کوئٹہ – اطلاعات کے مطابق بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی رہنما ڈاکٹر مہرنگ بلوچ سمیت متعدد کارکنان کو ہڈہ جیل سے سیول لائنز تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس وقت ڈاکٹر مہرنگ، بیبو اور گلزادی سیول لائنز تھانے میں زیرِ حراست ہیں، جبکہ تین دیگر مرد رہنماؤں کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔
سیول لائنز تھانہ مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور اہلِ خانہ کو اپنے پیاروں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ زیرِ حراست افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں اور شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اہلِ خانہ اور قانونی نمائندوں کو ملاقات کی اجازت دی جائے اور زیرِ حراست رہنماؤں کی خیریت کے بارے میں شفاف معلومات فراہم کی جائیں۔