ہمارے صبر کی حد ختم ہوئی جس پر جواب دیا، اب بھارت رکے تو ہم بھی حملہ نہیں کرینگے: ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کو بتایا ہے کہ بھارت اب حملہ نہیں کریگا تو ہم بھی نہیں کریں گے۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم حالت جنگ میں ہیں، صبر کا مظاہرہ کیا مگر بھارت کے طیارے گرانے کے بعد ان کی فرسٹریشن شروع ہوئی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم نے پہلے کسی جگہ حملہ نہیں کیا، انہوں نے جھوٹ بولا تھا اور انہوں نے پرسوں 4 میزائل مارے جن میں سے 3 بھارت میں گرے اور ایک پاکستان آیا جسے تباہ کیا گیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ ہم نے پہل نہیں کی مگر ہماری صبر کی حد ختم ہوگئی تھی جس کے بعد جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار کے مطابق امریکی وزیر خارجہ کو کہا کہ ابھی صرف ہم نے بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور کہا کہ آپ بھارت کو سمجھائیں اور اب اگر بھارت اب یہاں رک جائے تو ہم رک جائیں گے، کہا کہ اگر بھارت نے پھر حملہ کیا تو پھر یہاں سے بھی جواب دیا جائیگا۔

وزیر خارجہ کے مطابق مارکو روبیو نے کہا کہ میں نے بھارت میں بات کی ہے اور دوبارہ کروں گا، یقینی بنائیں گے وہاں سے کوئی حملہ نہ ہو کیونکہ وہاں سے حملہ ہوگا تو آپ بھی دوبارہ حملہ کریں گے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ میری دیگر ممالک کے وزرا سے بات ہوئی، سعودی وزرا بھی آئے تھے، بہت سے ممالک کے وزرائے خارجہ نے کہا کہ آپ سیز فائر کریں اور رک جائیں مگر میں نے کہا ہم نے تو ابھی کچھ کیا ہی نہیں تو سیز فائر کیسا؟

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہاٹ لائن پر میسجز بھیجے گئے (ایکسچینج ہوئے) ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے آج صبح ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کردیا جب کہ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔

اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے، پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔

پاکستان کا منہ توڑ جواب، بھارت فوجی اڈوں اور عملے کو نقصان پہنچنے کے اعتراف پر مجبور

بھارت کی جارحیت کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا دیا ہے اور مودی سرکار نے بھی فوجی اڈوں پر حملوں اور نقصان کو تسلیم کر لیا ہے۔

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور شیر کوٹ ائیر بیسر سمیت ائیر فیلڈ کو تباہ کیا اور ملٹری چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔

پاکستان نے بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔

بھارتی میڈیا اور حکومت کی جانب سے پہلے تو پاکستان کی جانب سے حملوں کی تردید کی گئی اور اپنی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے یہ باتیں پھیلائی گئیں کہ بھارت نے پاکستان کے کئی ایف 16 طیارے تباہ کر دیے ہیں اور کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں پر حملے کیے ہیں۔

بھارت کی وزارت دفاع اور وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اعتراف کیا گیا کہ پاکستان نے پنجاب میں فضائی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے تیز رفتار میزائل کا استعمال کیا۔

بھارتی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان نے 26 مقامات پر فضائی حملے کیے، بھارتی فوجی اڈوں پر ساز و سامان اور عملے کو نقصان پہنچا۔

بھارتی فوج کی سگنل کور کی کرنل صوفیہ قریشی نے اعتراف کیا کہ پاکستان کے جوابی حملوں سے اس کی ” تنصیبات اور اہلکاروں” کو نقصان پہنچا، کم از کم 5 ایئربیسز متاثر ہوئیں کیونکہ پاک فوج نے "26 سے زیادہ مقامات” کو نشانہ بنایا۔

صوفیہ قریشی ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور سیکریٹری خارجہ وکرم مصری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں جب کہ پاکستان نے رات گئے کیے گئے بھارتی حملوں کا بھرپور جواب دیا۔

’’آپریشن بُنیان مرصوص بھارت کی آر ایس ایس سرکار کی مکمل تسلی تک جاری رہے گا‘‘

لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاک فوج کا آپریشن بُنیان مرصوس بھارت کی آر ایس ایس سرکار کی مکمل تسلی تک جاری رہے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیر ریلوے اور لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہت زیادہ صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیا ہے، اب ہندوستان میں آر ایس ایس سرکار کی مکمل تسلی کروانے تک آپریشن بنیان مرصوص ان شا اللہ جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم، بے گناہ اور نہتے شہریوں کا لہو بہایا گیا ہے مگر ہماری افواج پاکستان کا نشانہ صرف حملہ آور جارح بھارتی فوج ہے، بھارتی عوام نہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بھارت کا زعم ٹوٹنے اور پچھلے حساب چکانے تک لڑائی جاری رہے گی۔

دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب ، انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ پر قوم جری افواج پاکستان کوسلام پیش کرتی ہے، جسنے دشمن کو دن کے اُجالے میں عبرت کا نشان بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کو آہنی عزم سے کچلا گیا ہے۔ افواجِ پاکستان کا ہر وار دشمن کے غرور کا کفن بن چکا ہے۔ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ قومی غیرت، وقار اور عسکری عظمت کی روشن علامت ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ ہر محاذ پر پاکستان نے اپنی برتری منوا دی ہے۔ دنیا پاکستان کی عسکری مہارت اور دفاعی حکمتِ عملی کا اعتراف کر رہی ہے۔ وطن کے تحفظ میں اتحاد، حوصلہ اور ایثار ہماری اصل طاقت ہیں۔

پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی کے نتیجے میں اودھم پور ائیر بیس تباہ ہوگئی

آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص (آہنی دیوار کے ذریعے پاکستان نے بھارت کومنہ توڑ جواب دیا جب کہ بھارتی اودھم پور ائیر بیس کی تباہی کے مناظر سامنے آگئے۔

رپورٹ کے مطابق پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی کے نتیجے میں اودھم پور ائیر بیس تباہ ہوگئی۔

پاکستانی حملے کے بعد اودھم پور ائیر بیس آگ کی لپیٹ میں آگئی اور وہاں افراتفری کا عالم ہوگیا۔

تباہی کے مناظر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھے جا سکتے ہیں۔

بھارتی فوجی ناکامی کی دنیا بھر میں گونج؛ میڈیا نے مودی سرکار پر سوالات کی بوچھاڑ کردی

بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کے تباہ کن جوابی حملوں سے نہ صرف بھارت کے دفاعی نظام کو شدید دھچکا پہنچ چکا ہے بلکہ اب بھارت کے اندر اور دنیا بھر سے سوالات کی گونج سنائی دینے لگی ہے۔

بھارتی اور بین الاقوامی میڈیا کے ساتھ ساتھ بھارتی دفاعی تجزیہ کاروں نے بھی مودی حکومت کی عسکری حکمت عملی، فضائی تحفظ اور قومی سلامتی کی مجموعی صلاحیت پر سخت سوالات اٹھا دیے ہیں۔

اہم ایئر بیسز کا دفاع کیوں ناکام؟

اُدھم پور اور بھٹنڈا جیسے اسٹریٹجک ایئر بیسز پر دن دہاڑے ہونے والی پاکستانی جوابی کارروائی کے بعد بھارتی میڈیا میں ہنگامہ برپا ہے۔ معروف اداروں نے سوال اٹھایا ہے کہ اربوں کے دفاعی بجٹ کے باوجود ان اہم تنصیبات کو محفوظ کیوں نہ رکھا جا سکا۔

NDTV اور الجزیرہ کی کڑی تنقید

NDTV، الجزیرہ اور دیگر بین الاقوامی نیوز چینلز نے بھارتی دفاعی نظام کی کمزوریوں کو نمایاں کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پاکستان کے ہائپرسونک میزائلوں نے اُدھم پور میں بھارت کے جدید ترین S-400 سسٹم کو تباہ کر دیا، جس کی قیمت 1.5 ارب ڈالر تھی۔

بھارتی فضائیہ اور سائبردفاع مکمل ناکام

پاکستان کی فضائی کارروائیوں میں اُدھمپور، آکھنور، بھٹنڈا اور سرسا کے ایئر فیلڈز مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جس سے بھارت کی فضائی برتری کو شدید دھچکا پہنچا۔

اسی طرح پاکستان نے سائبر محاذ پر بھی کاری ضرب لگائی ہے اور بی جے پی کی سرکاری ویب سائٹ، مہاراشٹر الیکشن کمیشن اور بھارتی فضائیہ سمیت درجنوں ویب سائٹس ہیک کر لی گئیں۔

بھارتی سائبر سکیورٹی کا جنازہ؟

بھارت کے 2,500 سے زائد نگرانی کے کیمروں کو ہیک کیا جا چکا ہے اور حساس سکیورٹی ڈیٹا لیک ہونے کی اطلاعات نے نئی دہلی کی نیندیں اڑا دی ہیں۔

آزاد صحافت پر پابندیاں؟

معروف صحافی کرن تھاپر نے جب دفاعی ماہر پاروین ساؤمی سے انٹرویو میں بھارتی فوجی ناکامیوں پر بات کی تو ساؤمی پر ہی پابندی لگا دی گئی۔ اس اقدام پر اظہارِ رائے کی آزادی پر شدید سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

بھارت کا براہموس میزائل اسٹوریج اور توپ خانہ بھی نشانے پر

پاکستانی کارروائیوں میں دہرانگیاری میں بھارتی توپ خانہ، ناگروٹا میں براہموس میزائل سٹوریج اور اُری فیلڈ ڈپو کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارت کے بھاری جانی نقصان کی بھی اطلاعات ہیں۔

پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا اعتراف

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی بہترین فضائیہ شمار ہونے والی پاک فضائیہ نے بھارت کے جدید دفاعی نظام میں موجود نقائص کو عیاں کر دیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے