ماہِ صفر: حقیقت، غلط فہمیاں اور اسلامی تاریخ کی جھلک

ماہِ صفر اسلامی سال کا دوسرا مہینہ ہے جس کے متعلق عوام الناس میں کئی بے بنیاد تصورات، توہمات اور غیر اسلامی رسومات رائج ہو چکی ہیں۔ بعض لوگ اسے منحوس مہینہ کہتے ہیں، بعض شادی بیاہ سے گریز کرتے ہیں، اور کچھ اسے بیماریوں کا موسم گردانتے ہیں۔ تاہم قرآن و حدیث کی روشنی میں ان تمام باتوں کی تردید کی گئی ہے۔

فضائل اور شرعی حیثیت

نبی کریم ﷺ نے فرمایا:
"کوئی بیماری (خود سے) متعدی نہیں ہوتی، بدشگونی کوئی چیز نہیں، الو کی نحوست اور ماہِ صفر کی نحوست کی کوئی حقیقت نہیں۔”
(صحیح بخاری: 5705)

یعنی صفر کو منحوس سمجھنے کا تصور محض عوامی وہم ہے، نہ کہ اسلامی عقیدہ۔

مسنون اعمال

قرآن و حدیث میں صفر کے مہینے سے متعلق کوئی مخصوص عبادت یا نیکی بیان نہیں ہوئی۔ لہٰذا، وہی عبادات کی جائیں جو عام دنوں میں کی جاتی ہیں: نماز، روزہ، تلاوتِ قرآن، نفل، صدقہ، حسنِ اخلاق وغیرہ۔

غیر اسلامی رسومات اور غلط رواج

ماہِ صفر سے متعلق کچھ غلط اور ناجائز رسومات درج ذیل ہیں:

– صفر کے ابتدائی 13 دنوں کو “تیرہ تیزی” کہنا اور نحس سمجھنا
– شادیوں سے گریز
– پرانے برتن توڑنا
– "آخری بدھ” کو صحت کا دن منانا
– تعویذ پہننا، جلوس نکالنا، شیرینی تقسیم کرنا، یا “پوری” کی رسم
یہ تمام اعمال قرآن و سنت کی روشنی میں ممنوع ہیں۔

اہم تاریخی واقعات

✅ 1 صفر
1 صفر 99 ھ / 13 ستمبر 717ء – خلیفہ سلیمان بن عبدالملک کی وفات، حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ خلافت پر فائز ہوئے۔

1 صفر 589 ھ / 6 فروری 1193ء – سلطان صلاح الدین ایوبیؒ کی وفات۔

1 صفر 1419 ھ / 28 مئی 1998ء – پاکستان نے پانچ ایٹمی دھماکے کیے، پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بنا۔

✅ 2 صفر
2 صفر 2 ھ / اگست 623ء – غزوۂ ابواء (ودّان) پیش آیا۔

2 صفر 366 ھ / 6 ستمبر 976ء – امیر حکم بن عبدالرحمن کی وفات۔

✅ 4 صفر
4 صفر 4 ھ / جولائی 625ء – سانحات بئر معونہ اور رجیع پیش آئے۔

✅ 7 صفر
7 صفر 918 ھ / 24 اپریل 1512ء – سلطان سلیم اول خلافت عثمانیہ کے تخت پر فائز ہوئے۔

7 صفر 1400 ھ / 27 دسمبر 1979ء – روس نے افغانستان پر حملہ کیا۔

✅ 9 صفر
9 صفر 656 ھ / 7 فروری 1258ء – ہلاکو خان کا بغداد پر حملہ، خلافت عباسیہ کا خاتمہ، لاکھوں مسلمان شہید۔

✅ 12 صفر
12 صفر 2 ھ / 4 اگست 623ء – کفار کے خلاف قتال کی اجازت نازل ہوئی۔

12 صفر 12 ھ / 17 اپریل 633ء – جنگ نمار: حضرت خالد بن ولیدؓ کی ایرانیوں پر فتح۔

✅ 13 صفر
13 صفر 1359 ھ / 23 مارچ 1940ء – قراردادِ لاہور منظور، قیامِ پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔

✅ 15 صفر
15 فروری 1989ء – روس نے افغانستان سے پسپائی اختیار کی، 10 سالہ جنگ کا اختتام۔

✅ 16 صفر
16 صفر 15 ھ / 30 مارچ 636ء – حضرت سعد بن ابی وقاصؓ قادسیہ پہنچے۔

✅ 17–19 صفر
17–19 صفر 886 ھ / 17–19 اپریل 1481ء – سلطان محمد فاتح کی وفات۔

✅ 25 صفر
25 صفر 20 ھ / 11 فروری 641ء – ہمدان (ایران) فتح ہوا۔

25 صفر 20 ھ / 11 فروری 641ء – حضرت عمرو بن العاصؓ نے مصر کا قلعہ فتح کیا۔

✅ 26 صفر
26 صفر 16 ھ / 29 مارچ 637ء – مدائن فتح ہوا، قصرِ ابیض میں پہلا نماز جمعہ ادا کیا گیا۔

✅ 27 صفر
27 صفر 1037 ھ / 28 اکتوبر 1627ء – مغل بادشاہ جہانگیر کی وفات، لاہور کے شاہدرہ میں دفن۔

27 صفر 1387 ھ / 6 جون 1967ء – چھ روزہ عرب-اسرائیل جنگ کا آغاز۔

✅ صفر (تاریخ غیر متعین)
صفر 180 ھ / 1 اپریل 796ء – امیر اندلس ہشام بن عبدالرحمن اول کی وفات۔

273 ھ / جولائی 886ء – امیر محمد بن عبدالرحمن کی وفات۔

310 ھ / 31 مئی 922ء – واسط (عراق) میں زلزلہ، 1300 دیہات زمین میں دفن ہو گئے۔

صفر 1034 ھ / نومبر 1624ء – مجدد الف ثانی شیخ احمد سرہندیؒ کی وفات۔

صفر 1274 ھ / 21 ستمبر 1857ء – انگریزوں نے دہلی پر قبضہ کر کے بہادر شاہ ظفر کو گرفتار کیا۔

صفر 1324 ھ / اپریل 1906ء – شاہ فیصل بن عبدالعزیز آلِ سعود کی پیدائش۔

صفر 1333 ھ / دسمبر 1914ء – مولانا الطاف حسین حالیؒ کی وفات۔

ماہ صفر نہ منحوس ہے، نہ بیماریوں کا مہینہ، نہ نحوست کا نشان؛ بلکہ اسلامی تاریخ میں یہ عظیم فتوحات، علمی خدمات اور انقلابی تبدیلیوں کا مہینہ ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اس مہینے کو بھی دیگر ایام کی طرح خیر اور نیکی کے ساتھ گزاریں، اور بے بنیاد رسومات سے اجتناب کریں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے