پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

اسلام آباد: پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، رات بارہ بجتے ہی ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 14 اگست کا شاندار آتش بازی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔

رات بارہ بجتے ہی ملک کے مختلف علاقوں میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے جبکہ جشن آزادی کی مناسبت سے ہر سو سر سبز جھنڈوں کی بہار آگئی، اس کے علاوہ سرکاری و دیگر اہم عمارتوں کو بھی جشن آزادی کی مناسبت سے برقی قمقموں کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

جشن آزادی کی مناسبت سے گورنر ہاؤس سندھ اور گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں شاندار میوزیکل پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، گورنر ہاؤس سندھ میں آتشبازی کیلیے دبئی سے خصوصی ٹیم کو مدعو کیا گیا جبکہ معروف گلوکار عاطف اسلم اور عابدہ پروین نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

14 اگست کا دن ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آبا و اجداد نے ایک طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد پاکستان کو معرض وجود میں لانے کے لیے دیں۔

دن کا اغاز وطن عزیز کیلیے خصوصی دعاؤں سے ہوا جب کہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی پرچم کشائی کی تقاریب جاری ہیں۔

یوم آزادی کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں اور تقاریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

باکستان کی ترقی و خوشحالی ایک اٹل حقیقت ہے، جو اس کی 24 کروڑ کی آبادی کے عزم و ہمت کا نتیجہ ہے۔ ملک کی 65 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ نوجوان پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

جغرافیائی اعتبار سے پاکستان خطے کا ایک اہم ملک ہے، جس کی سرحدیں بھارت، چین، افغانستان اور ایران سے ملتی ہیں پاکستان کے پاس 1046 کلومیٹر طویل سمندری پٹی موجود ہے، جو عالمی سمندری راستوں تک باآسانی رسائی فراہم کرتی ہیں جبکہ سی پیک اور تاپی جیسے منصوبے خطے اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے اہم منصوبے ہیں، جو پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کو بڑھاتے ہیں۔

پاکستان کا وسیع و عریض تاریخی و ثقافتی ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، یہاں قدرتی ورثے بھی موجود ہیں، جن میں صحرا، سمندر، جھیلیں، بل کھاتے دریا، اور بلند و بالا پہاڑ شامل ہیں گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو واقع ہے۔

سوات میں بدھ مت کے تاریخی سٹوپا مجسمے موجود ہیں جنہیں مشہور بادشاہ آشوکا کی جانب سے بنایا گیا۔ مغلیہ دور کے کئی شاہکار، جن میں شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شیش محل، اور ہرن منار شامل ہیں، دنیا بھر سے سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتے ہیں۔

پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے۔ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کی جنگ میں فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔

پاکستان نے کرکٹ، ہاکی، اور اسکواش جیسے کھیلوں میں کئی نامور کھلاڑی پیدا کیے ہیں، جن میں جہانگیر خان کا 555 گیمز جیتنے کا منفرد ریکارڈ شامل ہے۔ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور ترقی کی منازل طے کرنے میں ہر پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پیغام

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے 78ویں یوم ِآزادی پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یومِ آزادی حقِ خود ارادیت کیلئے ہندوستانی مسلمانوں کی تاریخی سیاسی جدوجہد کا نقطہ عروج ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے پاکستان کا قیام تاریخ کا ایک بے مثل اور بے نظیر باب ہے، پاکستان کیلئے انگنت قربانیاں دینے والے تحریک ِپاکستان کے رہنماؤں، کارکنان اور اپنے آباؤ اجداد کو خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر كام کرنا ہوگا، ملکی اتحاد، سالمیت اور معاشی استحکام کیلئے پرعزم ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمارے ملک کو بے شمار انسانی اور قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، ہماری ذمہ داری ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کو بروئے کار لائیں۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قانون کی حکمرانی، جمہوری اداروں کے استحکام اور عوامی مفاد میں دل و جان سے کام کرنا ہوگا، قوم کو ہم سے بہت سی توقعات ہیں، عوامی امنگوں پر پورا اترنے کی کوشش کرنی چاہیے، قائد اعظم کے فرمان کے مُطابق تمام تر توجہ عوام الناس اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے کیلئے نوجوانوں اور خواتین پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی جبکہ ملکی ترقی کیلئے خدمات کی فراہمی بہتر بنانے، کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے، جشن آزادی پر سات دہائیوں سے اپنی آزادی اور حق ِخود ارادیت کیلئے جدوجہد کرنے والے اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کیلئے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، جشن آزادی پر عہد کریں کہ عوامی ترقی کیلئے کام کریں گے، پاکستان کو ایک خوشحال ملک بنائیں گے۔

پاکستان میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے: مریم نواز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے اور ایک قوم بن کرملک کیلئے سوچیں توپاکستان کی تقدیربدل سکتی ہے۔

یوم آزادی پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزار اقبال پر حاضری دیتے ہوئے پھولوں کی چادرچڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، اس دوران انہوں نے ملکی سالمیت، ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا اور شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازے پر پرچم کشائی کی جہاں بوائے اسکاؤٹس کے دستے نے سلامی پیش کی۔

یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم پائندہ قوم ہیں، اللہ پاکستان کو ہمیشہ قائم رکھے، پاکستان اللہ کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے، قوم کو یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، گزشتہ روز قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے میاں چنوں گئی، پاکستانی قوم میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ جتنا یہ وطن ہمارا ہے اتنا اقلیتوں کا بھی ہے، پاکستان میں ہر شخص کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ملک کا نام مختلف میدانوں میں روشن کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہو تو یہ آئیڈیل ملک بن سکتا ہے، ایک قوم بن کرملک کیلئے سوچیں توپاکستان کی تقدیربدل سکتی ہے، آزادی کی قدر ان قوموں سے پوچھیں جو ظلم کا شکار ہیں، ہمیں آزادی کی قدر کرنی چاہیے، وطن پرجان قربان کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے