بلوچستان میں پھرخونریزی کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں گوادرمیں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گوادر کےعلاقے کلمت میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے 5افراد موقع پر جاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
تاہم فائرنگ سے زخمی شخص بھی دوران علاج دم توڑ گیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق افراد گوادر سے کراچی جا رہے تھے جس میں سے ایک شخص کا تعلق ملتان سے ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقے منگچر میں بھی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 4 مزدور جاں بحق ہوئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے منگچر کی ملنگ زئی میں ٹیوب ویل کی تنصیب پر کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
انہوں نے بتایاکہ جاں بحق افراد کا تعلق صادق آباد سے تھا۔