سوات ؛دریائے سوات میں رضاکارانہ امدادی کارروائیوں میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ہلال خان کو سینیٹر روبینہ خالد، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، نے خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلال خان نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دریائے سوات کی خطرناک لہروں میں قیمتی انسانی جانوں کو بچایا اور متعدد ڈوبنے والے افراد کی لاشیں بھی رضاکارانہ طور پر تلاش کیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہلال خان کی بے مثال بہادری اور بے لوث خدمت کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے، اور ہلال خان جیسے ہیرو قوم کا فخر ہیں۔”
سینیٹر روبینہ خالد نے اعلان کیا کہ صدر زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سندھ حکومت سوات میں رضاکاروں کی امدادی کارروائیوں میں بھرپور معاونت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سوات کے رضاکاروں کو ضروری وسائل فراہم کرے گی تاکہ ان کی خدمات مزید مؤثر بنائی جا سکیں۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے ہلال خان کو رضاکارانہ سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے ایک لاکھ روپے کی مالی امداد بھی فراہم کی۔