وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی مشترکہ کوششیں رنگ لانے لگیں، ورلڈ بینک نے پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستان کو 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک(سی پی ایف) کے تحت 20 ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیاہے، فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈبینک 20 ارب ڈالر کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا، باقی رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق توسیعی فریم ورک 6 کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرے گا، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی ایف کا مقصد چائلڈ اسٹنٹنگ، موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام ہے، صاف پانی کی فراہمی، عوامی وسائل اور نجی سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے، ٹیکس ریونیو کو جی ڈی پی کے 15 فیصد سے زائد کرنا ہے جبکہ قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 10 گیگاواٹ کا اضافہ کرنا مقاصد میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق 12 ملین طلبا کو معیاری تعلیم اور 50 ملین افراد کو صحت کی سہولیات فراہمی، 60 ملین افراد کو صاف پانی اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کی فراہمی سی پی ایف میں شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 30 ملین افراد کیلئے غذائی تحفظ، 30 ملین خواتین تک مانع حمل کی رسائی بڑھانے کے اہداف بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق سیلاب سمیت قدرتی آفات اورخطرات سے نمٹنے کیلئے بھی اہداف مقرر کیے گئے جس سے 75 ملین افراد مستفید ہوں گے۔