سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10، 10 سال قید

راولپنڈی: آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔

آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ فاضل جج نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 342کے بیان کیلئے سوالنامہ اور اسٹیٹمینٹس کی کاپیاں فراہم کیں-

سوالنامے میں ملزمان سے تقریبا 36 سوالوں کے جواب مانگے گئے ۔ دونوں سیاسی رہنماؤں نے خود جوابات لکھوائے۔
342 کا بیان قلمبند کرنے کے بعد جج نے سزا سنانے سے پہلے آخری سوال پوچھا عمران خان صاحب سائفر کہاں گیا؟

بانی پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ مجھے نہیں معلوم، سائفر میرے پاس نہیں بلکہ میرے دفتر میں تھا، میں نے اپنے بیان میں لکھوا دیا ہے، وزیراعظم آفس کی سیکیورٹی میری ذمہ داری نہیں تھی۔

عدالت نے شاہ محمود قریشی کا بیان ریکارڈ کرانے سے قبل ہی بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی دونوں کو جرم ثابت ہونے پر قید کی سزا سنادی۔

فیصلے کے بعد بانی پی ٹی آئی مسکراتے رہے جبکہ شاہ محمود قریشی نے احتجاج کیا کہ میرا تو ابھی بیان ہی ریکارڈ نہیں ہوا۔

نواز شریف کو انتخابات سے 20 روز اور عمران خان کو 9 روز قبل سزا سنائی گئی

واضح رہے کہ عمران خان کو سزا سے نو روز قبل 10 سال کی سزا سنائی گئی جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی 5 جولائی 2018ء کو دس سال کی ہی سزا سنائی گئی اور انہیں یہ سزا 2018 کے عام انتخابات سے 20 روز قبل سزا سنائی گئی۔

سزائے موت بھی سنا دیتے تو ہم تیار تھے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ سزائے موت بھی سنا دیتے تو ہم تیار تھے، ہمارے کارکن پرامن ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پوری قوم سے درخواست ہے تحمل اور برداشت رکھیں، یہ سزائے موت بھی سنا دیں تو ہائیکورٹ وہ ختم کر دے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جج صاحب سائفر کیس آئین و قانون سے ہٹ کر چلا رہے ہیں، کارکن تحمل کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ اشتعال دلائیں گے لیکن مشتعل نہیں ہونا، الیکشن پر توجہ دیں، عدلیہ پر اعتماد ہے اور ریلیف ملے گا، سزائے موت بھی دیں تو وہ کالعدم ہو جائے گی، عمران خان فرسٹریٹ ہیں نہ غصے میں۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اب فائنل 8 فروری الیکشن کی تیاری کریں، لوگ عمران خان کو مٹا رہے ہیں لیکن اللہ اپنے رحم و کرم اور عوام کے تعاون کے ساتھ مٹانے نہیں دے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اس سزا کے فیصلے کے خلاف اسلام اباد ہائیکورٹ درخواست دائر کریں گے، بانی پی ٹی آئی کو سزا کے خلاف پر امن احتجاج بھی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں 10، 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے