اسموگ: پنجاب کے کئی اضلاع میں اسکولز ، ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری

لاہور: اسموگ کے پیشِ نظر پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعلیمی اداروں ، ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا۔

محکمہ ماحولیات پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق فیصلے کا اطلاق لاہور، حافظ آباد، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب،گوجرانوالا، گجرات، منڈی بہاءالدین، سیالکوٹ، نارووال،فیصل آباد، چنیوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، لودھراں، وہاڑی اور خانیوال کے اضلاع پر ہوگا۔

ان اضلاع میں تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے بارہویں جماعت اور اے لیولز تک 7 سے 17 نومبرتک بند رہیں گے تاہم تمام تعلیمی ادارے آن لائن کلاسز لیں گے۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب نے بھی اسکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن ببھی جاری کردیا جس میں ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اسموگ کے پیشِ نظر اسپورٹس گالا ملتوی کر دیا: مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسموگ کی صورتِ حال کے پیش نظر اسپورٹس گالا ملتوی کر دیا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسموگ کے بعد اسپورٹس گالا منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لاہور میں شہریوں میں ماسک فراہمی کی مہم شروع کر دی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ مساجد سے اسموگ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ 9 سے زائد مقامات پر آگ جلانے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور 15 ایف آئی آرز درج کر کے 4 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

واضح رہے کہ حکومتی اقدامات کے باوجود لاہور میں اسموگ کی صورتِ حال برقرار ہے۔

دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور کا آج بھی پہلا نمبر ہے اور یہاں اسموگ کی صورتِ حال مسلسل تشویش ناک ہوتی جا رہی ہے، گرین لاک ڈاؤن ایریاز کے ساتھ ساتھ ملحقہ علاقوں میں بھی پابندیوں پر عمل نہیں کیا جا رہا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے