ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، پاکستان کے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھےگی۔

قوم سے اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہو کر لڑتے ہیں، آج پاکستانی قوم کومبارک باد پیش کرتا ہوں، غیور پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں، دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستانی ایک خودار قوم ہے،کوئی ہماری خود مختاری کو چیلنج کرے تو اپنے دفاع میں سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن پر غالب آتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا، حالیہ دنوں میں دشمن نے جو کیا وہ کھلی جارحیت تھی، ہماری افواج نے پیشہ ورانہ انداز سے بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا، بھارت نے ہم پر بلاجواز جنگ مسلط کی، ہم نے بلا تاخیر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی تھی، ہم نے مسلسل برداشت کا مظاہرہ کیا،گھمنڈی دشمن نے ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی ناکام کوشش کی تو ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے جسے وہ اچھی طرح سمجھتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں بھارتی فوج کی توپوں کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھےگی، دشمن کے رفال ہمارے شاہینوں کے نشانے پر آکر فیل ہوگئے، ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو زیب دیتا ہے، پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ افواج پاکستان کے جوانوں کا لہو دشمن کے ناپاک عزائم سے کھول اٹھتا ہے، بھارت کے ائیربیسز دیکھتے دیکھتےکھنڈرات بن گئے، پاکستان کو اصولوں کی بنیاد پر فتح حاصل ہوئی ہے، لمحہ شکر ہے جس میں قوم نے افواج پاکستان پر محبت کے پھول برسائے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں افواج پاکستان کے سربراہان اور تمام جری جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ساحر شمشاد، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر اسٹاف اور نیول چیف کا اپنی طرف سے اور پوری قوم کی طرف سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ چیف آف ائیر اسٹاف اور ان کے شاہینوں کو گرم جوشی سے شاباش دیتا ہوں، انہوں نے ہمارے سر فخر سے بلندکردیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہید ارتضٰی عباس ایسا پھول تھا جو کھلنے سے پہلے مرجھا گیا، ہر شہیدکی ماں کے صبرکو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے بچوں کو وطن پر قربان کردیا، ملک بھرکی سیاسی قیادت اور پارلیمان کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہوں، سیاسی قائدین نے بے مثال اتحادکا مظاہرہ کیا۔ اپنے قائد نواز شریف اور صدرمملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ مشاورت کا شکریہ ادا کرتا ہوں،صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی شکریہ جنہوں نے بھارت کی جعلی خبروں کا مقابلہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے کیا۔

وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں ڈونلڈ ٹرمپ، محمد بن سلمان، محمد بن زاید، شیخ تمیم اور رجب طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ، قطر، برطانیہ و دیگر دوست ممالک نے جنگ بندی کوششوں میں کردار ادا کیا، دوست ممالک نے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی اور بھرپور ساتھ دیا، میں بطور خاص چین کا شکریہ ادا نہ کروں تو آج کی یہ تقریر ادھوری رہےگی، چین نے پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں ہر مشکل گھڑی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم نےکہا کہ ہم نے ذمہ دار ریاست کے طور پر جنگ بندی کا مثبت جواب دیا ہے،کامل یقین ہےکہ جموں و کشمیر سمیت تمام حل طلب مسائل کے حل کے لیے پرامن مذاکرات کا راستہ اپنایا جائےگا۔

سیزفائر کو خطے میں امن و استحکام کے مفاد میں قبول کیا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بھارت جنگ بندی سے متعلق ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں شہبازشریف کاکہنا تھاکہ ہم صدر ٹرمپ کی قیادت اور خطے میں امن کے لیے ان کے فعال کردار پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اس نتیجے کو ہم نے خطے میں امن و استحکام کے مفاد میں قبول کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نائب صدر اور وزیر خارجہ کا بھی جنوبی ایشیا میں امن کے لیے خدمات پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ پیش رفت ان مسائل کے حل کے لیے ایک نئے آغاز کی علامت ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ ان مسائل نے طویل عرصے سے خطے کو متاثر کیا اور امن، خوشحالی اور استحکام کی راہ میں رکاوٹ ڈالی۔

خیال رہے کہ بھارت کی جارحیت پر پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا اور آپریشن بُنْيَان مَّرْصُوْص ( آہنی دیوار) کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔

آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ائیر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کیا، بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلواڑا ائیر فیلڈز بھی تباہ کیں۔

پاکستانی فتح 1 میزائل سسٹم کے ذریعے متعدد بھارتی اہداف کو نشانہ بنایا، آدم پور میں پاک فوج نے جے ایف 17 تھنڈر سے بھارتی ائیر بیس پر ہائپر سونک میزائل سے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا ائیر ڈیفنس سسٹم ایس 400 تباہ کردیا۔ پاک فوج نے میزائل لے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کی ویڈیو جاری کردی۔

پاکستان کی جوابی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جندی بندی ہوگئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے