گجرات : احمدی ڈاکٹر کو کلینک میں گھس کر قتل کر دیا گیا

چناب نگر : عقیدے کے اختلاف کی بنا پر احمدی ڈینٹسٹ ڈاکٹر ذکا الرحمن کو آج 27 جولائی 2024ء کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ذکا الرحمن ڈینٹسٹ اپنے کلینک ذکا ڈینٹل کلینک جی ٹی روڈ لالہ موسی ضلع گجرات پر موجود تھے کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد ان کے کلینک کے باہر آئے۔ ایک شخص کلینک کے اندر داخل ہوا، اور اس نے ڈاکٹر ذکا الرحمن پر فائرنگ کر دی۔ ان کے دل، پیٹ اور بازو پر تین گولیاں لگیں۔ جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ وقوعہ کے بعد قاتل موقع سے فرار ہو گئے۔

ان کے قتل کا افسوسناک وقوعہ تھانہ لالہ موسیٰ ضلع گجرات کی حدود میں پیش آیا۔مقتول ڈاکٹر ذکاالرحمن کی عمر تقریباً 53 سال تھی۔ وہ جماعت احمدیہ کے مقامی عہدیدار تھے ۔ان کا کسی سے کوئی تنازعہ یا لین دین نہ تھا۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے ڈاکٹر ذکا الرحمن کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ ماہ 8 جون کو دو احمدیوں، غلام سرور صاحب اور راحت احمد باجوہ صاحب کو سعد اللہ پور ضلع منڈی بہاالدین اور 4مارچ کو حاصل پور ضلع بہاولپور میں طاہر اقبال چیمہ صاحب کو احمدی ہونے کی بنا پر قتل کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے جانب سے ایک احمدی کو ضمانت دینے اور اس پر نظر ثانی کے حالیہ فیصلے کےبعد احمدیوں کے خلاف جاری نفرت انگیز مہم میں انتہائی شدت آ گئی ہے۔ اعلیٰ عدالتوں کے ججوں کو بھی اس مذموم مہم کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ نفرت انگیز مہم چلانے والےظاہر ہیں ۔حکومت ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کیوں نہیں کرتی؟نفرت اور تشدد کی تلقین کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے تو مذہب کی بنا پر قتل و غارت گری کو روکا جا سکتا ہے۔ترجمان جماعت احمدیہ نے پاکستان میں احمدیوں کے خلاف متعصبانہ نفرت انگیز مہم کو روکنے اور ڈاکٹر ذکاالرحمن کے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے