اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 2 مقدمات میں حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے ضمانت میں توسیع کردی۔
اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے الزام اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج مقدمات میں ضمانت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جہاں عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے روبرو عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر اور علی بخاری پیش ہوئے جب کہ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ اسلام آباد پولیس کے حکام بھی عدالت میں موجود تھے۔
عمران خان کے وکیل نے کہا کہ آج ہم عمران خان کی استثنا کی درخواست دائر کر رہے ہیں ، جس پر عدالت نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے 2 مقدمات میں ضمانت میں 8 جون تک توسیع کردی۔