کراچی: جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے بعد سرکاری اسپتالوں میں گیسٹرو،پیٹ درد،ڈائریا اور بسیار خوری کے کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
جناح اسپتال میں یومیہ گیسٹرو،پیٹ درد،ڈائریا اور بسیار خوری کے مجموعی طور پر 300 سے 400 کیسز رپورٹ ہورہے ہیں،عید سے اب تک تقریبا 1200 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
میڈیاسے گفتگو میں جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ عید کے بعد شہریوں کی خوراک میں تبدیلی آجاتی ہے،اکثر خواتین وقت کی کمی کے سبب گوشت کو مکمل طور پر پکا نہیں پاتیں ،کچا گوشت کھانے سے بھی پیٹ درد کی شکایت ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ شہری پورا دن گوشت کے پکوان کھارہے ہوتے ہیں،اکثر افراد من پسند پکوان دیکھ کر بسیار خوری پر بھی اتر آتے ہیں، جس سے ان کے معدے پر زور پڑتا ہے،جناح اسپتال کے میڈیکل کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے،یومیہ اوسطا 15 سو سے 18 سو مریض جناح اسپتال کی ایمرجنسی میں آتے ہیں،جن میں سے 30 فیصد مریض گیسٹرو، پیٹ درد ،ڈائریا اور بسیار خوری کی شکایت کرتے ہیں۔
پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ عید کے بعد بھی ایمرجنسی میں تقریبا 18 سو مریض روزانہ کی بنیاد پر آرہے ہیں، گیسٹرو، پیٹ درد ،ڈائریا اور بسیار خوری کے کیسز مزید 30 فیصد اضافے کے ساتھ دگنے ہوچکے ہیں،عید کے بعد اسپتال کی ایمرجنسی میں یومیہ گیسٹرو، پیٹ درد ،ڈائریا اور بسیار خوری کے مجموعی کیسز کی تعداد 300 سے 400 رپورٹ ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک اسپتال میں تقریبا 1000 سے 1200 مریض ان شکایات کے ساتھ آچکے ہیں،اکثر افراد قربانی کے گوشت کو فریزر میں رکھ دیتے ہیں،اور پھر ڈائکریٹ پکانے کے سبب گوشت کچا رہ جاتا ہے،عید پر دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے،اکثر شہری صبح دوپہر رات صرف گوشت کے بنے لوازمات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔
پروفیسر شاہد رسول نے بتایا کہ اضافی مقداد میں گوشت کھانا انسانی جسم کے لیئے صحت بخش نہیں،ویسے بھی ہم ڈاکٹر سب کو ہدایت کرتے ہیں کہ متوازن غذا کا استعمال کریں،کھانے کو وقت کے ساتھ مینیج کرنا سیکھیں شہری،آلودہ پانی سے بنے چٹ پٹے کھانے سے پرہیز کریں کیونکہ یہ ڈائریا اور قے کی سب سے بڑی وجہ ہوتی ہے۔
پروفیسر شاہد رسول نے تجویز دی کہ گوشت کھانے کے ساتھ شہری پھل اور سبزیوں کا استعمال بھی کریں تاکہ ان کے جسم میں جتنے فائبر کی ضرورت ہے،اس فائبر کی کمی کو بھی پورا کیا جاسکے،کوشش کریں کہ تازہ کھانا کھائیں،اکثر افراد کھانا فریج میں رکھ کر کھاتے ہیں جو فوڈ پوائزن کی بھی وجہ بن سکتا ہے جبکہ پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیئے شہری زیادہ پانی کا استعمال کریں۔