کرم میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی، اسپتال منتقل

ضلع کرم: لوئر کرم میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق لوئر کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

پولیس کے مطابق بگن میں فائرنگ سے ایک ایف سی اہلکار، ایک پولیس اہلکار اور 3 راہگیر بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

آر پی او کوہاٹ نے تصدیق کی کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرکرم زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ فریقین نے نہیں کی، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، ملزمان کی تلاش جاری ہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ سی ایم ایچ ٹل میں جاوید اللہ محسود کے ساتھ موجود ہوں، اللہ کا شکر ہے کہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، کُرم کے لیے روانہ ہونے والے قافلے کو فی الوقت روک دیا گیا ہے، حالات کنٹرول میں ہیں، صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد قافلے کو روانہ کر دیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے لوئر کرم میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شہباز شریف، محسن نقوی اور علی امین گنڈا پور نے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت تمام زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں اور انسانیت دشمنوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا امن بحال کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہر حال میں امن بحال کر کے رہیں گے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی کرم تنازع پر فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ٹل پارہ چنار شاہراہ کو 3 ماہ بعد آج کھولا جانا تھا۔

اس حوالے سے مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پہلے قافلے میں 75 گاڑیوں کو سکیورٹی حصار میں کرم روانہ کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے