کرم: مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کا واقعہ، جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہوگئی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہوگئی۔

گزشتہ روز ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔

اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ 42 افراد کانوائے میں شامل گاڑیوں میں جاں بحق ہوئے جب کہ مزید 2 افراد مختلف علاقوں میں مارے گئے ہیں۔

جاں بحق ہونے والے افراد سے متعلق قبائلی رہنما جلال بنگش کا کہنا ہے کہ کل کے واقعات کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تدفین کا عمل مختلف علاقوں میں جاری ہے۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود نے بتایا کہ واقعے سےمتعلق تحقیقات کی جارہی ہیں عوام کے جان و مال سے کھیلنے والے عناصر سزا سے نہیں بچ سکتے۔

کرم: نامعلوم افراد کی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے جاں بحق افرادکی تعداد 42 ہوگئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 42 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ضلع کرم میں پارا چنار سے پشاور جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر اوچت کے مقام پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی ۔

وزیرقانون خیبرپختونخوا آفتاب عالم نے جیونیوز سےگفتگو میں بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، واقعےمیں جاں بحق افراد کی تعداد 42 تک پہنچ گئی ہے۔

آفتاب عالم نے کہا کہ فائرنگ راستے میں پہاڑوں کی طرف سے ہوئی، فائرنگ کے بعد مقامی سطح پر دو گروپوں میں تنازع کھڑا ہوا، دونوں گروپ ایک دوسرے پر واقعے میں ملوث ہونےکا الزام لگا رہےہیں، واقعےمیں کوئی مقامی گروپ ملوث نہیں، دہشت گرد تنظیم کی جانب سےفائرنگ کی گئی ہے۔

صدر مملکت کی ضلع کرم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت

صدر مملکت آصف زرداری نے بھی ضلع کُرّم میں مسافر گاڑیوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے مسافروں پرحملہ انتہائی بزدلانہ اور انسانیت سوز عمل ہے، شہریوں پر حملے کے ذمےداران کو کیفر کردار پہنچایا جائے۔

واقعے کے بعد وزیرداخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے حملوں پر اظہارتشویش کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا جب کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سکیورٹی صورتحال پر مزید روابط اور اتفاق رائے پر زور دیا۔

وزیراعلیٰ کے پی نے بھی ضلع کرم میں مسافروں گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے کی مذمت کرتےہوئے صوبائی وزیرقانون، متعلقہ ایم این اے و ایم پی اے،چیف سیکرٹری کو کرم کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔

علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ وفد کرم جاکر وہاں کے معروضی حالات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے، کرم میں صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے سابقہ جرگے کو دوبارہ فعال کیا جائے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان بھی کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے