فیصل آباد: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جڑانوالہ میں متاثرہ چرچ اور اقلیتی بستی کا دورہ کیا ہے۔
نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ جڑانوالہ پہنچ گئے، جہاں انہیں دانش اسکول میں پولیس اور سول انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اقلیتی برادری کے متاثرین سے ملاقات بھی کی۔
علاوہ ازیں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جڑانوالہ میں متاثرہ چرچ اور اقلیتی بستی کا دورہ کیا اور گزشتہ دنوں پیش آنے والے سانحے میں متاثر ہونے والے چرچ اور گھروں کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات بھی کی۔
اس موقع پر متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ جڑانوالہ واقعےکا بہت افسوس ہے، آپ کے غم میں برابرکاشریک ہوں، آپ کے بھی باقی سب کی طرح حقوق ہیں، سب برابر کے شہری ہیں اور کسی کو کسی پر کوئی برتری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مسلمان ایسا نہیں جو حضرت عیسیٰ کو پیغمبر نہ مانے، آپ کو چرچ بنانے کا اتنا ہی حق ہے جتنا مسلمان کو مسجد بنانے کا ہے، گرجا گھروں پرکوئی حملہ کرے تو مسلمانوں پرفرض ہےکہ جہاد کریں۔
نامزد چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اپنے عہدے کی وجہ سے یہاں نہیں آیا، ایک شہری کے طور پر دوسرے شہری کے پاس آیا ہوں، ہر انسان کا فرض ہے آپ کی مدد کرے، آپ لوگوں کی مدد ہمارا دینی فریضہ ہے۔