جادو کی حقیقت ، علاج اور جعلی عاملین کی بھرمار

شیطان نے ازل سے انسان کو گمراہ کیا ہے اور گمراہی کے لیے اپنی چالیں چلتا رہتا ہے۔ جس میں ایک عمل جادو بھی ہے. جادو خالصتاً شیطانی راستہ ہے ، اس عمل میں شیاطین کو خوش کرنے کے لیے کفر و شرک کے کلمات لکھے جاتے ہیں یا پھر ایسے منتر اختیار کیے جاتے ہیں، جن میں کفر و شرک کے کلمات کے ساتھ ساتھ خون کا استعمال عمل میں لایا جاتا ہے جیسا کہ کسی نا پاک جانور کا خون، ناپاکی کی حالت میں استعمال کیا جاتا ہے ۔

ایسے واقعات بھی سننے کو ملتے ہیں کہ رات کے پچھلے پہر میں کچھ مرد و خواتین برہنہ ہو کر قبرستان میں جاتے ہیں اور وہاں بیٹھ کر شیطان کو خوش کرنے کے لیے اس کی مدد حاصل کرنے کے لیے مختلف کفریہ و شرکیہ عقائد کے مطابق اعمال کر کے واپس لوٹ جاتے ہیں. یہ انتہائی حد ہوتی ہے۔ ایسے لوگ در اصل شیطان کا انسانی چہرہ ہوتے ہیں۔ یہی وہ لوگ ہوتے ہیں، جن کے سامنے تلاوت کلام ان کے لیے خوف بن جاتی ہے ۔ مسجد اور اللہ کا ذکر ان کے سامنے کیا جائے تو ان کے جسم پر تھرتھراہٹ شروع ہو جاتی ہے۔

یہ لوگ قبرستان میں سپردِ خاک مردوں کی قبروں میں کئی ایک دفعہ تعویذ گنڈے بھی دفن کر کے آتے ہیں، کئی دفعہ جانور کی ہڈی پہ نام اور شرکیہ جملے لکھ کر قبرستان میں دفن کر دی جاتی ہیں۔ اس کے بعد جنات شیاطین کا کام شروع ہوتا ہے اور جس شخص کا نام ان تعویذ یا ہڈی وغیرہ پہ لکھا ہوتا ہے، اس کے لیے ڈراؤنے خواب سے شروع ہونے والا عمل یا تو وہیں دم توڑ جاتا ہے یا پھر اس شخص کو بھی شرک کے دہانے پر لے آتا ہے اور یہی شیطان کی خواہش ہوتی ہے ،جس میں وہ اکثر کامیاب بھی ہو جاتا ہے۔

جس شخص پہ یہ عمل کیا گیا ہے اگر تو اس کا عقیدہ توحید مضبوط ہے اور وہ اللّٰہ تعالیٰ پہ کامل یقین رکھتا ہے تو وہ کلام اللّٰہ سے ہی علاج کرے گا ۔ امام فخر الدین رازی ؒلکھتے ہیں:’’شریعت میں سحر، جادو ہر اس کام کے ساتھ مخصوص ہے جس کا سبب مخفی ہو، اسے اس کی اصل حقیقت سے ہٹ کر پیش کیا جائے اور دھوکا دہی اس میں نمایاں ہو۔“ غرض سحر ،ساحر اور شیطان کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کا نام ہے، جس کی بناء پر جادوگر کچھ حرام اور شرکیہ امور کا ارتکاب کرتا ہے اور شیطان اس کے بدلے جادوگر کی مدد کرتا اور اس کے مطالبات پورے کرتا ہے۔

رسول اللہ ﷺ پر یہودیوں کا سحر کرنا اور اس کی وجہ سے آپﷺ پر بعض آثار کا ظاہر ہونا اور بذریعہ وحی اس جادو کا معلوم ہوجانا اور اس کا ازالہ کرنا احادیثِ صحیحہ سے ثابت ہے۔ رسول اللہ ﷺ کے عمل سے ہمیں جادو ٹونے کو ختم کرنے کا واضح طریقہ بتلا دیا گیا ، اس کے باوجود اگر ایسے اثرات ختم نہ ہو رہے ہوں تو کسی بھی نیک انسان ، امام مسجد سے کلام اللّٰہ شریف کا دم کروا لینا چاہیے، کلام اللّٰہ پورے کا پورا شفاء ہے . مختلف روایات میں جادوئی علامات کے وقت سورة الفاتحہ ، سورة البقرہ ، سورۂ یونس کی آیت نمبر 81 اور 82 ، سورة المزمل ، سورة الفلق، سورة الناس مجرب عمل ہے۔ جادوئی علامات کے علاوہ بھی ہمیں صبح و شام کی مسنون دعائیں اور کلام اللّٰہ کی تلاوت کا اہتمام کرنا چاہیے پھر ان شاءاللہ تعالیٰ کبھی اثرات نہ ہو پائیں گے ، مختصر یہ کہ جادو خالصتاً ایک شیطانی عمل ہے،جس سے بچنا ،دور رہنا اور مکمل اجتناب کرنا، صحیح طریقہ سے اس کا علاج ایمان اور شریعت دونوں کا بنیادی تقاضا ہے۔

قارئین کرام! مندرجہ بالا پیراگراف میں آپ نے جادو کی حقیقت اور علاج ملاحظہ کیا۔ اب مختصراً جائزہ لیتے ہیں. ہمارے معاشرے اور سوشل میڈیا پر نام و نہاد جعلی عاملین کا، ہمارے معاشرے میں جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ روحانی بیماریوں خصوصاً جادو ٹونے ، اس کے بارے میں قیاس آرائیاں ، اور جعلی عاملین کو خاصا عروج ملا ہے۔ حال ہی میں شُف شُف سرکار سے مشہور ہونے والے اسکالر، عامل بہ مقابلہ اقرار الحسن تقریباً ہر پاکستانی دیکھ چکا ہے. اس پہ مزید لکھنے کی ضرورت اس لیے نہیں کیوں کہ دونوں طرف کی صورت حال سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موجود ہے اور عوام بھی اپنا فیصلہ اس بارے سنا چکی ہے۔

چند دن قبل مجھے ایک ایسا شخص ملا جن کے گھر سے تعویذ برآمد ہوئے تھے ،جسے لے کر وہ اچھے خاصے پریشان تھے. جب انہوں نے مجھ سے ذکر کیا تو میں نے اُنہیں واضح الفاظ میں وارننگ دی کہ جعلی عاملین سے ذرا دور رہیے گا اور نبوی علاج شروع کیجیے الحمد للّٰہ اب وہ بالکل سلامت اور صحت مند ہیں، ان کی پریشانی ختم ہو چکی ہے۔ کیوں کہ عاملین کے چکر میں جو شخص بھی پڑتا ہے، وہ اپنی مالی حالت ضرور ہلکی کر لیتا ہے۔

گوجرانولہ کے ایک عامل کا تعارف چند دن قبل مجھے کسی نے کروایا، مزید تفصیلات لینے پہ پتہ چلا کہ موصوف کسٹمرز کے خرچے پر پاکستان بھر کا جہاز کے ٹکٹ کے ساتھ سفر کرتے ہیں. لوگوں سے بھاری ہدیہ وصول کرنے کے علاوہ تحائف وغیرہ بھی ساتھ لازم و ملزوم ہیں، تب جا کر مریدین کا جادو اترتا ہے۔ بنگالی بابا کا نمبر تو اکثر لوگوں خصوصاً کراچی والوں نے ہر دوسری دیوار پہ لکھا ہوا دیکھا ہو گا ، جس پہ آپ فون کر کے آپ نے اپنے مسائل بتانے ہوتے ہیں ، اس کے بعد آپ کا علاج بنگالی بابا وہیں سے بیٹھ کر کرتے ہیں لیکن رکیے ذرا ! درمیان میں ایک اور مرحلہ بھی ہے، بنگالی بابا آپ کے سارے مسائل خصوصاً محبت کی ناکامی وغیرہ سن کر آپ کو ایک نمبر عنایت فرمائیں گے، اس پہ متاثرہ شخص نے ان کی بتائی ہوئی رقم جو دس ہزار سے پچاس ہزار تک ہوتی ہے ٹرانسفر کرنی ہے، اس کے بعد آپ کے تمام کام وہ تعویذ گنڈے کے ذریعے کر دیں گے (نعوذباللہ)۔

یقیناً آپ حیران ہو رہے ہوں گے لیکن ایسے لوگوں کی دوکان دوسری دوکان مثلاً جنرل اسٹور وغیرہ سے اچھی چل رہی ہے، اب تو سوشل میڈیا کا دور ہے اس لیے آن لائن یہ دھندہ زبردست عروج پر ہے، انسان کی نفسیات کے ساتھ کھیل کر عاملین خوب پیسہ کما رہے ہیں، بلکہ وہ اسے ایک انڈسٹری سمجھتے ہیں۔ اپنی مریدین بنا کر ان کو اپنے سحر میں جکڑ لیتے ہیں، ایک وقت ایسا بھی آ جاتا ہے کہ نفسیاتی طور پر متعلقہ شخص اپنے عامل کے مکمل کنٹرول میں چلا جاتا ہے، حتیٰ کہ وہ اپنا چوبیس گھنٹے کا شیڈول اپنے عامل سے اجازت لے کر بنا رہا ہوتا ہے ۔ اللّٰہ تعالیٰ نے تو ہر انسان کو آزاد پیدا کیا ہے لیکن ایسے لوگ ہی اپنے آپ کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ لیتے ہیں ۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ علماء کرام اس حوالے سے اسلام کے واضح احکامات عوام الناس کو سمجھائیں ۔ انسان اشرف المخلوقات ہے، انسان کا رعب و دبدبہ اللّٰہ تعالیٰ نے ہر مخلوق پہ رکھا ہے ۔ جو شخص رب العالمین سے ڈرتا ہے ،دنیا کی ہر چیز اس سے ڈرتی ہے، مسلمان اگر صرف اپنی زندگی میں تقویٰ اختیار کر لے تو وہ ان سب خرافات، حتیٰ کہ جادو کا شکار ہو جانے سے بھی بچ سکتا ہے۔ مشاہدات کی بنا پر یہاں تحریر کر رہا ہوں کہ خدا نخواستہ کسی شخص پہ جادو ٹونا کرنے کی کوشش کی جائے تو متاثرہ شخص اس وقت اللّٰہ تعالیٰ کے ذکر اور اعمال میں لگا ہوا ہو تو ایسا بھی ہوا ہے کہ وہ ہی شیطانی طاقتوں کے اثرات واپس جادو کرنے اور کروانے والے شخص پہ ہو جاتے ہیں۔ آئیے آج عہد کیجیے کہ زندگی کے کسی موڑ میں بھی کسی کا خوف دل میں نہیں آنے دیں گے ، خصوصاً شیاطین جنات کا خوف یا ان کے ڈرانے والی حرکات سے نہیں خوف کھائیں گے؛ بلکہ صرف ایک اللّٰہ تعالیٰ کی ذاتِ مبارکہ کا خوف دل میں ہو گا تو آپ یہ بات لکھ لیں کہ آپ کو دنیا کی کوئی طاقت نا تو ڈرا سکتی ہے اور نا ہی شکست دے سکتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے