وزیراعظم کا شہداء کیلئے ایک کروڑ کے پیکج کا اعلان، آرمی چیف کا سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ

وزیراعظم کا معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کیلئے پیکج کا اعلان، ورثا کو ایک کروڑ ملیں گے

وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کیلئے شہدا پیکج کا اعلان کردیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھارتی حملوں سے متاثرہ افراد اور املاک کیلئے بڑے فیصلے کیے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق شہدا پیکج کے تحت معرکہ حق میں شہید شہریوں کے ورثا کی 1 کروڑ روپے مالی معاونت کی جائے گی اور زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک مکمل تنخواہ اور الاؤنسز جاری رہیں گی، پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی اور ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کیلئے 10 لاکھ روپے میرج گرانٹ دی جائے گی۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاک افواج کے زخمیوں کو 20 لاکھ سے 50 لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ بھارتی حملے میں متاثر گھروں اور مساجد کی تعمیر وفاقی حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے بچوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ فرض پورا کریں گے، معرکہ حق کے زخمیوں کے علاج کا تمام خرچ وفاقی حکومت اٹھائے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھاکہ پاکستان کے دفاع کیلئے خدمات سر انجام دینے والوں کا اعتراف قومی سطح پر کیا جائے گا اور دفاع پاکستان میں کسی بھی محاذ پر خدمات سر انجام دینے والوں کواعزازات سے نوازا جائے گا۔

آرمی چیف کا سی ایم ایچ پنڈی کا دورہ، زخمی جوانوں اورشہریوں کی خیریت دریافت کی

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکا کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا اور زخمی فوجی جوانوں اورشہریوں کی خیریت دریافت کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ آرمی چیف نے معرکہ حق میں زخمی اہلکاروں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور جوانوں کی غیرمعمولی بہادری اور فرض شناسی کو سراہا۔

آرمی چیف نے مسلح افواج کی جانب سے زخمیوں کی مستقل دیکھ بھال، بحالی اورفلاح وبہبود کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہمارے شہریوں اورسپاہیوں کی بہادری اورقربانی پاکستان کی سلامتی کی بنیاد ہے، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ہرفرد کے ساتھ پُرعزم یکجہتی کیساتھ کھڑی ہے۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ دشمن کی کوئی بھی سازش پاکستان کی مسلح افواج کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتی، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران متحد اور پُرعزم ردعمل سامنےآیا، یہ ردعمل عوام کی ثابت قدم حمایت کے ساتھ ملک کی عسکری تاریخ کا ایک فیصلہ کن باب بن چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے