کراچی: نارتھ ناظم آباد نصرت بھٹو کالونی میں شادی کی تقریب کے دوران فائرنگ سے مدرسے کا طالبعلم جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے فائرنگ میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے آلہ قتل (پستول) برآمد کر کے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
مقتول کی لاش اور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا، مقتول کی شناخت 17 سالہ ابوبکر راجپوت ولد شاہد راجپوت جبکہ زخمی کی شناخت 35 سالہ معاویہ ولد محمد الطاف کے ناموں سے کی گئی۔
مقتول نصرت بھٹو کالونی سیکٹر 7/C بلال مسجد کے قریب کا رہائشی اور 3 بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا، گھر کے قریب واقعے مدرسہ میں زیر تعلیم تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایچ او شارع نورجہاں پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے جاں بحق ہونے والے نوجوان کے ورثا سے معلومات حاصل کرنا چاہی تو ان کے اور مقتول کے ورثا میں تلخ کلامی ہوگئی تاہم وہاں موجود مقتول کے ایک رشتے دار نے ایس ایچ او کو تفصیلات اور ملزمان کے نام بھی بتا دیئے۔
ایس ایچ او شارع نورجہاں نے پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مار کر فائرنگ میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں حارث ولد ابوبکر، شہباز عرف بھایا ولد علی شیر اور عالم زیب ولد اجمل خان شامل ہیں، ملزمان سے آلہ قتل ایک پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔
گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول گرفتار ملزم عالم زیب کا تھا جو شہباز عرف بھایا اس سے شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے کے لیے لایا تھا، فائرنگ کے دوران حارث نے شہباز سے پستول لیکر فائرنگ کی جس سے ابوبکر جاں بحق جبکہ معاویہ زخمی ہوگیا۔
پولیس نے تینوں ملزمان کو باقاعدہ گرفتار کر کے 302/324/34 کے تحت واقعہ کا مقدمہ الزام نمبر 319/23 درج کر لیا۔