راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپورکے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے علی امین گنڈا پور کے حسن ابدال میں درج مقدمے میں جاری وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل محمد فیصل ملک کی جانب سے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کی تمام مقدمات میں ضمانت منظور کی ہے۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل نے پشاور ہائیکورٹ کا حکم نامہ عدالت میں جمع کیا جس کے بعد عدالت نے علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی بھی منسوخ کر دی۔