[pullquote]چین کے حملے کی صورت میں تائیوان کا فوجی دفاع کریں گے، امریکہ[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو امریکہ فوجی طریقے سے اس کا دفاع کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کو جزیرے پر طاقت کے ذریعے قبضہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ یہ بیان کسی بھی امریکی صدر کی طرف سے چین اور تائیوان تنازعے پر اب تک کا سخت ترین بیان ہے۔ دریں اثناء تائیوان کی وزارت خارجہ نے اس حمایت پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ تائیوانی وزارت خارجہ کے مطابق ان کا ملک امریکہ کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون میں مزید اضافہ کرے گا۔
[pullquote]تائیوان کا مسئلہ، چین کی طرف سے صدر جوبائیڈن کو تنبیہ[/pullquote]
چین نے صدر جو بائیڈن کے تائیوان کے حوالے سے بیان پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بیجنگ حکومت کے مطابق وہ تائیوان کے حوالے سے اپنے مفادات کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے کبھی بھی خود مختار تائیوان کو کنٹرول نہیں کیا لیکن وہ اس جزیرے کو اپنی سرزمین کا حصہ سمجھتی ہے۔ چین ماضی میں کہا چکا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تائیوان کو چین کا حصہ بنانے کے لیے طاقت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ بیجنگ نے امریکی صدر کے بیان کے جواب میں مزید کہا ہے کہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے بنیادی مفادات پر کسی سمجھوتے یا رعایت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
[pullquote]فرانس، قطر کے سفارت خانے میں ایک شخص ہلاک[/pullquote]
فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع قطری سفارت خانے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے۔ پیرس پراسیکیوٹر آفس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح پیش آیا اور حوالے سے ایک شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص سفارت خانے کا سکیورٹی گارڈ ہے۔ تاہم یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بظاہر یہ کوئی دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔
[pullquote]ایغور مسلمانوں کا معاملہ، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر چین میں[/pullquote]
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر مشیل بیچلیٹ نے پیر کے روز سے چین کا دورہ شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ 17 برسوں میں چین کا دورہ کرنے والی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی وہ پہلی کمشنر ہیں۔ اس دوران وہ مسلمانوں کے خطے سینکیانگ بھی جائیں گی۔ امریکہ کی جانب سے چین پر الزام ہے کہ وہ اس شمالی مغربی خطے میں اقلیتی ایغور مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مشیل بیچلیٹ وہاں کی صورتحال کا آزادانہ جائزہ لینا چاہتی ہیں۔
[pullquote]جاپان کے ساتھ مل کر کام کر کریں گے، امریکی صدر[/pullquote]
امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹوکیو میں بات چیت کے بعد روس کے خلاف پابندیوں کے حوالے سے تعاون پر جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدہ کی تعریف کی ہے۔ امریکی صدر کا پیر کے روز جاپانی وزیراعظم سے ملاقات میں کہنا تھا کہ جاپان ایک اہم عالمی رہنما ہے اور امریکہ جاپان کے دفاع کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ جاپانی وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کیا کہ یوکرین میں جنگ کے باوجود جو بائیڈن انڈو پیسیفک خطے میں اپنی وابستگی کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔
[pullquote]دنیا میں نقل مکانی کرنے والے افراد کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ، اقوام متحدہ[/pullquote]
دنیا بھر میں تنازعات، تشدد، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظلم و ستم سے فرار اختیار کرنے والے افراد کی تعداد ایک سو ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر فلیپو گرانڈی نے اس پیش رفت کو انتہائی تشویش ناک قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے، جو کبھی قائم نہیں ہونا چاہیے تھا۔سن 2021 کے آخر تک اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے دنیا بھر میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد 90 ملین ریکارڈ کی تھی۔ روسی حملے کے بعد اس تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
[pullquote]ایران، قدس فورس کے ایک کرنل کو گھر کے باہر قتل کر دیا گیا[/pullquote]
تہران میں پاسداران انقلاب کے ایک کرنل کو ان کے گھر کے باہر ہی گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ایران نے اس مبینہ قتل کا الزام امریکہ اور اس کے اتحادیوں سے وابستہ حملہ آوروں پر عائد کیا ہے۔ اتوار کے روز تہران میں موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے پاسداران انقلاب کے کرنل صیاد خدائی کے گھر کے باہر ان پر پانچ گولیاں چلائیں اور فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں آسانی سے کامیاب ہو گئے۔ کرنل صیاد خدائی کا تعلق اس قدس فورس سے تھا، جو پڑوسی ملک شام اور عراق میں بھی کام کرتی رہی ہے۔ کرنل صیاد خدائی کا یہ قتل نومبر 2020 میں اعلیٰ جوہری سائنسدان محسن فخر زادہ کے قتل کے بعد ایران کے اندر اب تک کا سب سے ہائی پروفائل قتل ہے۔
[pullquote]ورلڈ اکنامک فورم کا داوؤس میں آغاز ہو گیا[/pullquote]
کورونا وبا کی وجہ سے ایک طویل جبری وقفے کے بعد سیاست اور مالیاتی دنیا سے تعلق رکھنے والی اشرافیہ سوئٹزرلینڈ کے شہر داوؤس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) میں ایک بار پھر اکٹھی ہو رہی ہے۔ اس روایتی سالانہ اجلاس کا موٹو ’تاریخ ایک اہم موڑ پر‘ رکھا گیا ہے۔ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب متعدد بحرانوں کی وجہ سے غربت میں انتہائی اضافہ ہوا ہے جبکہ دنیا کے امیر ترین افراد مزید دولت مند ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آکسفیم تنظیم نے کارپوریشنوں اور انتہائی امیروں کے لیے زیادہ ٹیکسوں کا مطالبہ کیا ہے تاکہ بحران کے نتائج کو کم کیا اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنایا جا سکے۔
[pullquote]دنیا میں مسلح تنازعات دگنا ہو گئے، سپری[/pullquote]
بین الاقوامی تھنک ٹینک سپری کا کہنا ہے کہ دنیا ایک ایسے دور کے لیے تیار نہیں ہے، جہاں مسلح تصادم بھی بڑھتی ہوئی ماحولیاتی تباہی کا سبب بن رہے ہیں۔ سپری کے مطابق گزشتہ ایک دہائی میں بین الاقوامی مسلح تنازعات دگنا ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے ایک پیچیدہ ماحولیاتی بحران اور تاریک تر سکیورٹی پالیسیاں ایک دوسرے کو خطرناک طریقے سے تقویت پہنچا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایک بین الاقوامی ایمرجنسی کی صورت حال پیدا ہو چکی ہے۔ سپری کے مطابق کوئی عالمی منصوبہ بندی نہ ہونے کی وجہ سے دنیا اس دوہرے خطرے سے دوچار ہے۔ سپری کا کہنا ہے کہ بیشتر حکومتیں اس بحران کی شدت کا اندازہ لگانے میں ناکام رہی ہیں یا انہوں نے جان بوجھ کر ان مسائل کو نظرانداز کر دیا، جس نے حالات کو مزید ابتر بنا دیا۔
[pullquote]افریقی یونین کے سربراہ روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے[/pullquote]
سینیگال کے صدر میکی سال کے مطابق وہ جلد ہی روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے۔ ان کا یہ دورہ افریقی یونین کی جانب سے ہو گا کیوں کہ ان دنوں افریقی یونین کی صدارت سینیگال کے پاس ہے۔ ان کا دورہ اٹھارہ مئی کو شیڈیول تھا لیکن ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر اسے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یوکرین جنگ نے اناج کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ایندھن کی قلت کی وجہ سے افریقی معیشتوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ تقریباً نصف افریقی ممالک نے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت کے حوالے سے اقوام متحدہ میں ہونے والی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔ مغربی ممالک کے برعکس افریقہ میں روسی صدر اب بھی ایک مقبول لیڈر ہیں۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]