سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے میں زخمی؛مبینہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا

پنسلوانیا: امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک انتخابی جلسے میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہو گئے، جبکہ مبینہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہیں اپنے نائب صدر کے امیدوار کا اعلان کرنا تھا، کہ اچانک فائرنگ کی زوردار آوازوں کے ساتھ ہی ریلی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سابق صدر اسٹیج پر گر گئے، جنہیں سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر اپنے حصار میں لے لیا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ سیکرٹ سروس کے حصار کے دوران بھی عوام کو دیکھ کر بار بار مُکہ لہراتے رہے۔

کاؤنٹی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے، خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق صدر اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں، ان کے چہرے اور دائیں کان پر خون دیکھا گیا ہے۔

ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں اور ایک مقامی طبی مرکز میں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان اسٹیون چیونگ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اس گھناؤنے واقعے کے دوران فوری کارروائی کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امدادی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک فعال تحقیقات جاری ہیں اور دستیاب ہونے پر مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن، جو اپنی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں ہیں انہیں اس واقعہ کی ابتدائی بریفنگ دے دی گئی ہے۔

گولی میرے کان کے اوپر کے حصے پر لگی، ڈونلڈ ٹرمپ

پنسلوانیا: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنے اوپر ہونے والے حملے پر بیان سامنے آ گیا، انہوں نے کہا کہ گولی میرے کان کے اوپر کے حصے پر لگی۔

سابق صدر امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ شروع ہو گئی، ایک گولی ان کے کان کو چھو کر گزری۔

صدارتی امیدوار ٹرمپ فوری طور پر اسٹیج پر نیچے جھک گئے اسی دوران ان کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں چاروں طرف سے گھیر لیا اور حفاظتی حصار میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ بعض میڈیا ہاؤسز نے حملہ آور کی فائرنگ سے ایک ووٹر کے ہلاک اور دو کے شدید زخمی ہونے کی رپورٹ دی ہے۔

سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ مجھے فوری طور پر پتہ چل گیا تھا کہ کچھ غلط ہو گیا ہے، میرے کان کے اوپر کے حصے پر گولی لگی، انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کی فوری کارروائی پر شکریہ ادا کیا اور ریلی میں شریک شخص کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے