ایران نے موساد کیلئے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کوپھانسی دیدی
ایرانی خبر ایجنسی فارس نے تصدیق کی کہ ایران میں موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار شخص کو پھانسی دی گئی ہے۔
ایجنسی کے مطابق جاسوسی کے الزام میں پھانسی پر چڑھائے گئے شخص کا نام اسماعیل فکری ہے۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اسماعیل فکری کو پیر کی صبح پھانسی دی گئی جب کہ اسے دسمبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
ایران نے الزام لگایا کہ اسماعیل فکری موساد کے 2 ایجنٹس سے رابطے میں تھا اور انہیں انٹیلی جنس معلومات فراہم کررہا تھا۔
واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں پھانسی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔
اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت پر امریکا کے ری پبلکن حلقوں میں بھی تنقید
اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت پر امریکا کے ری پبلکن حلقوں میں بھی تنقید شروع ہوگئی ہے۔
ری پبلکن سینیٹر رینڈ پال نے کہا کہ امریکی عوام نے امریکا کی مسلسل جنگوں سے تنگ آکر ٹرمپ کو ووٹ دیا، ٹرمپ امریکا فرسٹ کا اصول سامنے رکھیں اور دوسرے ملکوں کی جنگوں میں شامل نہ ہوں۔
ری پبلکن رکن کانگریس مارجری ٹیلر گرین نے بھی اس کی مخالفت کی۔
اس کے علاوہ امریکی مبصر اینا کسپاریان ایک اسرائیلی خاتون مبصر پر پھٹ پڑیں اورکہا اسرائیل لڑنا چاہتا ہے تو خود لڑ لے، ہم امریکیوں کے ٹیکس کی رقم پر اسرائیل کے لیے اپنے شہری نہیں مروائیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں شامل ہوسکتا ہے۔
ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل ہیں: اسرائیلی مشیر قومی سلامتی
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے مشیر قومی سلامتی زاچی ہنیبی نے کہا کہ ایران کے ساتھ موجودہ لڑائی کوئی ایسی جنگ نہیں جو طویل مدت کے لیے ایرانی خطرے کو ختم کردے۔
اسرائیلی مشیر نے کہا کہ ایران کے پاس اب بھی ہزاروں کی تعداد میں بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔
یاد رہے کہ چند دن قبل بھی زاچی ہنیبی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو فوجی مہم سے مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جا سکتا۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجی تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ سیکڑوں میزائل فائر کرنے کے باوجود اب بھی ایران کے پاس 1500 سے 2000 میزائل موجود ہیں۔
ایران کے ساتھ تنازع میں اسرائیل کی مدد کرسکتے ہیں، برطانوی وزیر خزانہ
برطانوی وزیر خزانہ ریچل ریویس نے کہاہے کہ برطانیہ ممکنہ طورپرایران کےساتھ تنازع میں اسرائیل کی مدد کرسکتاہے۔
ریچل ریویس نے کہاکہ مشرق وسطیٰ میں اضافی جنگی طیاروں کی منتقلی کا فیصلہ برطانوی مراکز اورعملےکےتحفظ کےلیےکیاگیا تھا۔
برطانوی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم جنگی سازوسامان اپنی اور اپنےاتحادیوں دونوں کی ممکنہ مدد کےلیے بھیج رہےہیں۔
اس کے علاوہ برطانیہ کی وزارت خارجہ نےاسرائیل کا سفر نہ کرنے کی ٹریول گائیڈ بھی جاری کردی ہے۔
‘ہم ایرانی قیادت اور عوام کیساتھ کھڑے ہیں’ : حماس کا اعلان
الجزیرہ کے مطابق حماس کے مسلح ونگ، القسام بریگیڈز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ جنگ میں ایران کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
القسام بریگیڈز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم ایران، اس کی قیادت اور اس کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
حماس کے عسکری ونگ نے اسرائیلی حملوں میں اعلیٰ ایرانی فوجی کمانڈروں اور عام شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا۔
القسام بریگیڈز نے اسرائیلی حملوں کے جواب میں ایرانی ردعمل پر کہا کہ ایران نے اسرائیل کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔
القسام بریگیڈز نے ایرانی رہنماؤں کے فلسطینی کاز اور مزاحمت کی حمایت میں تاریخی اور فیصلہ کن کردار کو بھی سراہا۔
ایران کا صبح سویرے اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ
ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر بڑا حملہ کرتے ہوئے 100 کے قریب میزائل داغ دیے جس میں 5 اسرائیلی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حیفہ میں ایران کے میزائل حملوں میں پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی ، حیفہ پاور پلانٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی۔
تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکے سنے گئے۔ اسرائیل کے دفاعی نظام نے کئی حملوں کو فضا میں ناکام بنانے کی کوشش کی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور حیفہ پر ایران کے تازہ میزائل حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
واضح رہے کہ اتوار کی رات بھی ایران نے اسرائیل کے متعدد مقامات پر میزائل حملے کئے تھے جس میں کئی عمارتیں متاثر ہوئی تھیں۔حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ایرانی میڈیا کا اسرائیل کے بن گورین ائیر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ
ایرانی میڈیا نے اسرائیل کے بن گورین ائیر پورٹ پر میزائل حملے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ اسرائیلی فضائیہ نے بھی ایران سے آنے والے متعدد ڈرونز کومار گرانے کا دعویٰ کیا۔
اس سے پہلے جمعہ کی رات سے ایران کے جوابی میزائل حملوں سے تل ابیب، حیفہ، تامرا، قیصریہ سمیت کئی اسرائیلی شہروں میں تباہی ہوئی، کئی عمارتیں کھنڈر بن گئیں،حملوں میں 14 افراد ہلاک، 300سے زیادہ زخمی ہوئے۔
اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افراد شہید ہو چکے: ایرانی وزارت صحت
اسرائیل کی جانب سے جمعہ کو ایران پر حملہ کرکے باقاعدہ جنگ کا آغاز کیا گیا۔
اسرائیل نے جمعہ کی صبح ایران پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے جن میں ایرانی جوہری تنصیبات اور اعلیٰ فوجی اسفران کا نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی حملوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی ایرانی فوج کے چیف آف اسٹاف جنرل باقری ، ختم الانبیا ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد اور دیگر سینئر افسران شہید ہوگئے۔
ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افرادشہید ہو چکے ہیں جن میں سائنسدان بھی شامل ہیں۔
ایرانی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہیدہونے والوں میں 90 فیصد عام شہری ہیں۔
ایران نے اسرائیلی حملوں کے دوران جنگ بندی مذاکرات سے انکار کر دیا
ایران نے اسرائیلی حملوں کے دوران جنگ بندی مذاکرات سے انکار کرتے ہوئے ثالث قطر اور عمان کو آگاہ کر دیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایران نے ثالثی کے کردار ادا کرنے والے ممالک قطر اور عمان کو واضح طور پر بتا دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے حملوں کے دوران جنگ بندی پر کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔
عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایرانی حکام نے قطری اور عمانی ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ تب ہی سنجیدہ مذاکرات کی طرف بڑھیں گے جب وہ اسرائیل کے پیشگی حملوں کا مکمل جواب دے دیں گے۔
ممکن ہے امریکا ‘اسرائیل ایران جنگ’ میں شامل ہوجائے: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں شامل ہوسکتا ہے۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کی سینیئر صحافی ریچل اسکاٹ سے آف کیمرا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ہم ایران اور اسرائیل کی اس لڑائی میں شامل ہو جائیں، لیکن انہوں نے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت امریکا کسی فوجی کارروائی میں ملوث نہیں ہے۔
اسرائیل کا ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر حملہ
ایران نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی عمارت پر جان بوجھ کر حملہ کیا ہے جس میں کئی شہری زخمی ہوئے ہیں۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ سعید خطیب زادہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک حملے کی ویڈیوجاری کی اور ساتھ لکھا کہ صہیونی حکومت نے ایران کی وزارت خارجہ کی ایک عمارت پر ایک منصوبہ بند اور سفاکانہ حملہ کیا ہے جو انسٹیٹیوٹ فار پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل اسٹڈیز کے بالکل سامنے واقع ہے۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ نے بتایا کہ یہ ویڈیو انسٹیٹیوٹ کی لائبریری کی ہے جسے اس بزدلانہ حملے میں براہ راست نشانہ بنایا گیا۔
عمارت کی کھڑکیاں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں اور فرش پر ملبہ بکھرا ہوا ہے۔