فری لانسنگ کا سفر – جدوجہد سے کامیابی تک

جب میں نے فری لانسنگ کی دنیا میں قدم رکھا، تو مجھے ایسا لگا جیسے یہ ایک نئی دنیا ہے، جس میں صرف ہنر چاہیے اور پھر کامیابی خود بخود قدم چومے گی۔ مگر حقیقت اس سے کہیں زیادہ مختلف اور مشکل تھی۔ شروعات میں میرے ذہن میں سب سے بڑا سوال یہی تھا کہ آخر میں کون سی مہارت سیکھوں؟ اتنے سارے کورسز، اتنے سارے انسٹرکٹرز، اتنے شعبے — گرافک ڈیزائن، ویب ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ — ہر طرف معلومات کا سیلاب تھا، لیکن سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کہاں سے آغاز کروں۔

اسی دوران مجھے عمران علی دینا سر کی کلاسز ملیں، جنہوں نے نہ صرف سکھایا بلکہ حوصلہ بھی دیا۔ ان کی رہنمائی نے میری سمت متعین کی اور میں نے ڈیزائننگ کی طرف پہلا قدم رکھا۔ ساتھ ہی Digiskills کا فری لانسنگ کورس بھی مکمل کیا، جس سے مجھے پلیٹ فارمز کی بنیادی معلومات حاصل ہوئیں۔ لیکن جیسے ہی میں نے عملی میدان میں قدم رکھا، میرا سامنا اس تلخ حقیقت سے ہوا کہ سیکھ لینا ایک بات ہے، اور خود کو منوانا بالکل دوسری۔

میں نے Fiverr، Upwork، Freelancer.com، PeoplePerHour جیسے تمام بڑے پلیٹ فارمز پر اکاؤنٹ بنائے۔ دل میں خیال تھا کہ اب کلائنٹس آئیں گے، آرڈرز ملیں گے اور میں کمانا شروع کر دوں گا۔ لیکن وقت گزرتا گیا اور کوئی کلائنٹ نہ آیا۔ بےچینی اور مایوسی بڑھتی گئی۔ مجھے لگنے لگا شاید یہ سب ایک فریب ہے، شاید کامیاب لوگوں کی کہانیاں جھوٹی ہیں، شاید میرے اندر ہی کوئی کمی ہے۔ اس کنفیوژن نے مجھے کئی راتیں بے چین رکھا۔ میں نے خود سے سوال کیا کہ کیا واقعی میں اس راہ پر چل سکتا ہوں؟

اسی اضطراب میں میں نے فیصلہ کیا کہ ایک نئی مہارت سیکھوں، شاید اس سے کوئی تبدیلی آئے۔ تب میں نے ویب ڈویلپمنٹ کی طرف رخ کیا۔ ورڈ پریس، HTML، CSS، جاوا اسکرپٹ — یہ سب کچھ سیکھنے میں وقت لگایا۔ میں نے آن لائن کورسز کیے، چھوٹے موٹے پروجیکٹس خود سے بنائے، مگر مسئلہ وہی رہا: کلائنٹس کہاں ہیں؟ جب میں نے پلٹ کر اپنے سفر کو دیکھا، تو مجھے ایک اہم چیز کی کمی کا احساس ہوا — پورٹ فولیو۔

تب جا کے میں نے اپنی محنتوں کو ایک شکل دی، اپنی سیکھنے کی کہانی کو عملی نمونوں میں ڈھالا، فری میں کیے گئے کام، ذاتی پراجیکٹس، تمام چیزوں کو یکجا کر کے ایک مؤثر اور پیشہ ورانہ پورٹ فولیو تیار کیا۔ اور پھر فروری 2022 وہ مہینہ تھا، جب میری محنت رنگ لائی اور مجھے پہلا کلائنٹ ملا۔ وہ ایک ویب سائٹ بنوانا چاہتے تھے۔ میں نے پوری توجہ اور لگن سے کام کیا، انہوں نے تبدیلیاں مانگیں، میں نے خوش دلی سے کیں۔ آخر کار، انہوں نے کہا، "تم نئے ہو، ہے نا؟” میں نے مسکرا کر کہا، "جی، بالکل!” انہوں نے مجھے مشورہ دیا: "کمیونیکیشن بہتر کرو، سکلز پر مزید محنت کرو۔” وہ الفاظ میرے دل پر نقش ہو گئے۔

میں نے اس مشورے کو اپنے سفر کی سمت بنا لیا۔ مزید کورسز کیے، پیچیدہ مسائل پر خود کو آزمایا، اور ایسے پراجیکٹس بنائے جو مجھے مزید تجربہ دے سکیں۔ دو ماہ بعد دوسرا کلائنٹ ملا، اور اب کہانی آگے بڑھنے لگی۔ ہر نئے کلائنٹ کے ساتھ میری سمجھ، اعتماد، اور مہارت میں اضافہ ہوتا گیا۔

فری لانسنگ کی راہ میں سب سے بڑا سبق یہ تھا کہ صرف سیکھ لینا کافی نہیں، اس مہارت میں ماہر بننا پڑتا ہے۔ جب تک آپ اپنی سروسز میں اعتماد، مضبوط پورٹ فولیو، اور مؤثر کمیونیکیشن نہیں لائیں گے، تب تک کلائنٹ آپ کو نہیں پہچانیں گے۔ پلیٹ فارمز پر صرف اکاؤنٹ بنانا کامیابی نہیں، بلکہ ان کو اپڈیٹ رکھنا، فعال رہنا، اپنی سروسز کو نمایاں انداز میں پیش کرنا اور کلائنٹس سے رابطے میں رہنا — یہ سب مسلسل محنت کا تقاضا کرتے ہیں۔

یہ بھی سیکھا کہ کامیابی راتوں رات نہیں ملتی۔ یہ صبر، مسلسل سیکھنے، خود کو بہتر بنانے، اور ناکامیوں سے نہ گھبرانے کا نام ہے۔ جو لوگ سوچتے ہیں کہ فری لانسنگ کا کورس مکمل کرتے ہی ڈالر برسنا شروع ہو جائیں گے، وہ حقیقت سے ناآشنا ہیں۔ اصل امتحان اس کے بعد شروع ہوتا ہے۔

آج الحمدللہ، میں کئی پراجیکٹس مکمل کر چکا ہوں، کلائنٹس کے ساتھ اعتماد کا رشتہ قائم ہو چکا ہے، اور ایک سافٹ ویئر ہاؤس کے ساتھ بطور ریموٹ ویب ڈویلپر کام کر رہا ہوں۔ یہ سب کچھ ممکن ہوا مسلسل جدوجہد، ٹھوکر کھانے، سبق لینے، اور خود کو ہر دن بہتر بنانے سے۔

میری یہ کہانی ان تمام نئے فری لانسرز کے لیے ہے جو شروعاتی مشکلات سے دوچار ہیں۔ یاد رکھیں، ہر کامیاب شخص کی ایک ناکامیوں سے بھری ہوئی داستان ہوتی ہے۔ بس ہمت نہ ہاریں، سیکھتے رہیں، عمل کرتے رہیں، اور ایک دن آپ کی محنت ضرور رنگ لائے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے