امریکی ریاست الینوائے میں ایک بھارتی خاتون کو ٹارگٹ اسٹور سے مبینہ طور پر 1300 ڈالر مالیت کی اشیاء چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی حال ہی میں سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں خاتون کی گرفتاری دیکھی جاسکتی ہے۔
فوٹیج پر موجود ٹائم اسٹیمپ کے مطابق یہ واقعہ اس سال یکم مئی کو پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق ملزمہ اننتا اوولانی ایک اسٹور سے 1300 ڈالر (3 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) کا سامان چوری کرتے ہوئے پکڑی گئی۔
خاتون کی جانب سے 7 گھنٹے سے زیادہ خریداری کرنے کے بعد اسٹور کے عملے کو شک ہوا اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
ایک خاتون افسر، دو مرد ساتھیوں کے ساتھ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور خاتون سے 4 گھنٹے سے زائد پوچھ گچھ کی۔
ویڈیو میں ملزمہ کو پولیس سے التجا کرتے سنا گیا کہ اس کے پاس ان اشیاء کی ادائیگی کے لیے پیسے ہیں۔
خاتون افسر نے جواب دیا کہ مجھے معلوم ہے آپ شرمندہ ہیں اور ابھی ادائیگی کرنے کو تیار ہیں لیکن آپ پہلے ادائیگی نہیں کرنا چاہتی تھیں لہٰذا مجھے آپ کی آئی ڈی کی ضرورت ہے۔
تاہم ملزمہ کی التجا اور فوری ادائیگی کی پیشکش کے باوجود اسے گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔