اللّٰہ تعالیٰ نے انسان کو رشتوں کی لڑی میں پرو دیا ہے۔ ہر رشتہ اپنی جگہ خاص اور انمول ہے، مگر بھائی ایک ایسا رشتہ ہے جس میں محبت، تحفظ، قربانی، ہمدردی اور بے لوث خلوص یکجا ہو کر ایک نایاب جذبہ بن جاتے ہیں۔ بھائی وہ ہوتا ہے جو بچپن کی شرارتوں میں ساتھی، مشکل وقت میں سائبان، اور کامیابیوں کے سفر میں حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہوتا ہے۔
بھائیوں کے رشتے میں اللّٰہ تعالیٰ نے محبت گھول گھول کر بھر دی ہے۔ یہ رشتہ صرف خون کا نہیں ہوتا بلکہ روح کی گہرائیوں سے جُڑا ہوتا ہے۔ ایک بھائی کا درد دوسرے بھائی کے دل میں گونجتا ہے، ایک کی خوشی دوسرے کی مسکراہٹ بن جاتی ہے۔ جب دنیا منہ موڑتی ہے، تب بھائی کندھا دیتا ہے۔ وہ چھوٹے سے چھوٹے لمحے کو یاد رکھتا ہے اور بڑے سے بڑے غم میں دیوار بن کر کھڑا ہو جاتا ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ برادرز ڈے 24 مئی کو منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بھائی کے رشتے کی عظمت کو اجاگر کرنا، اس کی اہمیت کو تسلیم کرنا اور عوامی شعور بیدار کرنا ہے۔ اس دن لوگ اپنے بھائیوں کو تحائف دے کر، محبت بھرے پیغامات دے کر اور وقت گزار کر اس رشتے کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
ہر رشتے کو وقت دینا پڑتا ہے۔ موجودہ دور میں ہمارے معاشرے میں کئی نوجوان دوستوں کو تو وقت دیتے ہیں، گھنٹوں ان کے ساتھ بیٹھتے ہیں، ان کی باتیں سنتے ہیں، ہنستے کھیلتے ہیں، لیکن حقیقی بھائی کے لیے ان کے پاس وقت نہیں ہوتا۔ یہ رویہ نہ صرف قابلِ افسوس ہے بلکہ قابلِ مزمت بھی ہے۔
بھائی وہ ہوتا ہے جو بچپن کا گواہ ہوتا ہے، جو ماں کی گود میں ساتھ بیٹھ کر پلا بڑھا ہوتا ہے، جس نے ہماری ہر کامیابی پر خوشی سے تالیاں بجائی ہوتی ہیں۔ اگر آپ باہر کی دنیا میں اچھے رویے سے پیش آنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اپنے سگے بھائی سے بدزبانی کرتے ہیں، اسے طنز کا نشانہ بناتے ہیں، تو آپ کو اپنے کردار اور اخلاق پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے، جس کا مفہوم ہے: تم میں سب سے اچھے اخلاق والا وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے ساتھ اچھے اخلاق سے پیش آئے۔
اگر گھر میں آپ کا رویہ سخت، بدتمیز، اور سرد مہری سے بھرا ہوا ہے، لیکن باہر آپ نرم لہجے اور خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہیں، تو یہ صرف ایک ظاہری پردہ ہے۔
اصل اخلاق وہی ہے جو آپ گھر میں اپناتے ہیں، جہاں کوئی دکھاوا نہیں، صرف حقیقت ہوتی ہے۔
حقیقی بھائیوں سے محبت سے پیش آئیں، کیونکہ یہ رشتہ محض خونی رشتہ نہیں بلکہ دلوں کا تعلق، زندگی کا سہارا اور بچپن کی یادوں کا سنگم ہوتا ہے۔ اگر آپ بڑے بھائی ہیں، تو چھوٹے بھائیوں کے لیے آپ صرف بھائی نہیں بلکہ والد کے بعد ایک راہنما، محافظ، اور محبت بھرا سایا ہیں۔ ان کے کندھوں پر شفقت سے ہاتھ رکھیں، ان کی بات توجہ سے سنیں، ان کے خوابوں اور جذبوں کی قدر کریں، اور جب وہ زندگی میں کسی الجھن کا شکار ہوں تو ان کا سہارا بنیں۔
اور اگر آپ چھوٹے بھائی ہیں، تو بڑے بھائیوں کا ادب کریں، ان کی عزت دل سے کریں۔ ان کے تجربات سے سیکھیں، ان کے فیصلوں میں ان کا ساتھ دیں۔ اگر کبھی بڑے بھائی کسی وجہ سے ڈانٹ دیں اور آپ کو اختلاف ہو بھی جائے تو آپ کا انداز مؤدبانہ ہونا چاہیے، جیسے والدین سے گفتگو کرتے وقت ہوتا ہے۔ بڑے بھائی کی شخصیت، مزاج، اور رائے کا احترام کرنا آپ کے اخلاق کا عکس ہے۔ ان کے سامنے اونچی آواز سے بات نہ کریں، ان کے ساتھ مشورہ کریں اور ان کی بات کو اہمیت دیں۔
یاد رکھیں! بھائیوں کے درمیان محبت، ادب، اور اعتماد کا رشتہ جتنا مضبوط ہو گا، اتنی ہی زندگی کی راہیں آسان ہو جائیں گی۔ بھائی اگر آپس میں متحد ہوں، تو دنیا کی کوئی طاقت انہیں کمزور نہیں کر سکتی۔ رنجشوں کو دیرپا نہ بنائیں، فاصلوں کو کم کریں، اور بھائی چارے کی اس لافانی طاقت کو پہچانیں، کیونکہ یہ وہ رشتہ ہے جو خوشی کو دوگنا اور دکھ کو آدھا کر دیتا ہے۔
بہنوں کے لیے بھائی شجر سایہ دار کی مانند ہوتے ہیں، جو ہر دکھ، ہر پریشانی اور ہر موسم میں ان کے لیے تحفظ اور سکون کا باعث بنتے ہیں۔ وہ بہنوں کی خوشیوں پر خوش اور غموں پر بے چین ہو جاتے ہیں۔ ان کی حفاظت، عزت اور راحت کے لیے ہر قدم پر کھڑے نظر آتے ہیں۔ بھائی کا وجود بہن کے لیے حوصلہ، محبت اور اعتماد کی علامت ہوتا ہے۔
بھائی صرف رشتہ نہیں، ایک نعمت ہے۔ اس نعمت کی قدر کریں، اپنے بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ حُسن سلوک اختیار کریں، کیونکہ وقت آسان ہو یا مشکل گزر جاتا ہے، لمحات پلٹ کر نہیں آتے، اور بعض اوقات خالی کرسیاں، خالی گھر ہمیں وہ پچھتاوا دے جاتی ہیں جو ساری عمر ہمارے ذہن کا بوجھ بن جاتے ہیں۔
بھائیوں کے درمیان وقتی ناراضگیاں، چھوٹے موٹے جھگڑے یا غصہ آ جانا فطری بات ہے۔ لیکن یہ رشتہ ایسا نہیں جو ٹوٹ جائے۔ بھائی کی تکلیف، دوسرے بھائی کو بےچین کر دیتی ہے۔ اختلاف رائے ہو سکتا ہے لیکن اختلاف کو دشمنی میں تبدیل نہ کریں۔ تعلق کو مضبوطی سے تھامے رکھیں، کیونکہ یہی بھائی چارہ، یہی اتحاد آپ کو ہر مشکل سے نکال سکتا ہے۔
یاد رکھیں! بھائی کا ساتھ ہو تو زندگی کی سختیاں آسان ہو جاتی ہیں، اور جو بھائی متحد رہتے ہیں، دنیا کی کوئی طاقت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ اس بھائی چارے کو مضبوط کریں، اس پر فخر کریں، اور اپنے بھائیوں کو وہ مقام دیں جس کے وہ حق دار ہیں۔ اللّٰہ تعالیٰ سب کو ایک وفادار، محبت کرنے والا اور دعاؤں میں یاد رکھنے والا بھائی عطا کرے۔ جن کے بھائی اس دنیا میں موجود ہیں، اللہ تعالیٰ ان کے دلوں میں محبت بھر دے اور انہیں آپس میں شیر و شکر کر دے۔
آمین یا رب العالمین