جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر افغان شہریوں کا دھاوا

اسلام آباد: جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر افغان شہریوں کی جانب سے دھاوا بولا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 8 سے 10 افغان شہریوں نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر دھاوا بولا اور پاکستانی پرچم اتار کر فرار ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو بھی دیکھا گیا ہے کہ پاکستانی قونصل خانے پر چڑھائی کرنے والے افغان شہریوں نے افغان پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔
پاکستانی سفارتی حکام نے معاملہ جرمن حکام کے ساتھ اٹھایا ہے جس پر جرمن حکام کی جانب سے پوری تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ جرمن پولیس کی طرف سے اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

پاکستان نے فرینکفرٹ، جرمنی میں اپنے قونصل خانے پر انتہا پسند گروہ کی جانب سے کیے گئے حملے اور جرمن حکام کی طرف سے قونصل مشن کے احاطے کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی شدید مذمت کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ واقعے میں قونصل خانے اورسفارتی عملے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ویانا کنونشن برائے قونصلر تعلقات، 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور سفارتکاروں کی سلامتی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں اور انہیں ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ جرمن حکام واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں اورسیکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔

علاوہ ازیں، جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے شرپسندوں کی طرف سے پاکستانی سفارتخانے میں توڑ پھوڑ کی مذمت کی اور کہا ہے کہ وہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو اور شرپسندوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے۔ سفارتخانے نے اپنی کمیونٹی سے صبر اور پرسکون رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔

جرمنی واقعہ؛ سیاسی عناصر ملوث ہوئے تو عمران خان انہیں نہیں بچا سکیں گے، حکومت

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بنوں امن مارچ واقعے میں پی ٹی آئی ملوث ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے خون میں تشدد کی سیاست ہے، یہ لوگ ہمیشہ لاشوں کی تلاش میں رہتے ہیں، اپنے ہی لوگوں کو مروا کر اس کا الزام سیکیورٹی فورسز پر لگاتے ہیں، یہ سیاسی نہیں بلکہ دہشت گرد جماعت ہے، آپ تحریک طالبان پاکستان تحریک انصاف (ٹی ٹی پی ٹی آئی ) ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنوں کینٹ پر حملے میں 8 جوان شہید ہوئے، ان کی کوشش تھی سویلینز کی ہلاکت کا الزام فوج پر لگوائیں، بنوں میں تاجروں کے امن مارچ میں تحریک انصاف کے لوگ شامل ہوئے اور کینٹ پر حملے کے جائے وقوعہ پر فائرنگ کی، ان کے مسلح افراد جتھوں کی شکل میں شامل ہوئے اور دنگا فساد کرانے کی کوشش کی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے، یہ واقعہ بھی اس دیوار سے ایک کلومیٹر دور پیش آیا، اللہ کا شکر ہے بڑے نقصان سے بچ گئے۔

وزیر اطلاعات نے عمران خان کو سزائے موت کے قیدیوں والی کال کوٹھری میں رکھنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شریف خاندان کو اذیت ناک سیلز میں رکھا جاتا تھا، عمران خان کو اڈیالہ جیل میں صدارتی سوئٹس میں رکھا گیا ہے، انہیں ورزش کی سائیکل، کچن، واکنگ گیلری، پرتعیش کھانے کی سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے میں ویڈیوز کی مدد سے کسی پاکستانی شہری کے ملوث ہونے کی شناخت کی جارہی ہے، ان کا شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیا جائے گا، ان کیخلاف سخت ترین کارروائی ہوگی، اس میں سیاسی عناصر ملوث ہوئے تو عمران خان انہیں نہیں بچا سکیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے