جنوبی وزیرستان؛ بدامنی کے خلاف عظیم الشان قومی جرگہ، ہزاروں قبائلیوں کی شرکت، امن کے قیام پر زور

جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل مکین میں بدامنی کے خلاف اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک تاریخی قومی جرگہ منعقد کیا گیا، جس میں جنوبی وزیرستان آپر/لوئر، شمالی وزیرستان اور بیٹنی قبائل کے ہزاروں عمائدین، نوجوانوں، مشران اور مختلف مکاتبِ فکر کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

جرگے کے شرکاء نے علاقائی بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مزید خونریزی، بے یقینی اور خوف کا ماحول برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

مقررین نے متفقہ طور پر اس بات پر زور دیا کہ قبائلی عوام اپنے مسائل کا حل صرف باہمی اتحاد، جرگہ سسٹم اور پرامن کوششوں کے ذریعے ہی نکال سکتے ہیں۔

جرگے میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ عوامی شمولیت کے ساتھ امن و امان کی بحالی کے لیے تمام وسائل اور روایتی قبائلی ڈھانچے کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔

شرکاء نے حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ علاقے میں پائیدار امن کے لیے قبائلیوں کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

جرگے کے اختتام پر ایک 45 رکنی امن کمیٹی تشکیل دی گئی، جو جنوبی وزیرستان لوئر اور شمالی وزیرستان کے علاقے اسدخیل میں آئندہ ہونے والے جرگوں میں شرکت کرے گی۔ اس جرگے کی تسلسل میں ایک بڑا مشترکہ امن جرگہ تشکیل دیا جائے گا جس میں محسود اور وزیر قبائل کی شمولیت سے باقاعدہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

مقررین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی عوام کی اس سنجیدہ کوشش کو اہمیت دی جائے اور ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے تاکہ علاقہ ترقی اور امن کی جانب گامزن ہو سکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے