جنوبی وزیرستان اپر سے ایک تشویشناک خبر سامنے آئی ہے جہاں 2 مختلف تھانوں سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 7 پولیس اہلکار لاپتہ ہو گئے ہیں۔
ضلعی پولیس افسر (ڈی پی او) جنوبی وزیرستان ارشد خان کے مطابق، تھانہ لدھا کی حدود میں پیٹرولنگ پر مامور 3 اہلکار اچانک لاپتہ ہو گئے۔ ان اہلکاروں کی شناخت انصاف، عابد اور اسماعیل کے ناموں سے ہوئی ہے۔
اسی طرح، تھانہ سروکئی کی حدود میں واقع علاقے تانگہ چگملائی سے 4 مزید پولیس اہلکار لاپتہ ہو گئے، جن میں سب انسپکٹر (ایس آئی) عبد الخالق، سپاہی عرفان اللہ، سپاہی حبیب اللہ اور سپاہی عمران شامل ہیں۔
ڈی پی او ارشد خان نے بتایا کہ لاپتہ اہلکاروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، تاہم تاحال ان کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں مل سکی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
یہ واقعہ سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ کے لیے لمحہ فکریہ بن چکا ہے، جبکہ عوامی سطح پر بھی اس واقعے پر تشویش پائی جا رہی ہے۔