فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور، لاہور سے اسلام آباد منتقلی کا حکم

لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کرلیا، انہیں تھانہ کوہسار اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر گزشتہ رات فواد چوہدری پر تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور کی مقامی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا اور اسلام آباد منتقل کرنے کےلیے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

[pullquote]اتنی پولیس ہے جیسے جیمز بانڈ ہوں[/pullquote]

فواد چودھری کی پیشی کے موقع پر وکلا کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اتنی پولیس میرے پیچھے لگائی ہے جیسے جیمز بانڈ کو پیش کر رہے ہیں، میرا راہداری ریمانڈ نہیں بنتا میرا میڈیکل بھی کروایا جائے، مجھے دہشت گردوں کی طرح عدالت میں پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اشرافیہ ہمارے ملک کو نہیں چلنے دے گی، اگر یہ بغاوت ہے تو پورے 22 کروڑ عوام کو یہ بغاوت کرنی چاہئے،الیکشن کمیشن پر تنقید جاری رکھیں گے۔

عدالتی حکم پرفواد چودھری کا سروسز اسپتال میں میڈیکل کرایا گیا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے سینئر رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کو ان کے گھر سے گرفتار کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا کہ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کرلیا، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔

رہنما تحریک انصاف فرخ حبیب نے فواد چوہدری کو گرفتار کرنے والوں کی گاڑیوں کی ویڈیوز بھی ٹوئٹر پر شئیر کردیں۔

دوسری جانب فواد چوہدری کے چھوٹے بھائی فیصل حسین نے ٹویٹ کیا کہ ان کے بڑے بھائی سابق وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین کو تھوڑی دیر قبل بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں میں نامعلوم افراد نے غیر قانونی طریقہ سے لاہور کے گھر سے اٹھایا ہے، اغوا کنندگان نے وارنٹ دکھائے ہیں نہ اپنی شناخت ظاہر کی۔

ادھر رہنما تحریک انصاف حماد اظہر نے زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کی، انہوں نے بتایا کہ فواد چوہدری کو نامعلوم مقام پر لے گئے، ان سے متعلق معلومات نہ دیں تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، ملک میں لٹیرے دندناتے پھر رہے ہیں، کیا ملک میں جمہوری حکومت قائم ہے؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی، ہمارا ان سے مقابلہ نہیں۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے آج رات 2 بجے عمران خان کی گرفتاری کے خدشہ کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو بھی کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے