اسلام آباد؛ پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات حافظ منیر احمد اور دیگر رہنماؤں نے ایران کے صوبہ سیستان میں ایرانی دہشت گردوں کے ہاتھوں آٹھ بے گناہ مظلوم پاکستانیوں کی سفاکانہ شہادت پر گہرے رنج و غم اور شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو کھلی دہشت گردی، انسانیت سوز ظلم اور بین الاقوامی انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔رہنماؤں نے کہا کہ ایران جیسے ہمسایہ ملک کی سرزمین پر پاکستانی شہریوں کا بے دردی سے قتل نہ صرف دو طرفہ تعلقات کے لیے خطرناک ہے بلکہ یہ ملتِ پاکستان کی غیرت و حمیت کے خلاف ایک کھلا چیلنج ہے۔
پاکستان شریعت کونسل اس بزدلانہ اور ظالمانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایرانی حکام سے بھرپور سفارتی احتجاج کیا جائے، ایران میں چھپے دہشت گردوں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، واقعے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں، اور مظلوم شہداء کے خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے۔دریں اثناء پاکستان شریعت کونسل کے سرپرست مولانا مفتی رویس خان ایوبی، نائب امیر مولانا عبدالرزاق، مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا شبیر احمد کشمیری، چوہدری خالد محمود ایڈووکیٹ، مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد، مفتی محمد نعمان پسروری، مولانا عبدالحفیظ محمدی، مولانا ثناءاللہ غالب، مولانا عبدالحسیب خوستی، مولانا محمد امین، مولانا قاسم عباسی، مولانا حافظ علی محی الدین، مولانا قاری عثمان رمضان، سعید احمد اعوان، مولانا امجد محمود معاویہ، مولانا صاحبزادہ نصرالدین خان عمر، مفتی جعفر طیار، مولانا عطاء اللہ علوی، مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں، مولانا عبید الرحمن معاویہ، ذوالفقار گل ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں نے بھی اس المناک سانحہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے اور مجرموں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔
جاری کردہ:
پروفیسر حافظ منیر احمد
سیکرٹری اطلاعات، پاکستان شریعت کونسل