90 روز کی تحریک کا آغاز ہوچکا، حکومت رہے نا رہے ہم آر یا پار کریں گے: گنڈا پور

پاکستان تحریک انصاف نے 90 روز کی تحریک کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہم اس تحریک میں آر یا پار کریں گے، حکومت میں رہیں یا نا رہیں ہمیں اس سے فرق نہیں پڑتا لیکن ہم ملک کے کونے کونے میں جائیں گے اور عوام کو متحرک کریں گے۔

لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا عمران خان نے قوم کو شعور دیا، انہوں نے پاکستان کی آزادی اور خود مختاری کی بات کی، ہمارے خلاف اب بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں، عمران خان کے خلاف کیسز نہیں چلائے جا رہے کیونکہ ان کے خلاف کوئی کیس ہی نہیں ہے۔

علی امین گنڈا پور کا ریاستی اداروں کا جو کام ہے وہ اسے چھوڑ کو دوسرے کاموں پر لگ گئے ہیں، بدقسمتی سے ریاستی ادارے سرحدوں کو چھوڑ کر تحریک انصاف کے پیچھے پڑ گئے ہیں، آپ ملک کو کس طرف لیکر جانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک مافیا کا سیٹ اپ بن چکا ہے، ریاستی ادارے ملک میں حکومتیں بنانے، چلانے اور گرانے میں مصروف ہیں، میں خود ایک فوجی کا بیٹا اور بھائی ہوں لیکن ریاستی اداروں کے ریوں سے ہمارے اداروں کی بدنامی ہو رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا عمران خان نے خود پر ہونے والے تمام مظالم کے باوجود واضح طور پر کہا ہے کہ میں پاکستان کے لیے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہوں لیکن انہوں نے واضح کیا ہے کہ بات صرف ان لوگوں سے ہوگی جن کے پاس اختیارات ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا ریاستی ادارے اپنی غلطی مانیں، آئیں ہمارے ساتھ دلائل کے ساتھ بات کریں اور اگر ہماری غلطی ہے تو ہم سزا کے لیے تیار ہیں لیکن پھر ہر کسی کو غلطی پر جوابدہ ہونا پڑے گا اور پھر ہر کسی کو سزا ملے گی، ملک کا قانون سب کے لیے ایک جیسا ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا عمران خان کی ہدایت پر کل سے 90 روز کی تحریک کا آغاز ہو چکا ہے، تحریک کی قیادت خود عمران خان کریں گے اور ہم ان کے احکامات کے پابند ہیں، ہم اس تحریک کو پاکستان کے ہر گلی، کوچے، محلے اور شہر تک لیکر جائیں گے، ہم آر یا پار کریں گے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہماری حکومت رہتی ہے نہیں رہتی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے