرقی علاقے لوہانسک میں ايک اسکول کی عمارت پر روسی بمباری کے نتيجے ميں 60 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ روسی فورسز نے ہفتے کی سہ پہر کو بلوگوریفکا نامی شہر میں ایک اسکول کی عمارت کو فضائی حملے کا نشانہ بنايا، جس ميں 90 کے قریب افراد پناہ ليے ہوئے تھے۔ بمباری کے نتيجے ميں عمارت میں آگ لگ گئی اور بعد ازاں وہ منہدم ہو گئی۔ اب تک دو افراد کی ہلاکت کی تصديق ہو چکی ہے مگر علاقائی گورنر سیرہی ہائیدائی نے خدشہ ظاہر کيا ہے کہ ملبے تلے دبے تقريباً ساٹھ افراد کے بچنے کا امکان نہیں ہے۔ ايمرجنسی سروسز نے تيس افراد کو نکال لیا جن ميں سے سات زخمی بتائے جا رہے ہيں۔

[pullquote]بیجنگ نواز اور سخت گیر جان لی، ہانگ کانگ کے نئے چیف ایگزیکٹیو منتخب[/pullquote]

ہانک کانگ کے سابق سکیورٹی منسٹر اور بیجنگ نواز جان لی کو ہانگ کا نیا چیف ایگزیکٹیو منتخب کر لیا گیا ہے۔ قریب 1500 ارکان پر مشتمل چين نواز الیکشن کمیٹی نے جان لی کو کیری لام کی جگہ لينے کے لیے ووٹنگ کے ذریعے منتخب کیا ہے۔ لی اس عہدے کے لیے تنہا امیدوار تھے اور انہیں 1424 ارکان میں سے 1416 ارکان نے ووٹ دیے۔ 64 سالہ جان لی کو سیاسی نظریات کے حوالے سے سخت گیر اور چین کی مرکزی حکومت کا انتہائی وفادار تصور کیا جاتا ہے۔ 2019ء میں جمہوریت نواز مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے جان لی ہانک گانگ میں متنازعہ سمجھے جاتے ہیں۔

[pullquote]یوکرین کے اسٹیل پلانٹ میں پھنسے سویلینز کو نکال لیا گیا[/pullquote]

یوکرینی شہر ماریوپول میں موجود ایک اسٹیل پلانٹ کمپلکس میں پھنسے سویلینز میں سے خواتین، بچوں اور بزرگ افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ بات یوکرین کی نائب وزیراعظم ارینا ویرشچک نے کہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح انسانی بنیادوں پر کیا جانے والا یہ آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ یوکرینی صدر وولودومیر زیلنسکی نے بھی گزشتہ شب اپنے خطاب میں تصدیق کی کہ آزوفسٹال اسٹیل پلانٹ سے 300 سویلین افراد کو نکالا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہاں پھنسے زخمیوں اور طبی عملے کو نکالنے اور روسی فورسز کے گھیرے میں آئے ہوئے ماریوپول کے شہریوں کے انخلاء کے لیے محفوظ راستے مہیا کرنے کی کوشش جاری ہے۔

[pullquote]ایندھن کی بڑھتی قیمتیں، نائجیرین ایئر لائن نے اپنی پروازیں معطل کر دیں[/pullquote]

نائجیرین ایئرلائن پیر کے روز سے اپنی تمام پراوزیں معطل کر رہی ہے۔ اس فیصلے کی وجہ جیٹ فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قرار دیا گیا ہے۔ اس ایئرلائن کو چلانے والے ادارے کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت 197 نائجیرین لیرا فی ليٹر سے بڑھ کر 700 لیرا تک پہنچ گئی ہے۔ ڈالرز میں یہ قیمت 0.45 سے بڑھ کر 1.70 بنتی ہے۔ روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کے بعد سے عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ نائجیریا کا تقریباﹰ تمام تر انحصار درآمد شدہ ایندھن پر ہے۔ اسی باعث نائجیریا میں طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی بڑھ گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی شہر ایلاد میں تین اسرائیلیوں کو ہلاک کرنے کے شبے میں دو فلسطینی گرفتار[/pullquote]

اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے آج اتوار کے روز دو فلسطینی نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جن پر شبہ ہے کہ انہوں نے تین روز قبل اسرائیلی شہر ایلاد میں ایک حملے کے دوران تین اسرائیلیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق 19 اور 20 سالہ ان دونوں فلسطینیوں کو ایلاد شہر کے قریب ہی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ جمعرات کی شام ایلاد شہر میں حملے کے نتیجے میں تین اسرائیلی مارے گئے تھے۔ ایک حملہ آور نے اس مقصد کے لیے کلہاڑے کا استعمال کیا۔ مارچ سے اب تک اسرائیل میں مختلف حملوں کے دوران 17 افراد مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]یوکرینی شہر پوپاسنا روسی فورسز کے قبضے میں چلا گیا[/pullquote]

یوکرینی فورسز نے ملک کے مشرقی شہر پوپاسنا سے پسپائی اختیار کر لی ہے۔ یہ بات لوہانسک ریجن کے گورنر کی طرف سے بتائی گئی ہے جس سے ان رپورٹس کی تصدیق ہو گئی ہے کہ یہ شہر روسی فورسز کے قبضے میں چلا گیا ہے۔ روسی ری پبلک چیچنیا کے سربراہ رمضان قادروف نے قبل ازاں اعلان کیا تھا کہ ان کے فوجیوں نے پوپاسنا کے زیادہ تر حصے کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔ لوہانسک کے گورنر سیرہئی گائیدائی نے یوکرینی ٹیلی وژن کو بتایا کہ یوکرینی فورسز نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے ایک محفوظ پوزیشن سنبھال لی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہاں سب کچھ تباہ ہو گیا ہے۔

[pullquote]سعودی بادشاہ ہسپتال میں داخل[/pullquote]

سعودی بادشاہ سلمان کو آج اتوار کے روز جدہ کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ سعودیہ عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان کے ہسپتال میں طبی ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ تاہم ان کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ چند ہفتے قبل ہی شاہ سلمان کے پیس میکر کی بیٹری تبدیل کی گئی تھی۔ سعودی بادشاہ کے پاس تمام تر اختیارات ہوتے ہیں۔ شاہ سلمان نے اپنا ولی عہد اپنے 36 سالہ بیٹے محمد بن سلمان کو مقرر کر رکھا ہے جو عام طور پر روز مرہ کے معاملات چلاتے ہیں۔

[pullquote]جی سيون کا اجلاس، يوکرينی صدر کی شرکت متوقع[/pullquote]

آج اتوار کو دنیا کے ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی سيون کا ايک اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس ميں مرکزی موضوع يوکرين پر روسی حملہ ہے۔ ويڈيو کانفرنس کے ذریعے ہونے والے اس اجلاس ميں امريکا، برطانيہ، کينيڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے سربراہان شرکت کر رہے ہيں اور امکان ہے کہ يوکرينی صدر وولوديمیر زیلنسکی بھی خطاب کريں گے۔ ايسی اطلاعات ہيں کہ امريکی صدر جو بائيڈن اس اجلاس ميں روس کے خلاف تازہ پابنديوں کی تجويز سامنے رکھنے والے ہيں۔

[pullquote]مصر: سینائی میں شدت پسندوں کے حملے میں 11 مصری فوجی مارے گئے[/pullquote]

مصری فوج نے کہا ہے کہ جزیرہ نما سینائی میں شدت پسندوں کے ایک حملے میں اس کے کم از کم 11 فوجی مارے گئے ہیں۔ فوج کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ حملہ گزشتہ روز نہر سویز سے پانی نکالنے والے ایک اسٹیشن پر کیا گیا۔ بیان کے مطابق حملے کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جس میں ایک فوجی افسر اور 10 فوجی مارے گئے۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ 2013ء میں مصری فوج کی طرف سے منتخب صدر محمد مُرسی کی حکومت ختم کیے جانے کے بعد سے خاص طور پر مصر کے علاقے سینائی میں شدت پسندانہ حملوں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]برلن کی ایک عمارت میں دھماکہ خیز ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا گیا[/pullquote]

جرمن پولیس نے گزشتہ روز ایک عمارت میں دھماکہ خیز ڈیوائس کو ناکارہ بنا دیا۔ اس عمارت میں ایک روسی نیوز ایجنسی کا دفتر قائم ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ڈیوائس ممکنہ طور پر دھماکہ خیز تھی اور ابھی تک یہ یقینی نہیں ہے کہ اس کی وہاں موجودگی کا مقصد کیا تھا۔ تاہم روسی نیوز ایجنسی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اسے برلن میں موجود روسی صحافیوں پر ایک دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ عمارت میں دیگر کمپنیوں کے دفاتر بھی موجود ہیں اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی کسی حتمی نتیجے تک پہنچنا ممکن ہو گا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے