اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یونان میں جزیرے کے قریب پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اورکہا ہے کہ انسانی اسمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو کہ غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری ایک بیان کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو کہ غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔
وزیر اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دہرائیں، ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں.
خیال رہے کہ گزشتہ روز یونان کے جنوبی جزیرے گیودوس میں مہاجرین کو لے کر جانے والی لکڑی کی بنی ایک کشتی ڈوبنے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
یونان کے کوسٹ گارڈز نے کہا تھا کہ اب تک 39 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، جن میں سے اکثریت پاکستانیوں کی ہے اور انہیں دوسرے جزیرے کریٹے منتقل کردیا گیا۔