خاندان، سماج اور جدید زندگی

ہم ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جو بظاہر بہت ترقی یافتہ نظر آتی ہے۔ ٹیکنالوجی نے انسانوں کو چند سیکنڈز میں آپس میں جوڑ دیا ہے، علم کے دروازے کھل چکے ہیں، اور ہر فرد اپنی تعلیم، پیشہ، اور خوابوں کی تکمیل کے سفر میں مصروف ہے۔ لیکن اس ترقی، مصروفیت، اور خودمختاری کی چمک میں ہم جس شے کو خاموشی سے کھو رہے ہیں، وہ ہے ہمارے خاندان سے جذباتی جڑت۔ ایسا نہیں کہ ہم اپنے عزیزوں سے محبت کرنا چھوڑ چکے ہیں، مگر وقت، ترجیحات، اور طرزِ زندگی نے ہمیں ایک دوسرے سے اندرونی طور پر دور کر دیا ہے۔ ہم ایک ہی چھت کے نیچے ہوتے ہوئے بھی الگ الگ دنیاؤں میں گم ہو چکے ہیں۔

خاندان کسی بھی انسان کی زندگی میں پہلا اور سب سے مؤثر ادارہ ہوتا ہے۔ یہ وہ جگہ ہے جہاں ایک بچہ سب سے پہلے محبت، احساس، صبر، قربانی اور سماجی اقدار سیکھتا ہے۔ قرآن ہمیں یاد دلاتا ہے: "تم میں سب سے بہتر وہ ہے جو اپنے گھر والوں کے لیے بہتر ہو” (ترمذی)۔ یہ حدیث نہ صرف ایک اخلاقی رہنمائی ہے بلکہ ہمیں ہمارے کردار کی اصل پہچان سے روشناس کراتی ہے۔ انسان کا اصل حسن اور مضبوطی اس کے اپنے گھر والوں کے ساتھ سلوک میں جھلکتی ہے۔ اگر ہم باہر کی دنیا میں کامیاب اور مہذب نظر آتے ہیں، مگر اپنے گھر میں رشتوں کو نظر انداز کرتے ہیں، تو یہ کامیابی کھوکھلی ہے۔

سوشیالوجی کے بانیوں میں شمار ہونے والے ایمل ڈرکائم جیسے مفکرین بھی خاندان کو ایک بنیادی سماجی ادارہ مانتے ہیں۔ ڈرکائم کے مطابق، فرد کی شخصیت سازی اور معاشرتی انضمام کی شروعات خاندان سے ہوتی ہے۔ یہی وہ جگہ ہے جہاں ہم سیکھتے ہیں کہ سماج میں کس طرح رہنا ہے، دوسروں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرنا ہے، اور ذمہ داری کس طرح نبھائی جاتی ہے۔ اگر خاندان کمزور ہو جائے تو پورا سماجی ڈھانچہ متزلزل ہونے لگتا ہے۔

ہماری اپنی ثقافت میں بھی خاندان ہمیشہ سے ایک مضبوط ادارہ رہا ہے۔ ماضی میں جوائنٹ فیملی سسٹم رائج تھا، جس میں دادا دادی، نانا نانی، چچا، پھوپھی، سب ایک ہی چھت تلے رہتے، ایک دوسرے کی خوشیوں اور غموں میں شریک ہوتے۔ زندگی اجتماعی طور پر گزرتی، تجربات نسل در نسل منتقل ہوتے، اور ہر فرد کا احساسِ تعلق گہرا ہوتا۔ مگر آج "پرائیویسی”، "آزادی”، اور "سیلف اسپیس” کے نام پر ہم خاندان سے کٹتے جا رہے ہیں۔ نوجوان نسل اکثر خاندانی ذمہ داریوں کو بوجھ سمجھتی ہے، جب کہ حقیقت میں خاندان ہی وہ جگہ ہے جہاں ہمیں بے لوث محبت، غیر مشروط حمایت، اور اصل اپنائیت ملتی ہے۔

جدید ٹیکنالوجی نے ہمیں دنیا سے جوڑ تو دیا ہے، لیکن گھروں کے اندر دلوں کو جدا کر دیا ہے۔ اب ہم گھروں میں ایک ساتھ تو ہوتے ہیں، مگر ہر ایک اپنی اسکرین میں گم ہوتا ہے۔ کھانے کی میز پر خاموشی ہوتی ہے، شام کی گپ شپ اب انسٹاگرام یا واٹس ایپ پر شفٹ ہو چکی ہے، اور وہ جذباتی گفتگو جو رشتوں کو زندگی بخشتی تھی، ختم ہوتی جا رہی ہے۔ ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ ہم ترقی کے ساتھ کیا کھو رہے ہیں؟ کیا یہ ترقی ہمیں تنہائی، اضطراب، اور بے سکونی کی طرف لے جا رہی ہے؟

تحقیقات سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ جن افراد کو خاندان کی طرف سے جذباتی اور عملی سپورٹ حاصل ہوتی ہے، وہ نہ صرف ذہنی طور پر زیادہ متوازن ہوتے ہیں بلکہ ان کی تعلیمی، پیشہ ورانہ اور سماجی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے۔ ایک بین الاقوامی تحقیق جو Journal of Family Psychology میں شائع ہوئی، اس میں بتایا گیا کہ خاندانی ربط (Family Cohesion) بچوں میں خوداعتمادی، بہتر فیصلہ سازی، اور سماجی مہارتوں کو فروغ دیتا ہے۔ اسی طرح عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق، مضبوط خاندانی تعلقات ذہنی بیماریوں جیسے ڈپریشن اور اینزائٹی کے امکانات کو نمایاں طور پر کم کرتے ہیں۔ پاکستان کی جامعات میں کی جانے والی متعدد تحقیقی مطالعات بھی اس بات کی تائید کرتی ہیں کہ خاندان کی طرف سے جذباتی سپورٹ نوجوانوں میں خودکشی کے رجحانات کو کم کرتی ہے، اور ان کے اندر زندگی سے جڑنے کی امید کو فروغ دیتی ہے۔ گویا، خاندان صرف ایک سماجی اکائی نہیں، بلکہ ایک حفاظتی شیلڈ ہے جو انسان کو زندگی کے طوفانوں سے بچاتی ہے۔

اب وقت آ گیا ہے کہ ہم رک کر سنجیدگی سے غور کریں کہ کہیں ہم کامیابی، شہرت، اور آزادی کے نام پر وہ رشتہ تو نہیں کھو رہے جو ہمیں اندر سے مکمل کرتا ہے؟ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جڑوں سے جڑے رہنے کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ترقی نہیں کر سکتے۔ بلکہ مضبوط خاندانی رشتے ہماری کامیابی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ ہمیں یہ سبق اپنے بچوں کو بھی دینا ہوگا، تاکہ آنے والی نسل جذباتی طور پر مضبوط، سماجی طور پر ذمہ دار، اور اندر سے مطمئن ہو۔

آج ہمیں دوبارہ سے چھوٹے چھوٹے اقدامات کی ضرورت ہے: کھانے کے وقت موبائل ایک طرف رکھیں، ماں باپ سے ان کے دن کے بارے میں پوچھیں، بچوں کی باتوں کو توجہ سے سنیں، اور ان رشتوں کی قدر کریں جنہوں نے ہمیشہ بنا کہے ہماری ضرورتوں کو پورا کیا۔ ہم اپنے گھروں میں وہ اپنائیت، گرمجوشی اور محبت واپس لا سکتے ہیں جو کسی دور میں ہماری تہذیب کی پہچان تھی۔ کیونکہ جب زندگی کی دوڑ ختم ہو جائے گی، جب اسٹیٹس اور پوسٹس ماند پڑ جائیں گے، تو جو رشتہ آپ کو تھامے گا، سنبھالے گا، اور آپ کی ذات کو مکمل کرے گا—وہ صرف خاندان ہوگا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے