مارٹن لوتھر کنگ جونیئر، 1950 سے لے کر 1968 میں اپنی شہادت تک، امریکی سول رائٹس تحریک کے اہم رہنما تھے۔ ان کی قیادت اور وژن نے امریکا میں تاریخی قوانین کی راہ ہموار کی، جن میں 1964 کا سول رائٹس ایکٹ اور 1965 کا ووٹنگ رائٹس ایکٹ شامل ہیں۔ مارٹن لوتھر کنگ کا خواب صرف امریکی معاشرے کے لیے نہیں تھا، بلکہ ان کی جدوجہد دنیا بھر میں انسانی حقوق، انصاف اور امن کے لیے ایک مثال بنی۔
کنگ کا یہ یقین تھا کہ حقیقی امن اسی وقت ممکن ہے جب معاشرے میں انصاف اور برابری ہو۔ ان کی عدم تشدد کی تحریک نے لوگوں کو اپنے حقوق کے لیے لڑنے کا ایک نیا اور پرامن راستہ دکھایا۔ یہ وہی اصول ہیں جنہوں نے بعد میں عالمی سطح پر امن کی تحریکوں کو جنم دیا، اور بالآخر 1981 میں اقوام متحدہ نے بین الاقوامی یوم امن کا اعلان کیا۔
اقوام متحدہ کا یہ دن عالمی برادری کے لیے ایک پکار ہے کہ وہ مارٹن لوتھر کنگ جیسے عظیم رہنماؤں کے اصولوں کو اپناتے ہوئے عالمی سطح پر انصاف، برابری، اور عدم تشدد کو فروغ دیں۔ بین الاقوامی یوم امن کا مقصد نہ صرف تنازعات کو ختم کرنا ہے، بلکہ ہر فرد کو انصاف، احترام، اور امن کے ساتھ جینے کا حق دینا ہے۔
21 ستمبر کو دنیا بھر میں منائے جانے والے بین الاقوامی یوم امن کواقوام متحدہ نے 1981 میں متعارف کروایا تاکہ عالمی سطح پر جنگ بندی اور عدم تشدد کی اپیل کی جا سکے۔ یہ دن ہمیں اس بات پر آمادہ کرتا ہے کہ دنیا میں موجود مختلف تنازعات اور اختلافات کے باوجود، ہمیں امن کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔
آج کے دور میں جب دنیا عدم استحکام، غربت، ناانصافی اور ماحولیاتی بحران کا شکار ہے، امن کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اس سال کے یوم امن کا موضوع "امن کی ثقافت کو فروغ دینا” ہے، جو ہمیں اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم اپنے اندر اور اپنے معاشروں میں ان عوامل کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کام کریں جو تصادم اور انتشار کا باعث بنتے ہیں۔
امن کا کیا مطلب ہے؟
امن صرف جنگ نہ ہونے کا نام نہیں، بلکہ ایک ایسے معاشرے کا خواب ہے جہاں انصاف، مساوات اور حقوق کی پاسداری ہو۔ ایک ایسی دنیا کا تصور جہاں ہر فرد کو عزت، تحفظ اور بہتر زندگی گزارنے کے مواقع فراہم ہوں۔ حقیقی امن کا مطلب صرف بندوق چلانے پر پابندی نہیں، بلکہ نفرت اور ناانصافی کے خاتمے کا عہد کرنا ہے۔
حقیقی امن کہاں سے شروع ہوتا ہے؟
امن کا آغاز ہمارے دل سے ہوتا ہے۔ یہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ہم دوسروں کو اپنے برابرسمجھیں اور ان کی عزت کریں۔ امن کے فروغ کے لیے ہمیں صرف تقریبات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ چاہے یہ ایک چھوٹا سا خیرسگالی کا عمل ہو یا کسی کے مسائل کو سننے کی کوشش، یہ سب امن کے بیج بونے کے مترادف ہیں۔
ہم اس مہم میں کیسے شامل ہو سکتے ہیں؟
بین الاقوامی یوم امن پر بہت سی سرگرمیوں میں شامل ہو کر ہم امن کے فروغ میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ دنیا بھر میں 12 بجے دوپہر کو ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جاتی ہے تاکہ امن کی علامت بن سکے۔ اس کے علاوہ امن پر مبنی تقاریب، ورکشاپس، میوزک کنسرٹس، اور کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔ اسکولوں میں بچوں کو امن، برداشت اور عدم تشدد کے بارے میں شعور دینا ضروری ہے تاکہ وہ ایک بہتر معاشرے کا حصہ بن سکیں۔
اقوام متحدہ ہر سال اس دن کے موقع پر 24 گھنٹے کی جنگ بندی کی اپیل کرتا ہے، تاکہ عدم تشدد کا پیغام دنیا بھر میں پھیلایا جا سکے۔
آج کے دور میں امن کیوں ضروری ہے؟
آج کا عالمی ماحول انتشار، نفرت اور عدم استحکام سے بھرا ہوا ہے۔ مختلف ممالک میں سیاسی اور معاشی بحران، ماحولیاتی تبدیلی اور مسلح تنازعات امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ ایسے میں امن کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو گئی ہے۔ امن ہمیں نہ صرف متحد رکھتا ہے بلکہ ہمیں ایک بہتر اور محفوظ دنیا کی جانب لے جاتا ہے۔
بین الاقوامی یوم امن صرف ایک دن کی علامتی تقریب نہیں، بلکہ ہمیں اس دن کو ایک مستقل عہد کے طور پر دیکھنا چاہیے ۔ آج کا دن ہمیں اس بات کی ترغیب دیتا ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر، منصفانہ اور پرامن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں اور انسان ہونے کے ناتے ہمارا مقصد امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔