اسلام آباد: سابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے کہا کہ عوام سر اٹھا کر جینا چاہتے ہیں اور امپورٹڈ حکومت ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سمیت سب کے ساتھ امن کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لندن میں بیٹھا شخص اسرائیلی حکام سے ملاقات کر رہا ہے جبکہ شہباز شریف اور دیگر لندن بھگوڑے سے ملنے گئے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان پوری قوم کے لیڈر ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی مذمت کرتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانی جب پیسے دیتے ہیں تو انہیں وی وی آئی پی سمجھا جاتا ہے لیکن انہیں تیسرے درجے کا شہری سمجھنا درست نہیں۔ ہر ملک میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کوئی بدتمیزی کرے گا تو اسے بھی ویسا ہی جواب ملے گا۔ تہذیب کے دائرے میں رہ کر بات کریں گے تو جواب بھی اسی طرح سے ملے گا۔ ہم پاکستانی عوام کے اقتدار کے پیچھے ہیں، چلتی ہوئی عوامی حکومت کوبیرونی سازش کے ساتھ گرایا گیا اور امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی یہ چار دن بھی چلے گی تو اس ملک کی تباہی کر دے گی اور ہم اسی سے ملک کو بچانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ انتخابات کرائیں تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔